جادو کی حقیقت ، اثرات اور علاج پرلکھی گئی جامع کتاب ۔۔۔۔جادو( قرآن و سنت کی روشنی میں)

جعلی عاملوں کا جادو کے عمل سے سادہ لوح عوام کو بے وقوف بنا کر ، انہیں ڈرا دھمکا کر پیسے بٹورنے کا سلسلہ ہر دور میں رہا ہے۔یہ عامل الٹے سیدھے منتروں اورشرکیہ الفاظ کے استعمال کے ساتھ ہاتھ کی صفائی دکھا کر عوام کو بے وقوف بناتے ہیں۔جادو اور جادو گری کا سلسلہ صدیوں پرانا ہے اور انبیاء کرام علیہ السلام کے دور میں بھی یہ سلسلہ رواں دواں تھا۔حضرت موسیٰ علیہ السلام کے سامنے فرعون کے حواریوں نے جادو کے اثر سے رسیوں کو سانپ بنا دیا۔چنانچہ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے اﷲ تعالیٰ کے حکم سے اپنا عصا ان مصنوئی سانپوں پر پھینکا تو وہ اژدھا بن کر تمام سانپوں کو کھا گیا۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام کا عصا پھینکنے سے اژدھا بننے کا عمل اﷲ تعالیٰ کی طرف سے عطا کردہ معجزہ تھا جس کی وجہ سے فرعون کے سارے جادو گر ناکام ہوگئے۔جادو کی حقیقت کیا ہے ؟ جادو کے اثرات کیا ہیں؟ جادو کا عمل کس طرح فوائد و نقصانات کا باعث بنتا ہے؟ اگر کسی پر جادو کا اثر ہوجائے تو اس کا علاج کیسے ممکن ہے ؟ ان تمام سوالوں کا تفصیلی جواب گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین خانیوال کی شعبہ اردو کی اسسٹنٹ پروفیسر محترمہ رضیہ رحمن صاحبہ کی تدوین کی ہوئی کتاب ’’ جادو قرآن و سنت کی روشنی میں‘‘ میں موجود ہے ۔ اس کتاب کا مسودہ پروفیسر محترمہ رضیہ رحمن صاحبہ نے اپنے مرحوم شوہرسابق پروفیسر نائیجیریا ، پروفیسر محمد یحییٰ عزیزصاحب ؒ کے بطور طالب علم لکھے ہوئے تحقیقی مقالے سے تیار کیا ہے جو انہوں نے 22 مئی 1966 کو اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں جمع کروایا تھا جہاں انہوں نے درجہ تخصّص فی التفسیر والحدیث ( (Specialization in Tafseer and Hadithکی ڈگری حاصل کی۔

پروفیسر محمد یحییٰ عزیزصاحب ؒ 18 اکتوبر 1945 کو پیدا ہوئے ۔ بنیادی تعلیم کے ساتھ درس نظامی کا چھ سالہ کورس ، لاہور بورڈ سے ادیب عربی ، عالم عربی ، فاضل عربی کے امتحانات نمایاں حیثیت سے پاس کیے اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور سے ایم ۔ اے اسلامیات کا امتحان پاس کیا۔بعد ازاں یونیورسٹی آف کراچی سے ایم ۔ اے عربی میں گولڈ میڈل حاصل کیااور امریکن کلچرل سنٹر کراچی سے انگریزی بول چال کے دوسالہ کورس کے بعد ایران کلچرل سنٹر کراچی سے فارسی بول چال کاکورس مکمل کیا۔1974 میں یونیورسٹی آف کراچی سے ایم ۔ اے اسلامی تاریخ اور 1975میں کالج آف ایجوکیشن کراچی سے بی ۔ایڈ کا امتحان پاس کیا۔پروفیسر محمد یحییٰ عزیزصاحب ؒچلتے پھرتے علمی انسائیکلوپیڈیا تھے اور انہوں نے شعبہ تعلیم میں بے شمار علمی و ادبی خدمات سرانجام دیں۔آپ ؒ نے اندرون ملک درجنوں اداروں میں اسلامیات و عربی کی تدریسی خدمات سرانجام دیں جن میں جامعہ سلفیہ فیصل آباد، گورنمنٹ سکول لیاقت آباد کراچی ،فیڈرل گورنمنٹ اردو کالج کراچی ، جامعہ ابی بکر کراچی ، عربک ماڈل سکول ، عربک کالج بفرزون ، عربک کالج برائے خواتین خانیوال سرفہرست ہیں۔ پروفیسر محمد یحییٰ عزیزصاحب ؒنے دس سال نائیجیریا کے مختلف تعلیمی اداروں میں تدریسی خدمات سرانجام دیں۔جن میں گورنمنٹ عربک کالج گونبے نائیجیریا ، ایڈوانسڈ ٹیچرز کالج ازارے نائیجیریا ،کالج آف لیگل اینڈ اسلامک سٹڈیز مساؤ باؤ چی نائیجیریا ،ایڈوانسڈ ٹیچرز کالج باؤچی نائیجیریا ، باؤ چی کالج آف آرٹس اینڈ سائنس نائیجیریا ، سینٹرل مسجد شیخ ابوبکر غومی نائیجیریا شامل ہیں۔ تعلیمی خدمات کے علاوہ آپ روزنامہ جنگ کراچی میں تین سال تک سٹوڈنٹس صفحات کے نائب مدیر رہے ۔ شعبہ عربی کا میگزین النخلہ شائع کیا اور اس کے علاوہ ہلال احمر سعودی و موسستہ الحرمین الشریفین کراچی کے مدیر بھی رہے ۔

