السّلام علیکم و رحمۃ اللہ

السّلام علیکم و رحمۃ اللہ

اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے اس کے اصول سادہ و آسان فہم ہیں اور محبت و بھائی چارہ کا درس دیتے ہیں۔ باہمی رابطہ ، محبت و تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے ایک دوسرے کو سلام کہنا بڑی اہمیّت رکھتا ہے اور یہ اللہ تبارک و تعالیٰ کا حکم ہے اور نبی پاکﷺ کی سنّت ہے۔

ارشاد باری تعالیٰ ہے’’اور جب کوئی تم کو دعا دے(سلام کہے) تو تم بھی اسے دعا دو(سلام کہو) اس سے بہتر، بیشک اللہ ہے ہر چیز کا حساب لینے والا‘‘(النّساء :۸۶)۔

حدیث میں آتا ہے فرمایا نبی پاکﷺ نے کہ ایک مسلمان کے دوسرے مسلمان پر پانچ حقوق ہیں کہ جب تو اپنے مسلمان بھائی سے ملے تو اسے سلام کہے اور فرمایا کہ سلام کو رواج دو(المشکوٰۃ المصابیح)۔

اور سلام کے الفاظ جتنے زیادہ ہونگے اتنا ہی ثواب زیادہ ہوگا، مثلاً اگرکسی شخص نے کہا السّلام علیکم اور پھر کہا و رحمتہ اللہ و برکاتہ ، اسی طرح جواب دینے والے نے بھی کہا تودونوں کے ثواب میں زیادتی ہو گی اور سلام کرنے سے با ہمی محبت بڑھتی ہے اور جسے سلام کیا جائے تو وہ یہ سمجھتا ہے کہ شائد یہ شخص مجھے جانتا ہے۔

اور اسلامی تعلیمات کے مطابق جب بھی گھر میں داخل ہو تو انھیں سلام کہو کہ اس سے گھر میں خیر و برکت نازل ہوتی ہے ارشاد باری تعالیٰ ہے’’ پھر جب کبھی جانے لگو گھروں میں تو سلام کہو اپنے لوگوں پر(یہ سلام کہنا) نیک دعا ہے اللہ کے یہاں سے برکت والی ستھری، یوں کھولتا ہے اللہ تمھارے آگے اپنی باتیں تاکہ تم سمجھ لو‘‘(النّور:۶۱)۔

اور ازروئے مسئلہ چند لوگ ایسے ہیں جنھیں سلام کرنا مکروہ ہے، وہ یہ ہیں:۔
نماز پڑھنے والے پر،تلاوت قرآن کرنے والے پر،قاضی یا جج پر جب وہ فیصلہ سنانے لگا ہو،تو مدعی اور مدعا علیہ اسکو سلام نہ کریں،موذن پر، تکبیر کہنے والے پر،اجنبی جوان عورتوں پر،جواری ،شراب
خور،شطرنج کھیلنے والا،کبوتر اڑانے والا، برہنہ شخص اور قضائے حاجت میں مصروف شخص پر،جھوٹے پر، لوگوں کی عیب جوئی کرنے والے پر اور گالی بکنے والے پر(غایۃ الاوطار)۔

اللہ تبارک و تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہم سب کو سلام کرنے کی سنّت پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین۔
Muhammad Rafique Etesame
About the Author: Muhammad Rafique Etesame Read More Articles by Muhammad Rafique Etesame: 184 Articles with 287743 views
بندہ دینی اور اصلاحی موضوعات پر لکھتا ہے مقصد یہ ہے کہ امر بالمعروف اورنہی عن المنکر کے فریضہ کی ادایئگی کیلئے ایسے اسلامی مضامین کو عام کیا جائے جو
.. View More