پاکستانی طالبعلم کا احتجاج٬ امریکی سفیر سے انعام نہیں لوں گا

اسلام آباد- ایک پاکستانی طالب علم نے مہمند ایجنسی میں اتحادی فوج کے حملے پر احتجاجاً امریکی سفیر این ڈبلیو پیٹرسن سے انعام وصول کرنے سے انکار ار دیا٬ جس پر امریکی سفیر حواس باختہ ہوگئیں- تفصیلات کے مطابق بدھ کو نیشنل آرٹ گیلری میں نجی کالج کی ایوارڈ تقریب کے دوران ہال اس وقت تالیوں سے گونج اٹھا جب ہارورڈ یونیورسٹی سے اسکالر شپ لینے والے پاکستانی طالب علم صمد خرم کو سرٹیفکیٹ لینے کے لیے اسٹیج پر بلایا تو اسٹیج پر آتے ہی صمد خرم نے پاکستان میں متعین امریکی سفیر این ڈبلیو پیٹرسن سے سرٹیفکیٹ لینے سے انکار کرتے ہوئے با آواز بلند کہا کہ امریکی فورسز نے پاکستان پر حملہ کیا ہے جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں اور احتجاجاً وہ یہ ایوارڈ امریکی سفیر سے نہیں لینگے جس کے بعد وہ اپنی سیٹ پر واپس جا بیٹھے-

 پاکستانی طالب علم کے اس اقدام پر امریکی سفیر حواس باختہ ہوگئیں اور وہ فوراً مائیک پر گئیں اور طالب علم کو مخاطب کر کے کہا کہ امریکہ کو حالیہ فضائی حملوں پر افسوس ہے اور یہ واقعہ غلط فہمی کی بنیاد پر ہوا- اس واقعہ کے بعد میڈیا نے مذکورہ طالب علم سے بات کرنے کی بھی کوشش کی تاہم کالج کی انتظامیہ نے پاکستانی طالب علم کو کسی بھی صحافی سے بات چیت کرنے سے روک دیا-

YOU MAY ALSO LIKE: