روزہ بے مثال عبادت ، بے شما ر اجروثواب

بسم اللہ الرحمان الرحیم

روزہ ایک ایسی بے مثال عبادت ہے جس کا اجروثواب فرشتوں کو لکھنے کی اجازت نہیں بلکہ اللہ رب العالمین روز قیامت خود ہی روزے دار کو اپنی رحمتوں ،بخشش اور برکتوں سے نوازیں گے۔لہذا اپنی اس قیمتی عبادت کی حفاظت کیجیے اور اسے نقصان دینے والی اشیا سے محفوظ بنائیے۔

روزے کو توڑنے والے امور
1- جماع -2- شہوت کے ساتھ منی کا اخراج 3- کھانا اور پینا 4- سینگی لگوانا 5- عمدا قے کرنا 6- حیض یا نفاس کے خون آنا 7- قوت بخش انجکشن یا ڈرپ لگوانا
1- جماع ۔ (جو شخص روزے کی حالت میں اپنی بیوی سے جماع کر لے تو اسے کفارے میں ایک غلام آزاد کرنا ہوگا ۔ اگر اس کی طاقت نہ ہو تو دو مہینے کے مسلسل روزے رکھنے ہوں گے ۔ اگر روزے نہ رکھ سکتا ہو تو ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلانا ہوگا۔ صحیح بخاری :1936)
2- شہوت کے ساتھ منی کا اخراج (حدیث قدسی ہے ’’روزے دارمیری خاطر اپنا کھانا پینا اور شہوت کو چھوڑتا ہے ، اس لیے میں ہی اس کا اجر وثواب دوں گا‘‘۔ صحیح بخاری : 1984)
اس لیے جو شخص کسی بھی طریقے سے منی خارج کرتا ہے تو اس کا روزہ ٹوٹ جاتا ہے ۔
3- کھانا اور پینا ( ارشاد باری تعالی ہے:تمہارے لئے روزوں کی راتوں میں اپنی بیویوں کے پاس جانا حلال کر دیا گیا ہے، وہ تمہاری پوشاک ہیں اور تم ان کی پوشاک ہو، اﷲ کو معلوم ہے کہ تم اپنے حق میں خیانت کرتے تھے سو اس نے تمہارے حال پر رحم کیا اور تمہیں معاف فرما دیا، پس اب (روزوں کی راتوں میں بیشک) ان سے مباشرت کیا کرو اور جو اﷲ نے تمہارے لئے لکھ دیا ہے چاہا کرو اور کھاتے پیتے رہا کرو یہاں تک کہ تم پر صبح کا سفید ڈورا (رات کے) سیاہ ڈورے سے (الگ ہو کر) نمایاں ہو جائے، پھر روزہ رات (کی آمد) تک پورا کرو،‘‘ البقرۃ:187)
4- سینگی لگوانا (ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے :’’سینگی لگانے اور لگوانے والا روزہ توڑنے والا ہو گیا‘‘۔سنن ابو داود :2367)
البتہ چوٹ لگنے اور دانت نکلوانے کی صورت میں خون نکل آئے تو روزہ نہیں ٹوٹتا ، البتہ خون نگلنے سے بچنا ضروری ہے۔
5- عمدا قے کرنا (ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے :’’ جس شخص پر قے غالب آ جائے اس کے ذمے کوئی قضا نہیں اور جس نے عمدا قے کی تو وہ اس روزے کی قضا دے‘‘۔ جامع الترمذی :720)
6- حیض یا نفاس کا خون آنا (ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم: کیا ایسا نہیں کہ جب عورت کو حیض آتا ہے تو وہ نہ نماز پڑھ سکتی ہے نہ روزہ رکھ سکتی ہے۔‘‘ صحیح بخاری:304)
7- قوت بخش انجکشن یا ڈرپ لگوانا (چونکہ قوت بخش انجکشن اور ڈرپ خوراک کے قائم مقام بن جاتے ہیں اس لیے ان سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے۔ البتہ پنسلین ، انسولین یا مختلف حفاظتی ٹیکوں سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔
نوٹ : اگر روزے دار بھول کر یا جہالت کی بنا پر یا مجبوری کی حالت میں ان امور کا ارتکاب کر بیٹھے تو اس کا روزہ نہیں ٹوٹتا۔
ارشاد باری تعالی ہے: اﷲ کسی جان کو اس کی طاقت سے بڑھ کر تکلیف نہیں دیتا، اس نے جو نیکی کمائی اس کے لئے اس کا اجر ہے اور اس نے جو گناہ کمایا اس پر اس کا عذاب ہے، اے ہمارے رب! اگر ہم بھول جائیںیا خطا کر بیٹھیں تو ہماری گرفت نہ فرما۔ البقرۃ :286
کیونکہ ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے:جو شخص روزے کی حالت میں بھول کر کچھ کھا پی لے تو وہ اپنا روزہ مکمل کر لے ، بلاشبہ اسے اللہ تعالی نے کھلایا اور پلایا ہےـ صحیح مسلم :1155
Muhammad Ajmal Bhatti
About the Author: Muhammad Ajmal Bhatti Read More Articles by Muhammad Ajmal Bhatti: 7 Articles with 8364 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.