دینی مدارس میں داخلے مکمل،تعلیمی سال کاآغاز
(M.Jahan Yaqoob, Karachi)
مدارس کیخلاف اٹھنے والے ہر طوفان کا رخ موڑ دیں گے علمائے کرام
پاکستان کا مستقبل اسلام سے وابستہ ہے،شیخ الحدیث مولانا حنیف جالندھری۔خوف کی فضا سے نکلیں اور تعلیمِ دین کا فریضہ جراء ت کے ساتھ اداکریں،مفتی اعظم پاکستان کاپیغام
دینی طالب علم امن پسندہے دہشت گرد نہیں،اداروں کیلئے ہمارے دروازے کھلے ہیں،مفتی محمد نعیم۔ مدارس کی آزادی پر کسی صورت حرف نہیں آنے دیں گے،مفتی منیب الرحمن
مدارس کے نظام تعلیم میں بورڈ اور یونیورسٹی سطح کے لازمی مضامین بتدریج شامل کرنے کے فیصلے کی اہل مدارس کی جانب سے تحسین وتائید،عملدرآمدمیںغیرضروری تاخیرنہ کرنیکامطالبہ
مدارس میں داخلوں کی تکمیل،نئے تعلیمی سال کا آغاز،اسباق کا سلسلہ شروع،مدارس گنجائش سے زاید داخلے دینے پر مجبور،طلبہ وطالبات کی آمد کاسلسلہ تاحال جاری |
|
دینی مدارس میں داخلوں کی تکمیل کے بعد نئے
تعلیمی سال کا آغاز،باقاعدہ تعلیم کا سلسلہ شروع ہوگیا،گزشتہ سال مدارس
کیخلاف اندرونی وبیرونی پروپیگنڈوں کے باوجودنوجوان بچوں بچیوں کی بڑی
تعدادنے مدارس کا رخ کرلیا،مدارس اپنی گنجائش سے زاید داخلے دینے پر
مجبور،طلبہ وطالبات کی آمد کاسلسلہ تاحال جاری،تمام مدارس انٹری ٹیسٹ میں
کامیاب ہونے والے طلبہ کی ضروری اسناد اور کوائف کی جانچ پڑتال کے بعد
داخلے دے رہے ہیں،نامکمل کوائف والے طلبہ وطالبات سے معذرت،ملک بھر میں
مدارس کے تعلیمی سال کے آغاز پر اپنے بیانات میں علمائے کرام نے کہا ہے کہ
پاکستان اور دینی مدارس لازم و ملزوم ہیں لیکن چند عناصر مدارس کے خلاف
سازشوں میں مصروف ہیں۔ حالانکہ مدارس اسلام اور ملک کے تحفظ کے لئے صف اول
کا کردار ادا کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن یاد رکھیں کہ دینی
مدارس کا ہر طالب علم ملکی دفاع کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے
گا۔ملتان سے ہمارے نمایندے کے مطابق جامعہ خیرالمدارس کے مہتمم وشیخ الحدیث
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل مولانا قاری محمد حنیف
جالندھری نے کہا ہے کہ اتفاق و اتحاد کے ساتھ مدارس کے خلاف اٹھنے والے
طوفان کا رخ موڑ دیں گے، دین دشمن قوتوں کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہ
ہوگا، اہل مدارس تقوی و اخلاص کادامن مضبوطی سے تھامے رکھیں، ملک دشمن
عناصر پر کڑی نظر رکھیں، اور ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہوں،انھوں نے
مزید کہا کہ مساجد اور دینی مدارس شعار اللہ ہیں۔جن کی تعمیر وآبادکاری
ایمان کی نشانی ہے۔پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا ہے۔اور اس کا مستقبل
بھی اسلام سے وابستہ ہے۔انھوں نے کہا کہ مدارس اور وفاق ا لمدارس پاکستان
کے اسلامی نظریہ کے تحفظ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں،انھوں نے
واضح کیا کہ مسجد و مدرسہ کی تعلیم حاصل کرنے والے اللہ کے دوست ہیں۔کیو
نکہ مسجدیں جنتی باغات ہیں ،اور مدرسے محمدی باغات ہیں۔جو انشا اللہ قیامت
تک باقی رہیں گے۔اور علوم نبوت سے عوام کو مستفید کرتے رہیں گے۔مفتی اعظم
پاکستان وصدر دارارلعلوم کراچی مفتی محمد رفیع عثمانی نے تعلیمی سال کے
آغاز پراپنے پیغام میں اہل مدارس ومساجد سے اپیل کی کہ وہ خوف کی فضا سے
نکلیں اور تبلیغ و تعلیمِ دین کا فریضہ پوری جرات کے ساتھ اداکریں ،انہوں
نے کہا کہ مدارس تعلیمِ بالغاں،دروسِ قرآن، دروسِ حدیث، حج تربیتی
پروگرامز، ناظرہ قرآن کریم کے مکاتب کاقیام اور سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر
