حاجی قاسم چوہان نے وہ کام کر دیا جو کوئی نہ کر سکا

معروف سیاسی و سماجی شخصیت حاجی قاسم چوہان جو کہ جدہ میں کئی سالوں سے مقیم ہیں جب بھی پاکستان آتے ہیں رُوحانی محفل کا انعقاد کرتے ہیں۔ ان کی خوبصورت شخصیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو اپنی رُوحانی محفل میں بلا لیا۔ اس کے علاوہ تمام مقامی سیاسی قائدین کو بھی اکٹھا کر دیا ان میں چوہدری طاہر اقبال، چوہدری بابو عباس خان ممرال، چوہدری صابر پٹواری، چوہدری ضمیر الحسن نرا، جنرل کونسلر چوہدری عارف جولیہ، سابق چیئرمین چوہدری امتیاز، چوہدری خالد محمود المعروف چیئرمین، جنرل کونسلر چوہدری شبیر زوار، حاجی شیر خان تلوچہ، چوہدری حاجی محمود اختر شامل ہیں۔ ان تمام شخصیات کا ایک جگہ اکٹھا ہونا باعث مسرت ہے اور اس کا تمام کریڈٹ حاجی قاسم چوہان کو جاتا ہے۔ کاش سوئی گیس کی فراہمی کے لئے بھی ان تمام شخصیات کو ایک دروازے سے گزارا جا سکتا۔

á14 اکتوبر 2016ء بروز جمعۃ المبارک کو تھنیل فتوحی میں ایک خوبصورت رُوحانی محفل کا انعقاد کیا گیا۔ اس کے لئے محترم حاجی قاسم چوہان جو کہ معروف سیاسی و سماجی شخصیت ہیں انہوں نے مجھے خصوصی دعوت دی۔ حاجی قاسم چوہان گذشتہ کئی سالوں سے جدہ میں مقیم ہیں اور یقین کریں کہ ایسے لوگ بہت کم ہوتے ہیں جو کہ کئی غریب لوگوں کی کفالت کی ذمہ داری اُٹھاتے ہیں، اﷲ تعالیٰ نے ان پر خاص کرم کر رکھا ہے اور اسی طرح وہ اﷲ کی راہ میں خرچ بھی کرتے ہیں۔ رُوحانی محفل کا وقت رات 8 بجے مقرر تھا جو کہ مقررہ وقت پر شروع کر دی گئی۔ حاجی قاسم چوہان کی رہائش گاہ پر خوبصورت اہتمام کیا گیا تھا۔ تقریباً ایک کنال پر واقع گھر کے صحن کو خوبصورت انداز میں سجایا گیا تھا اور اس میں لوگوں کے بیٹھنے کے لئے کارپٹ کرسیاں اور چارپائیاں رکھی گئی تھیں۔ اسٹیج کو خوبصورت انداز میں سجا دیا گیا تھا۔ نقابت کی ذمہ داری مقامی نوجوان رہنما غلام مصطفی تبسم نے خوبصورت انداز میں ادا کی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن حکیم سے ہوا۔ مولانا نوید حیدری جو کہ کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں انہوں نے انتہائی خوبصورت انداز میں نبی اکرمؐ کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی۔ قرآن و حدیث کے حوالے دے کر عوام کے دینی علم میں اضافہ کیا۔ انہوں نے حضرت علی المرتضیٰؓ اور حضرت امام حسینؓ کے مقام و مرتبے کو بہت ہی خوبصورت انداز میں پیش کیا۔ رُوحانی محفل کی خاص بات فخر چکوال اور نعت کی دُنیا میں ایک خاص حاصل کرنے والے، چکوال کا نام روشن کرنے والے جناب خالد حسنین خالد تھے جن کو سننے کے لئے عوام بے تاب تھے مگر ان سے پہلے مقامی نعت خوان مولانا امیر خان نے بھی بہت ہی خوبصورت نعت پڑھی۔ خالد حسنین خالد کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ غلام مصطفی تبسم ان کے کان میں مسلسل ان کی مشہور نعت ’’حسینؓ سا کوئی نہیں‘‘ سنانے کی فرمائش کرتے رہے۔ آخر میں انہوں نے اپنی مشہور نعت کے چند اشعار سنا کر خوب دادِ تحسین حاصل کی۔ خالد حسنین خالد اور مولانا نوید حیدری پر نوٹوں کی بارش کر دی گئی، خصوصاً مقامی مشہور و معروف شخصیت چوہدری صفدر مہر نے 500 کے نوٹوں کی برسات کر کے سب کو حیران کر دیا۔ خالد حسنین خالد نے 40 منٹ میں کم از کم ایک لاکھ سے زائد رقم اکٹھی کی۔ اُن کو بلانے کے لئے ان سے خصوصی وقت لینا پڑتا ہے۔ نعت خوان بھی اس وقت پیسہ کمانے والی مشینیں بن چکے ہیں۔ پچیس، پچیس لاکھ کی گاڑیاں اُن کے زیر استعمال ہیں مگر اپنی آواز کا جادو جگا کر نعت رسول مقبولؐ پیش کرتے ہیں۔ اس خوبصورت رُوحانی محفل کی خاص بات یہ تھی کہ حاجی قاسم چوہان نے وہ کام کر دیا جو کوئی اور نہ کر سکا۔ انہوں نے تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو ایک جگہ اکٹھا کر دیا اور اس کے علاوہ تمام مقامی سیاسی قائدین کو ایک جگہ بلا کر تاریخ رقم کر دی، شاید یہ تمام لوگ کسی اور جگہ اکٹھے بیٹھنے کے لئے تیار نہ ہوتے مگر انہوں نے رُوحانی محفل میں بلا کر بڑا کام کر دیا۔ رُوحانی محفل کے اختتام پر خصوصی دُعا کرائی گئی خصوصاً حاجی قاسم چوہان کے والدین کے لئے اور حال ہی میں وفات پانے والے چوہدری محمد اقبال کی مغفرت کی دُعا بھی کرائی گئی۔ رُوحانی محفل کے اختتام پر خصوصی لنگر تقسیم کیا گیا جبکہ مہمانان خصوصی کے لئے الگ کھانے کا انتظام بھی موجود تھا۔ اس رُوحانی محفل کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ کسی کے عقیدے پر کوئی بات نہیں کی گئی۔ مسلمانوں کو اتفاق و اتحاد کے درس کی بات کی گئی۔ تقریب رات کو تقریباً 12 بجے اختتام پذیر ہوئی۔ اﷲ تعالیٰ پاکستان کا حامی و ناصر ہو۔
Javed Iqbal Anjum
About the Author: Javed Iqbal Anjum Read More Articles by Javed Iqbal Anjum: 79 Articles with 56696 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.