محدود لفظی فن و مہارت( 20لفظوں کی 20کہانیاں1تا20)
(Prof Talib Ali Awan, Sialkot)
 
                
	
		 ٭ صف  
		ایک ہی صف میں کھڑے ہوگئے محمود و ایاز 
		ایک جنازہ پڑا،پہلی صفیں محمودوں کی تھیں،باقی ایازوں کیں۔ 
		٭ بچے  
		گلی میں غریب بچے کھیل رہے تھے ،میں نے ڈانٹا ۔ 
		آگے گیا،امیر بچے کھیل رہے تھے ،میں محظوظ ہوا۔ 
		٭ فرق 
		چودھری نے مسجد میں 5000 روپے دئیے ،مولوی نے ڈھیروں دعائیں دیں۔  
		میں نے 100دئیے ،اعلان ہی نہیں ہوا۔  
		٭ حلال  
		میں گوشت لینے قصائی کی دکان پر پہنچا ، پوچھا:’’ حلال ہے نا؟‘‘ 
		قصائی نے پیسے پکڑے ،پوچھا: ’’ حلال ہیں نا؟‘‘ 
		٭ عمر  
		بس میں عورتیں دو اور سیٹ ایک ،جھگڑا ،کنڈیکٹر :  
		’’ باجی ! جس کی عمر زیادہ ہے بیٹھ جائے ۔‘‘ 
		دونوں کھڑی رہیں ۔ 
		٭ حاجی اور آجی  
		حاجی: جو حج کرے ،اسے سنبھال کر رکھے ،نیک رہے۔ 
		آجی: جو حج کر لے مگر بد اعمالیاں نہ چھوڑے۔ 
		٭ مشترک  
		استاد : ہندو مذہب میں مردے اور پاکستان میں سرکاری ریکارڈ جلانے میں کیا 
		چیز مشترک ہے؟ 
		پپو: حساب سے بچنا۔۔۔۔۔ 
		٭ ٹیکس  
		جو ٹیکس نہیں دیتے انہیں ملک سے شکایت کا کوئی حق نہیں ۔ 
		البتہ ملک پر حکومت کرنے کاحق ہے ۔ 
		٭ ہومیو پیتھک  
		بعض لوگ ساری زندگی ہومیوپیتھک دوائی کی طرح گزار دیتے ہیں : 
		نہ کوئی فائدہ ،نہ نقصان ۔صدرِ پاکستان کی طرح ۔ 
		٭ خوشامد 
		نصیحت وہ سچ ہے جسے ہم غور سے نہیں سنتے۔ 
		خوشامد بدترین دھوکہ ،جسے ہم پوری توجہ سے سنتے ہیں ۔ 
		٭ میک اپ  
		ایک دلہن شادی کے دن بڑی خوبصورت لگ رہی تھی ۔ 
		صبح اٹھی ،منہ دھویا ،اب وہ خوفصورت لگ رہی تھی ۔ 
		٭ شرم آئندہ  
		میرا دوست ایم فل میں فیل ہو گیا ۔میں نے پوچھا :’’ شرمندہ نہیں ہوئے ۔‘‘ 
		دوست بولا:’’ نہیں ،شرم آئندہ ہوں۔ ‘‘ 
		٭ عجیب لوگ  
		سیدھی بات کرو تو بدتمیز،بااخلاق ہوں تو سیاسی، 
		اختلاف کریں تو بے ادب اور لحاظ کریں تو منافق کہلائیں ۔ 
		٭ سیلفی  
		دادی : علی بیٹا ذرا دیکھنا تو لڑکی کو فالج ہورہا ہے ۔ 
		علی ـ: نہیں دادی وہ سیلفی لے رہی ہے ۔ 
		٭ نوبل انعام  
		اگر آپ نوبل انعام یا دیگر بین الاقوامی ایوارڈ حاصل کرنا چاہتے ہیں 
		تو پاکستان یااسلام کے خلاف کچھ لکھیں ۔  
		٭ ضد 
		ساس نے اپنی بہو کی ناک رگڑوانے اور اسے سبق سکھانے کے چکر میں 
		اپنے ہی بیٹے کو مروا دیا ۔ 
		٭ عقل کا صدقہ  
		مجھے جب عقل کا صدقہ و خیرات نکالنا ہوتو  
		کسی جاہل سے سیاسی ایشو پر بحث کر لیتا ہوں۔ 
		٭ ریٹ 
		رمضان المبارک کے آغاز سے ہی بسم اﷲ کریانہ سٹور، 
		الحاج جنرل سٹور اور مدینہ بیکری پر ریٹ بڑھ جاتے ہیں ۔ 
		٭ قدر  
		ایک شخص جرابیں پہنے ،جوتا سر پر ۔ 
		وجہ پوچھنے پر اس نے بتایا:’’ جوتا میرا ہے ،جرابیں کسی کی ہیں ۔‘‘  
		٭ بیوی  
		جہاں بھی جاؤ بیوی کے قصے ہیں۔ 
		کوئی لاکر رو رہا ہے ،کوئی لانے کے لئے رو رہا ہے ۔  | 
	 
 
 |