حصہ لیں، علما ئے کرام معاشرے کے تمام طبقات سے اپنا رابطہ مضبوط
بنائیں،جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا کہ
مسلمان آج اللہ تعالی کے احکام و سنت نبوی ۖکوبھول کر غیروں کے طریقہ کار
کو اپنا رہے ہیں۔ حالانکہ انسان کیلئے اسلام نے بہت سی آسانیاں پیدا کی ہیں
مگر ہم خود اپنے لئے مشکلات پیدا کررہے ہیں،انھوں نے زور دیکر کہا کہ دینی
طالب علم دہشت گرد نہیں، دہشت گردی کی لہر سے مدارس کا کوئی تعلق نہیں ہے ،
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔ مدارس دینیہ
اسلام کے قلعے ہیں جو انتہائی مشکل حالات میں بھی دین اسلام کی اشاعت میں
مصروف عمل ہیں، مشکلات کی پرواہ کئے بغیر دینی و روحانی مشن جاری رکھیں گے
۔ دینی اقدار کو پھیلانا، توحید و رسالت کا درس دینا ہمارا مقصد ہے ۔ اگر
مدرسے نہ ہوتے تو قوم بے راہ روی کا شکار ہو چکی ہوتی ۔ہمارے نمایندے کے
مطابق تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان کے صدر چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی
پروفیسر مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ ہے کہ مدارس دینیہ کی آزادی پر کسی
صورت حرف نہیں آنے دیں گے،طاغوتی طاقتیں اسلام کے خلاف برسر پیکار ہیں دینی
قو تیں باطل حربوں کو ناکام بنائیں،جمعیت علما ئے اسلام کے مرکزی رہنما
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل مولانا محمد خان شیرانی، سینیٹر حافظ حمداللہ
نے کہا ہے کہ مدارس کا تحفظ مسلمانوں کا دینی اور اخلاقی فریضہ ہے، اہل
مدارس کے ساتھ امتیازی سلوک بند کیا جائے ، آج پوری دنیا میں مسلمانوں نے
اپنا مقصد چھوڑ کر مغربی طرز زندگی اپنا لی، مدارس نے اسلام کے تحفظ کیلئے
علمائے کرام کو پیدا کیا جو امت مسلمہ میں دین کا پرچار کررہے ہیں، اسلام
کے نام پر بنائے جانے والے ملک میں اسلامی تعلیمات حاصل کرنے والوں کو نظر
انداز نہ کیا جائے ۔ دوسری جانب ملک بھر کے اہل مدارس نے اس اقدام کی پرزور
تائید وحمایت کہ ہے کہ اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان کے رکن پانچوں بورڈز
اپنے نظام تعلیم میں بورڈز اور یونیورسٹی کے لازمی مضامین کوہرسطح پر
بتدریج شامل کریں گے اوراس کیلئے وفاقی تعلیمی بورڈکانصاب اورنصابی کتب ہی
رائج کی جائیں گی۔واضح رہے کہ یہ فیصلہ وفاقی وزارت تعلیم وپیشہ وارانہ
تربیت میں وزیرمملکت انجینئرمحمدبلیغ الرحمان کے زیرصدارت اہم اجلاس میں
کیاگیاتھا۔اجلاس میں اتحادتنظیمات مدارس پاکستان کے قائدین مفتی منیب
الرحمان،مولانا قاری محمدحنیف جالندھری، مولانا یاسین ظفر،ڈاکٹر عطا
الرحمان اور غلام باقرنجفی نے شرکت کی تھی، جبکہ حکومت کی جانب سے سیکرٹری
تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت محمدہمایوں،کوآرڈینیٹر نیکٹا احسان غنی،ایڈیشنل
سیکرٹری ڈاکٹراللہ بخش ملک،چیئرمین وفاقی تعلیمی بورڈ ڈاکٹر اکرام علی
ملک،رفیق طاہر،ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امورمحمدخان کھچی، ڈی جی ایچ ای سی
رضا چوہان، ڈی جی وزارت طلعت انجم ودیگر افسران شریک ہوئے تھے۔ اجلاس میں
اتحادتنظیمات مدارس پاکستان کی پانچوں تنظیمات کے بورڈزکوقانونی شکل دینے
پرغورکرنے کے بعداپنے فیصلے میں وزیر مملکت نے کہا کہ اس سلسلے میں امتحانی
بورڈزکے ڈھانچے کوپوراکرناہوگا،ان کی وزارت اور وہ خود ذاتی طور پر بورڈزکو
قانونی شکل دینے کے بارے میں ضروری مراحل طے کرنے کے سلسلے میں مکمل تعاون
کریں گے،اہل مدارس نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس سلسلے میں غیرضروری
تاخیرنہ کی جائے۔ |
|