پروفیسر محمد یحییٰ عزیزصاحب ؒ نے اپنے تحقیقی مقالے میں قرآن و حدیث سے رہنمائی لے کر جادو کے عمل اور اثرات کوسادہ ، آسان اور عام فہم الفاظ میں تفصیلی بیان کیا ہے۔ جس کوپڑھنا اور سمجھنا انتہائی آسان ہے ۔ پروفیسر محمد یحییٰ عزیز صاحب ؒ جادو کی حقیقت کے متعلق ’’ المغنی لابن قدامہ ‘‘ میں علامہ ابن قدام المقدس کی بیان کردہ جادو کی حقیقت کو نقل کرتے ہیں کہ ـ: ’’جادو کچھ کلاموں اور منتروں کا نام ہے جنہیں پڑھا یا لکھا جاتا ہے۔ جادو ایک حقیقت ہے اور اس کی کئی اقسام ہیں ۔ بعض جادو ایسے ہیں جن سے کسی کو قتل کیا جاسکتا ہے اور بعض ایسے بھی ہیں جن کی مدد سے خاوند کو بیوی کے پاس جانے سے روکا جاسکتا ہے یا کسی کو بیمار کیا جاسکتا ہے۔ جادو کی اقسام میں سے کچھ ایسی بھی ہیں کہ جن کی مدد سے میاں بیوی میں جدائی و تفریق ڈالی جا سکتی ہے یا دو لوگوں کے درمیان محبت پیدا کی جاسکتی ہے‘‘۔ پروفیسر محمد یحییٰ عزیز صاحبؒ کی لکھی ہوئی اور پروفیسر رضیہ رحمن صاحبہ کی تدوین کی ہوئی اس کتاب کو پڑھنے سے یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہوتی ہے کہ جادو کا عمل صرف وہی انسان کر سکتا ہے جو شیطان کا پیروکار ہو اور جس کے دل میں برائی کرتے وقت میل تک نہ آئے۔جادو گر جادو کا عمل مطلوبہ شخص کی جان یا مال پر کرتا ہے۔اور اس عمل سے مطلوبہ شخص کو کئی نقصانات ہوسکتے ہیں جیسا کہ پے درپے بیماری کا حملہ ، نفرت ، وسوسے ، جنون اور پاگل پن ، شادی کی بندش ، بلاوجہ کاروباری نقصان کا ہو جانا وغیرہ۔ ’’جادو قرآن و سنت کی روشنی میں‘‘ میں پروفیسرمحمد یحییٰ عزیز صاحب ؒ نے جادو کے اعمال ، اثرات ، فوائد و نقصانات کا احاطہ کیا ہے۔ اور قرآن و حدیث کی روشنی میں اسلام کے احکام کی وضاحت کی ہے ۔ اس کتاب ’’جادو قرآن و سنت کی روشنی میں‘‘ میں تمام احادیث صحیح سند کے ساتھ نقل کی گئی ہیں اور چھوٹے چھوٹے عنوانات کی صورت میں جادو کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی ذکر کیا گیا ہے۔ ’’جادو قرآن و سنت کی روشنی میں‘‘ میں سحر کی لغوی تشریح اس کے معانی و اصطلاحی تعریف کے ساتھ ساتھ سحر کی اقسام بھی بیان کی گئی ہیں جس کی مدد سے جادو کے پہلوؤں کو آسانی سے سمجھا جا سکتا ہے اور اس ظالمانہ عمل سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔ معجزہ کی تعریف ، خرق عادت اور معجزہ ، معجزہ کا مقصد اور قانون فطرت کی بھر پور عکاسی کی گئی ہے۔

