حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا لباس اطہر
(Dr. Muhammed Husain Mushahid Razvi, Malegaon)
حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا عام لباس چادر،
قمیض اور تہبند تھا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے منیٰ کے بازار سے پاجامہ بھی
خریدا تھا، خیال کیا جاتا ہے کہ اسے زیب تن فرمایا ہوگا، آپ کو کرتا ایسا
پسند تھا کہ جو نہ زیادہ تنگ ہو نہ بہت ڈھیلا، کرتا پہنے ہوئے پہلے سیدھا
ہاتھ ڈالتے پھر الٹا۔
سر پر عمامہ باندھنا پسند تھا، سفید اور زردی مائل رنگ اور سیاہ رنگ کا
عمامہ استعمال فرمایا، اس کے ساتھ ٹوپی بھی پہنتے تھے، چادر بھی اوڑھتے
تھے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو یمن کی چادر جس میں سرخ یا سبز دھاریاں ہوتی
تھیں، جبرہ کہلاتی تھی بہت پسند تھی،نیا کپڑا خدا کی حمد اور شکر کے ساتھ
جمعہ کے روز زیب تن فرماتے، فاضل جوڑے بنوا کر نہیں رکھتے تھے، کپڑا پھٹ
جاتا تو پیوند لگالیتے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے: اللہ تعالیٰ
کو یہ بات پسند ہے کہ اس کی عطا کردہ نعمت کا اثر اس کے بندے سے ظاہر ہو۔
اس لیے حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے کبھی کبھار اچھّا لباس بھی زیب تن کیا،
تنگ آستین کا رومی جبہ، سرخ دھاری کا اچھّا جوڑا،ریشمی گوٹ والاکسروانی جبہ
بھی پہنا۔
کپڑوں کے لیے سفید رنگ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو بہت پسند تھا، سفید کے بعد
سبز رنگ بھی پسند تھا، شوخ سرخ رنگ بہت پسند تھا۔
حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا جوتا، چپل یا کھڑاؤں کی شکل کا ہوتا تھا جس کے
دو تسمے تھے، جرابیں بھی استعمال کرتے تھے، سب سے چھوٹی انگلی میں چاندی کی
انگوٹھی پہنتے تھے، جس میں چاندی کا نگینہ ہوتا تھا کبھی حبشی پتھر، آپ صلی
اللہ علیہ وسلم سے سرکاری کاموں کی غرض سے انگوٹھی بنوائی جس پر اللہ،
رسول، محمد اوپر سے نیچے کی ترتیب سے لکھا ہوتا اسے مہر کے طور پر استعمال
کرتے تھے۔
|
|