مفتی عنایت احمد کاکوروی :جنگ آزادی ۱۸۵۷ء کے فراموش کردہ مجاہد

غریق بحر رحمت مفتی عنایت احمد کاکوروی (متولد۱۲۲۸ھ/۱۸۱۳۔متوفی ۱۲۷۹ھ/ ۱۸۶۳ء)دیوہ (بارہ بنکی، اودھ)میں پیدا ہوئے اور اپنی نانیہال کاکوری (لکھنؤ)میں اپنے والد منشی محمد بخش کے ساتھ مستقل رہائش پذیر ہوئے۔دیوہ اور کاکوری میں ابتدائی تعلیم کے بعد رام پور پہنچ کر مختلف علوم وفنون کی تعلیم حاصل کی۔اس کے بعد دہلی میں شاہ محمد اسحق اور علی گڑھ میں مولانابزرگ علی مارہروی سے درس حدیث اور دیگر علوم پڑھ کر علی گڑھ میں مدرس اور مفتی کے منصب پر فائز ہوئے۔مفتی عنایت احمد کاکوروی نے سرکاری ملازمت بھی کی ۔ پہلے علی گڑھ میں منصف ہوئے ۔کچھ عرصہ پھپھوند (اٹاوہ)میں بھی منصف رہے،پھر صدر امین بن کر بریلی گئے ۔ وہاں آپ زیادہ دنوں تک رہے اور کئی ایک دینی وعلمی کتابیں بھی لکھیں۔یہاں آپ نے ایک اصلاحی اور تبلیغی انجمن ’’جلسۂ تائید دینِ متین‘‘قائم کرکے لٹریچر کی نشرواشاعت کی۔اس انجمن کو بر صغیر کی پہلی اصلاحی انجمن کہاجاتا ہے۔۱۸۵۷ء کے شروع میں آپ کوصدرالصدور آگرہ بنایاگیا۔ابھی سفر کی تیاری جاری تھی کہ ماہ مئی میں انقلاب برپا ہوگیا اور آپ آگرہ نہ جاکر بریلی ورام پور میں انقلابیوں کے ہمنوا ومعاون بلکہ سرپرست کی حیثیت سے سرگرم ہوگئے۔

مجاہدین کے لیے مالی تعاون اور انگریزوں کے خلاف جہاد پر مشتمل ایک فتویٰ بریلی سے جاری ہواجس پر مفتی عنایت احمد کاکوروی کے دستخط تھے۔’’جنگ آزادی ۱۸۵۷ء‘‘ میں پروفیسر محمد ایوب قادری لکھتے ہیں:’’انقلاب سے پہلے بریلی میں اس تحریک کے دوممتاز کارکن موجود تھے ۔ مولوی سرفراز علی اور دوسرے مفتی عنایت احمد کاکوروی۔ ‘‘ (مرجع سابق، ص۱۱۸)

میاں عبدالرشید کالم نگار روزنامہ نوائے وقت لاہور لکھتے ہیں:’’آپ (مفتی عنایت احمد)بریلی میں نواب خان بہادر خاں روہیلہ کی قیادت میں جہاد حریت کی تنظیم کے لیے سرگرم عمل رہے۔ان دنوں روہیل کھنڈ بریلی مجاہدین آزادی کا اہم مرکز تھا۔مولانا احمد رضا خاں کے دادا مولانا رضا علی خاں بریلوی اس تحریک کے قائدین میں سے تھے۔مفتی عنایت احمد کاکوروی نے مجاہدین کی تنظیم پر اکتفانہ کیا بلکہ نواب خان بہادر خاں روہیلہ کے دست وبازو کی حیثیت سے مختلف معرکوں میں عملی حصہ بھی لیا۔‘‘(جنگ آزادی نمبر،ماہنامہ ترجمان اہلسنّت کراچی،جولائی ۱۹۷۵ء)

انقلاب کی چنگاری بجھنے کے بعد جب علما وقائدین انقلاب کی داروگیر کا سلسلہ شروع ہوا تو مجاہدین کے لیے مالی امدادوتعاون پر مشتمل فتویٰ اور انقلابی سرگرمیوں کی پاداش میں مفتی صاحب کے خلاف انگریزوں نے مقدمہ چلایااور اس وقت کے عام دستور کے مطابق کچھ رسمی نمائشی عدالتی کاروائی کرکے آپ کو حبسِ دوام درجزیرۂ انڈمان (کالاپانی)کی سزا دی گئی۔جہاں آپ نے چار سال تک کسی طرح اپنے ایام اسیری کی مشقتیں جھیلیں ۔ ایک انگریز نے ’’تقویم البلدان‘‘کے ترجمہ کی خواہش ظاہر کی جسے آپ نے قبول فرمایااور دوسال کی مدت میں اسے پایۂ تکمیل تک پہنچایا۔یہی علمی کام آپ کی رہائی کا سبب بن گیا اور ۱۲۷۷ھ/۱۸۶۰ء میں آپ جزیرۂ انڈمان سے رِہا ہوکر ہندوستان واپس آئے۔

