انٹر آرٹس کے پوزیشن ہولڈرز سے ہماری ویب کی دلچسپ گفتگو

آج ہمارے معاشرے میں آرٹس کے مضامین کے حوالے سے جو سوچ تیزی سے پروان چڑھ رہی ہے وہ یہ ہے کہ ان مضامین کو پڑھ کر حصولِ زر کے معاملے میں تیزی اور ترقی حاصل نہیں کی جاسکتی اور یہی وجہ ہے کہ ان مضامین کا انتخاب کرنے والے طلبا کی تعداد میں روز بروز کمی واقع ہوتی جارہی ہے- لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہی آرٹس کے مضامین انسان کو زندگی گزارنے کا سلیقہ اور قرینہ سکھاتے ہیں اور ساتھ ہی اسے اپنی تاریخ اور ادب سے واقفیت بھی فراہم کرتے ہیں- اس لیے آرٹس کے مضامین کو کسی طور بھی دوسرے مضامین کے مقابلے میں کم درجہ نہیں دیا جاسکتا- گزشتہ روز کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ نے آرٹس کے سالانہ امتحانات ریگولر و پرائیوٹ گروپس کے سالانہ امتحانات برائے 2016 کے نتائج کا اعلان کیا- اس موقع پر پوزیشن ہولڈر طلبا کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا-ان امتحانات میں ٹاپ تھری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا کو بالترتیب 1 لاکھ٬ 50 ہزار اور 30 ہزار روپے کے انعامی چیک سے نوازا گیا اور انہیں گولڈ میڈل بھی دیے گئے- ان نتائج میں پوزیشن حاصل کرنے والے ان طلبا سے ہماری ویب نے خصوصی بات چیت کی جنہوں نے تمام انتشار٬ افتراق٬ لسانیت اور فرقہ بندیوں کو بھلا کر صرف کتاب سے رشتہ جوڑا اور کامیابیاں سمیٹیں-

سب سے پہلے ہم بات کریں گے انٹر آرٹس ریگولر کے سالانہ امتحانات برائے 2016 میں فرسٹ پوزیشن حاصل کرنے والی خوش نصیب طالبہ حافظہ اثناﺀ صدیقی سے- اثناﺀ نے 1100 میں سے 945 نمبر حاصل کیے اور فرسٹ پوزیشن اپنے نام کی-
 

image

ہماری ویب: کالج کا نام؟
حافظہ اثناﺀ صدیقی= اقراﺀ حفاظ ڈگری کالج-

ہماری ویب: پوزیشن حاصل کرنے پر کیا احساسات ہیں؟
حافظہ اثناﺀ صدیقی= اﷲ کا شکر ہے٬ بہت خوشی ہورہی ہے- اﷲ تعالیٰ کی رحمت ہے کہ اس نے مجھے اس مقام پر پہنچایا-

ہماری ویب: آپ نے آرٹس کا انتخاب کیا٬ اس کا بنیادی مقصد کیا تھا؟
حافظہ اثناﺀ صدیقی= میں تو سائنس سے انٹر کرنا چاہتی تھی اور ساتھ دین کی تعلیم بھی حاصل کرنا چاہتی تھی لیکن میں جس کالج میں ہوں وہاں عالمہ کا کورس صرف آرٹس کے ساتھ ہی کروایا چاہتا ہے- اس لیے میں دینی تعلیم کے حصول کے لیے عالمہ کے کورس اور اس کے ساتھ آرٹس کا انتخاب کیا- البتہ میں نے آرٹس کے ساتھ اختیاری مضامین کے طور پر کمپیوٹر کی تعلیم بھی حاصل کی ہے-

ہماری ویب: آپ کا پسندیدہ مضمون کونسا تھا؟ اور ناپسندیدہ کونسا؟
حافظہ اثناﺀ صدیقی= سب ہی پسندیدہ تھے٬ کوئی بھی ناپسندیدہ مضمون نہیں تھا-

ہماری ویب: آپ کی نظر میں پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کیا ہے؟
حافظہ اثناﺀ صدیقی= لوگوں نے دین کو چھوڑ دیا ہے اور انگریزی تعلیم کی جانب توجہ دے رہے ہیں اور یہی ہمارے ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بھی ہے-
 

image

ہماری ویب: آپ کیا سمجھتی ہیں کہ لڑکیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کس طرح کرنا چاہیے؟
حافظہ اثناﺀ صدیقی= اسلام میں کوئی پابندی نہیں ہے- تاہم اسلام میں عورت کے لیے جو احکامات ہیں مثلاً حجاب وغیرہ ان کی پابندی کرتے ہوئے لڑکیوں ہر میدان میں مہذب طریقے سے اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے-