جادو گر اور جعلی عامل حضرات سادہ لوح عوام کو انبیاء کرام علیہ السلام کے معجزات کا ذکر سنا کر اپنی طرف مائل کرتے ہیں تاکہ لوگ ان کے عمل کو بھی اﷲ تعالیٰ کی طرف سے عطا کردہ سمجھیں۔لہذا ’’جادو قرآن و سنت کی روشنی میں‘‘ میں جادو اور معجزہ کے درمیان فرق اور کرامت کے متعلق بھی تفصیل سے سمجھا دیا گیا ہے تاکہ ان جعلی عاملوں اور جادوگروں کی پہچان ہوسکے ۔مئی 2015 میں شائع ہونے والی اس کتاب کی اشاعت میں محترمہ رضیہ رحمن صاحبہ کی کاوش قابل ذکر ہے کہ انہوں نے مشکلات کی پرواہ کیے بغیر دن رات ایک کر کے اپنے شوہر محترم پروفیسر محمد یحییٰ عزیز صاحب ؒ کے قرآن و سنت کی روشنی میں لکھے ہوئے تحقیقی مقالے کو تدوین و تالیف کے عمل تک پہنچایا اور کتابی نسخے کی شکل میں پیش کیا جو کہ ان کے شوہر مرحوم پروفیسر محمد یحییٰ عزیز صاحب ؒ کے لیے صدقہ جاریہ ہے۔پروفیسر محمد یحییٰ عزیز صاحب ؒ کی اس کتاب ’’ جادو قرآن و سنت کی روشنی میں‘‘ میں جادو سے متعلق کی گئی تحقیق کا نچوڑ بیان کیاگیا ہے کہ آج تقریباً ہر دوسرا شخص اس غلط فہمی کا شکار ہے کہ اس پر جادو ہوا ہے۔ اسی غلط فہمی کی وجہ سے لوگ جعلی عاملوں کے پیچھے بھاگتے ہیں اور پھر دنیاوی دولت کے ساتھ ساتھ ایمان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔پروفیسر محمد یحییٰ عزیز صاحب ؒ نے بخاری شریف کی روایت نقل کی ہے کہ رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا: ’’تباہ کردینے والی چیز اﷲ سے شرک ہے اس سے بچو اور جادو کرنے ، کروانے سے بچو‘‘۔

جادوبہت بری چیز ہے یہاں تک کہ اگر کسی کو شک ہو جائے کہ اس پر جادو کیا گیا ہے اور وہ اس شک کی تصدیق یا تردید کروانے کے لیے کسی کاہن یا نجومی کے پاس جائے تو اس نے شریعت محمدی ﷺ سے انکار کیا۔پروفیسر محمد یحییٰ عزیز صاحب ؒ لکھتے ہیں کہ نفع نقصان کا مالک اﷲ تعالیٰ ہے اور کوئی بھی چیزحکم الٰہی کے بغیر نفع یا نقصان نہیں پہنچا سکتی۔لہذا اسی ذات پر بھروسہ رکھنا چاہیے شاید ہوسکتا ہے کہ یہ ہمارے ایمان کی پرکھ ہو رہی ہو کہ ہم کس قدر ثابت قدم ہیں یا ہوسکتا ہے کہ ذات الٰہی ہماری آزمائش کررہی ہو کہ ہم مصیبت ، پریشانی ، بیماری اور تکلیف میں مدد کے لیے کس طرف رجوع کرتے ہیں۔ہمیں ہر حال میں اسی پر بھروسہ رکھنا چاہیے اور یہ کبھی نہیں بھولنا چاہیے کہ اﷲ تعالیٰ ہر چیز پر قادر ہے۔اگراس بات پر یقین کامل ہوجائے تو دنیا کی کوئی بھی چیز ہمیں ذرا بھی نقصان نہیں پہنچا سکتی بلکہ ایک بال بھی بانکا کرنا کسی کے بس میں نہیں۔

پروفیسر محمد یحییٰ عزیزصاحب ؒ کے تحقیقی مقالے سے ترتیب دی گئی یہ کتاب ’’ جادو قرآن و سنت کی روشنی میں ‘‘ ایک ایسا شاہکار ہے جس کا مطالعہ کرنے کے بعد انسان جعلی عاملوں کے چنگل سے آزاد ہو جاتا ہے اور قرآن و احادیث کی روشنی میں لکھے گئے یہ الفاظ ایمان کو تروتازہ اور دل کو شاداب کر دیتے ہیں ۔ پروفیسر محمد یحییٰ عزیزصاحب ؒکی یہ کتاب حق و باطل کی پہچان کرنے میں مددگار ہے اور قیامت تک اس کا مطالعہ کرنے والے اپنے دلوں کو قرآن و حدیث سے منور کرتے رہیں گے۔پروفیسر محمد یحییٰ عزیزصاحب ؒ ؒ بیشک اس فانی دنیا سے رحلت فرماگئے ہیں مگر ان کی تعلیمی و ادبی خدمات کے ساتھ ساتھ یہ کتاب ’’ جادو قرآن و سنت کی روشنی میں‘‘ صدقہ جاریہ ہے ۔ اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ پروفیسر محمد یحییٰ عزیزصاحب ؒ کی قبر پر کروڑہاں رحمتیں نازل فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل کے ساتھ ساتھ ان کے نقش قدم پر چلنے اور علمی و عملی میدان میں ترقی و استقامت عطا فرمائے اوردین اسلام کی سربلندی کے لیے کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین
آسمان تیری لحد پہ شبنم افشانی کرے
سبزہ نورستہ اس گھر کی نگہبانی کرے
Malik Muhammad Shahbaz
About the Author: Malik Muhammad Shahbaz Read More Articles by Malik Muhammad Shahbaz: 54 Articles with 44614 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.