یوم آزادی کا پیغام

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

14 اگست 1947کا دن پاکستان کی آزادی کا دن ہے ،آج قوم 69 واں یوم آزادی بڑے دھوم دھام منا رہی ہے ، پورے ملک میں ہر طرف جشن ،چراغاں اور میلہ کا سا سماں ہے۔ اس عظیم دن اس عہد کی تجدید کی جاتی ہے کہ ہم سب نے مل کراس وطن عزیز کو ترقی، خوشحالی اور کامیابیوں کی بلند سطح پہ لیجانا ہے۔

دو قومی نظریہ کی بنیاد پر پاکستان وجود میں آیا،ایک ہی نعرہ زبان خاص و عام تھا ،پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الا اللہ محمد رسول اللہ، لاکھوں مسلمانوں نے اسلام کے تحفظ اور انگریز استعمار سے آزادی کے لئے بے مثال قربانیاں دیں،تاریخ کی سب سے بڑی ہجرت کی ،پاکستان کو دنیا کا پہلا نظریاتی ملک ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ۔ قائداعظم محمدعلی جناح،علامہ محمد اقبال ،مولانا شبیر احمد عثمانی ،مولانا قاسم نانوتوی، شیخ الھند مولانا محمود حسن ،سرسید احمدخان اور ان جیسے دیگر رہنماوں نے سوئی ہو ئی مسلمان قو م کو جگایا۔ان عظیم راہنماؤں نے مسلمان قوم کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا اورآزادی کی تحریکیں چلائی ،جس میں انھیں کامیابی نصیب ہو ئی بالاآخر14 اگست 1947ءکو مسلمانوں کو ایک آزادمملکت حاصل ہو ا۔

آزادی اللہ تبارک وتعالیٰ کی ایک بہت بڑی نعمت ہے ،اللہ کا ہم پر بہت بڑافضل ہے کہ اُس نے ہمیں یہ سر زمین عطاء فرمائی اور اس پاک سرزمین کو چار موسموں ،میدانی،صحرائی ،پہاڑی سرزمین سمیت معدنی وسائل سے مالامال فرمادیا،آج یوم آزادی ہم سے تقاضہ کررہاہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھیں، زبان،رنگ و نسل ،ذات پات سے بالاتر ہوکر سوچیں،آپس میںتفرقہ کا شکار نہ ہوں ،جھوٹ اور بدعہدی سے بچیں ،حقوق العباد ،قوانین کی پاسداری اور اپنے ہر اس عمل اور فعل سے جس سے اسلام اور پاکستان بدنام ہوتاہے بازآجائیں ،اللہ کے فضل سے ہم ایٹمی طاقت ہیں ،دشمن کی نظریں ہم پراور ہماری ایٹمی ٹیکنالوجی کی صلاحیت پر ہے ،اللہ تعالیٰ پاکستانی قوم کے ہر ہر فرد کو علم وعمل اوراخلاص کی دولت سے مالامال فرمائےاورہر گزرتے دن کے ساتھ پاکستان کو مزیدترقیاں عطافرمائے اور میری قوم یوں ہی ہنستی ،مسکراتی رہے۔ آمین
Molana Tanveer Ahmad Awan
About the Author: Molana Tanveer Ahmad Awan Read More Articles by Molana Tanveer Ahmad Awan: 212 Articles with 249635 views writter in national news pepers ,teacher,wellfare and social worker... View More