ہماری ویب: آپ انٹرنیٹ کے استعمال کو طالبعلموں کے لیے کیسا سمجھتی ہیں؟
حافظہ اثناﺀ صدیقی= انٹرنیٹ اگر صحیح طریقے سے استعمال کیا جائے تو بہترین ہے اور اگر ٹائم ضائع کیا جائے تو صرف نقصان کا باعث بنتا ہے-

ہماری ویب: لڑکیوں کم از کم کتنی تعلیم ضرور حاصل کرنی چاہیے؟
حافظہ اثناﺀ صدیقی= لڑکیوں کو اتنی تعلیم ضرور حاصل کرنی چاہیے جو کہ نہ صرف انہیں زندگی درست انداز میں گزارنے کا شعور دے بلکہ وہ اپنی آنے والی نسلوں کی رہنمائی بھی کرسکیں-

ہماری ویب: نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کا کتنا عمل دخل ہونا چاہیے؟
حافظہ اثناﺀ صدیقی= غیر نصابی سرگرمیوں کا بھی اہتمام ہونا چاہیے- اس سے تربیتی صلاحیتیں سامنے آتی ہیں جو کہ نصابی سرگرمیوں میں مددگار ثابت ہوتی ہیں-

ہماری ویب: آپ آئندہ زندگی میں کیا کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں؟
حافظہ اثناﺀ صدیقی= میں دین کو پھیلانا چاہتی ہوں اور اگر اس مقصد کے لیے دیگر ممالک جانا پڑے تو اس کے لیے انگریزی میں ماسٹرز کرنا چاہتی ہوں-

ہماری ویب: کوئی ایسی خاص بات٬ جو تعلیم میں کامیابی کے حوالے سے دوسرے طلبا کو کیا پیغام دیں گی؟
حافظہ اثناﺀ صدیقی= اﷲ تعالیٰ کے احکامات کو مانیں٬ اپنے والدین اور اساتذہ کا ادب کریں- اس کے علاوہ دل لگا کر پڑھیں تو ضرور کامیابی حاصل ہوگی-

اب ہم بات کریں گے انٹر آرٹس ریگولر کے سالانہ امتحانات برائے 2016 میں سیکنڈ پوزیشن حاصل کرنے والی خوش نصیب طالبہ حافظہ ہانیہ وقاص سے- ہانیہ نے 1100 میں سے 942 نمبر حاصل کیے اور یہ پوزیشن اپنے نام کی-
 

image

ہماری ویب: کالج کا نام؟
حافظہ ہانیہ وقاص= اقراﺀ حفاظ ڈگری کالج-

ہماری ویب: پوزیشن حاصل کرنے پر کیا احساسات ہیں؟
حافظہ ہانیہ وقاص= اﷲ تعالیٰ کی بہت شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے میری امید سے بڑھ کر نوازا- اس کے علاوہ مجھے خوشی ہے کہ میرے والدین اور اساتذہ محنت اور دعائیں رنگ لے آئیں-

ہماری ویب: کالج روزانہ جاتی تھیں؟
حافظہ ہانیہ وقاص= جی ہاں میرا پرائیوٹ کالج ہے٬ اسی لیے روزانہ جاتی تھی- نہ جانے کی صورت میں پڑھائی میں پیچھے رہ جاتی-

ہماری ویب: کوچنگ بھی جوائن کیا؟
حافظہ ہانیہ وقاص= نہیں اس کی ضرورت نہیں پڑی کیونکہ ہمارے کالج میں پڑھائی بہت اچھی ہوتی ہے-
 

image

ہماری ویب: آپ نے آرٹس کا انتخاب کیا٬ اس کا بنیادی مقصد کیا تھا؟
حافظہ ہانیہ وقاص= میں چونکہ عالمہ کا کورس کر رہی ہوں تو اس کے ساتھ آرٹس کی تعلیم ہی بہتر انداز میں حاصل کی جاسکتی ہے کیونکہ عالمہ کے کورس کے ساتھ پری انجنئیرنگ یا پری میڈیکل کی پڑھائی کرنا مشکل ہوتا ہے-

ہماری ویب: کوئی ایسے عوامل جو پڑھائی میں رکاوٹ کا باعث بنے؟
حافظہ ہانیہ وقاص= نہیں کوئی خاص مشکل پیش نہیں-