جزیرۂ انڈمان میں مفتی عنایت احمد کوروی وعلامہ فضل حق خیرآبادی کی تاریخی وعلمی خدمات کے بارے میں مولانا عبدالشاہد شیروانی لکھتے ہیں:’’علامہ (فضل حق)جزیرۂ انڈمان پہنچے۔مفتی عنایت احمدکاکوروی صدرامین بریلی وکول،مفتی مظہر کریم دریابادی اور دوسرے مجاہدین علما وہاں پہنچ چکے تھے۔ان علما کی برکت سے یہ جزیرہ دارالعلوم بن گیا تھا۔ان حضرات نے تصنیف وتالیف کا سلسلہ وہاں بھی قائم رکھا۔خرابی ِ آب وہوا،تکالیف شاقہ وجدائیِ احباب واعزہ کے باوجود علمی مشاغل جاری رہے۔‘‘(باغی ہندوستان، ص ۲۲۵ )

کالا پانی میں مفتی صاحب نے سیرت النبی پر ایک مختصرکتاب ’’تواریخ حبیب الٰہ‘‘ اور فن صرف کی کتاب ’’علم الصیغہ‘‘تحریر کی جو آج بھی مدرسوں میں پڑھائی جاتی ہیں۔ان کے علاوہ بھی آپ کی لکھی ہوئی لگ بھگ دودرجن کتابیں ہیں۔حیرت انگیز بات یہ ہے کہ حضرت مفتی صاحب نے مراجعت کتب کے بغیر محض اپنے حافظہ کی مدد سے ’’تواریخ حبیب الٰہ‘‘ (اردو)اور ’’علم الصیغہ‘‘(فارسی)لکھی۔ہندوستان واپسی کے بعد جب ان دونوں کتابوں کا مواد اصل مراجع ومآخذ سے ملایا تو بالکل درست پایا۔ان حضرات کے سینے علم کے ایسے سفینے بن گئے تھے کہ تاریخی یادداشت ،ترتیب واقعات، قواعد فنون ، ضوابط علوم وغیرہ سبھی حیرت انگیز کرشمے دکھا رہے تھے۔علامہ فضل حق خیرآبادی نے بھی ایام اسیری میں ’’الثورۃ الہندیہ‘‘ اور ’’قصائد فتنۃ الہند‘‘تحریرکیا تھا جو مفتی عنایت احمد کاکوروی کے ذریعہ ۱۲۷۷ھ (۱۸۶۰ء) میں اپنے فرزند مولاناعبدالحق خیرآبادی کے پاس بھیجا تھاجو پنسل اور کوئلے سے لکھے ہوئے مختلف پرچے تھے۔جن کو کئی ماہ کی محنت کے بعد درست اور مرتب کیاگیا۔ اس کتاب پر مولانا ابوالکلام آزاد نے تعارف لکھا اور مولانا محمد عبدالشاہد خاں شیروانی نے ۱۹۴۶ء کو ترجمہ کرکے شائع کیا۔جدید ایڈیشن اضافات کے ساتھ المجمع الاسلامی مبارک پور نے ’’باغی ہندوستان‘‘کے نام سے شائع کیا۔

۱۲۷۷ھ/۱۸۶۰ء میں جزیرۂ انڈمان سے رہائی کے بعد مفتی صاحب نے کان پور کو اپنی دینی وعلمی آماج گاہ بنایااور مدرسہ فیض عام قائم کرکے درس وتدریس میں ہمہ تن مصروف ہوگئے۔اپنے مدرسہ فیض عام کانپور کی کچھ خدمت کرکے آپ حج وزیارتِ حرمین شریفین کی نیت سے حجاز مقدس کے سفر پر روانہ ہوئے۔آپ کو امیرالحجاج بنایاگیااور شوق ووارافتگی کے ساتھ سارا قافلۂ حجاج بحری جہاز سے سرزمین حجاز کی جانب روانہ ہوا۔اثنائے سفر ایک سخت چٹان سے آپ کا جہازٹکرایااور شدت ضرب سے پاش پاش ہوگیا۔باون سال کی عمر میں ۱۷؍شوال ۱۲۷۹ھ/۱۸۶۳ء میں آپ مع قافلۂ حجاج شہید اور غریق ِ رحمت ہوگئے۔
Ataurrahman Noori
About the Author: Ataurrahman Noori Read More Articles by Ataurrahman Noori: 535 Articles with 737898 views M.A.,B.Ed.,MH-SET,Journalist & Pharmacist .. View More