ہماری ویب: آپ انٹرنیٹ کے استعمال کو طالبعلموں کے لیے کیسا سمجھتی ہیں؟
حافظہ ہانیہ وقاص= اگر انٹرنیٹ پر محدود وقت صرف کیا جائے تو ٹھیک ہے٬ بہت زیادہ ٹائم گزارنا نقصان کا باعث بن سکتا ہے-

ہماری ویب: نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کا کتنا عمل دخل ہونا چاہیے؟
حافظہ ہانیہ وقاص= غیر نصابی سرگرمیاں بھی انتہائی ضروری ہیں کیونکہ مستقل پڑھائی سے بھی طالبعلم اکتا جاتا ہے اور اس کی پڑھائی میں دلچسپی ختم ہوجاتی ہے- میں خود اپنے کالج میں غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لیتی ہوں-

ہماری ویب: آپ آئندہ زندگی میں کیا کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں؟
حافظہ ہانیہ وقاص= عالمہ کا کورس مکمل کروں گی اور کراچی یونیورسٹی سے بی اے کروں گی-

آخر میں ہم بات کرتے ہیں انٹر آرٹس ریگولر کے سالانہ امتحانات برائے 2016 میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی خوش قسمت طالبہ حافظہ لبابہ مستقیم سے- لبابہ نے 1100 میں سے 930 نمبر حاصل کیے اور یہ پوزیشن اپنے نام کی-
 

image

ہماری ویب: کالج کا نام؟
حافظہ لبابہ مستقیم= اقراﺀ حفاظ ڈگری کالج-

ہماری ویب: پوزیشن حاصل کرنے پر کیا احساسات ہیں؟
حافظہ لبابہ مستقیم= الحمدﷲ بہت خوشی ہورہی ہے اور یہ میرے لیے دہری خوشی کی بات ہے کہ میری میٹرک بورڈ میں بھی پوزیشن آئی تھی جو کہ سیکنڈ تھی اور انٹر بورڈ میں بھی پوزیشن آئی ہے-

ہماری ویب: کالج روزانہ جاتی تھیں؟
حافظہ لبابہ مستقیم= جی ہاں باقاعدگی سے کالج جاتی تھی-

ہماری ویب: کوچنگ بھی جوائن کیا؟
حافظہ لبابہ مستقیم= نہیں ٹیچرز نے اتنی محنت سے پڑھایا کہ اس کی ضرورت ہی نہیں پڑی-
 

image

ہماری ویب: آپ نے آرٹس کا انتخاب کیا٬ اس کا بنیادی مقصد کیا تھا؟
حافظہ لبابہ مستقیم= میں دینی اور دنیاوی دونوں ہی تعلیم حاصل کرنا چاہتی تھی لیکن ہمارے کالج میں عالمہ کے کورس کے ساتھ صرف آرٹس ہی میں انٹر کروایا جاتا ہے اس لیے میں نے عالمہ کے کورس کے ساتھ آرٹس کی تعلیم حاصل کی-

ہماری ویب: آپ کا پسندیدہ مضمون کونسا تھا؟ اور ناپسندیدہ کونسا؟
حافظہ لبابہ مستقیم= سارے پسندیدہ تھے البتہ اسلامک ایجوکیشن مثلاً اسلامیات اور اسلامک اسٹڈیز وغیرہ مجھے سب سے زیادہ پسند تھے- لیکن ناپسندیدہ کوئی مضمون نہیں تھا-

ہماری ویب: کوئی ایسے عوامل جو پڑھائی میں رکاوٹ کا باعث بنے؟
حافظہ لبابہ مستقیم= نہیں کسی قسم ککی کوئی رکاوٹ پیش نہیں آئی-

ہماری ویب: آپ کی نظر میں پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کیا ہے؟
حافظہ لبابہ مستقیم= پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے جو کہ ہمارے معاشرے میں بہت زیادہ ہے-

ہماری ویب: آپ کیا سمجھتی ہیں کہ لڑکیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کس طرح کرنا چاہیے؟
حافظہ لبابہ مستقیم= لڑکیاں جو کچھ کریں پردے میں رہ کر کریں٬ چاہے وہ تعلیم حاصل کریں یا پھر کیریر بنائیں-
YOU MAY ALSO LIKE:

Hamariweb conducted special interviews of Position holders students of Inter Arts Group of Board of Intermediate Education Karachi (BIEK) 2016. Hafiza Asna Siddiqui, Hafiza Hanya Waqas and Hafiza Lubaba Mustaqeem are the brilliant students as first, second and third position respectively. Position holders share their feeling on success, about their teachers, education system, parents and their time table.