نوم چومسکی(Noam Chomsky)

 نوم چومسکی نے سات دسمبر 1928کو فلاڈلفیاکے ایک متوسط یہودی گھرانے میں جنم لیا۔ اس خاندان کے افرا دعلم و ادب میں گہری دلچسپی رکھتے تھے ۔اس کا والد ولیم (William) جنوبی امریکہ میں میر لوس پارک (Melrose Park, Pennsylvania)میں واقع یہودی اساتذہ کی تربیت کے گریٹز کالج (Gratz College) میں عبرانی کا پروفیسر تھا۔ اس کا والداور والدہ ایلسی چومسکی (Elsie Chomsky)روسی یہودی مہاجر تھے ۔زمانہ طالب علمی ہی سے اس نو خیز طالب علم کو معاشرتی زندگی میں بڑھتی ہوئی طوائف الملوکی کے مسموم اثرات کے بارے میں تشویش تھی۔ وہ اس امر پر مضطرب رہتا کہ جہاں بھی جنگل کا قانون نافذ ہوتا ہے وہاں ثمے کے سم کے باعث تمام رُتیں بے ثمر ،کلیاں شرر،آبادیاں پُر خطر،زندگیاں مختصراورآہیں بے اثر ہو جاتی ہیں۔ دس برس کی عمر میں اس نے یورپ میں بڑھتی ہوئی فسطائیت، ریاستی جبر اور عصبیت کے خلاف ایک مضمون لکھا۔ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد نوم چومسکی نے سولہ سال کی عمر میں امریکہ کی ممتاز جامعہ یونیورسٹی آف پنسلوانیا میں داخلہ لیا ۔ یونیورسٹی آف پنسلوانیا میں حصول تعلیم کے عرصے میں نوم چومسکی کو زیلنگ ایس ہیرس ( Zellig S. Harris’)جیسے ممتاز ماہر لسانیات کی رہنمائی میسر آئی۔ سال 1740میں علم کی روشنی کے سفر کا آغاز کرنے والی یونیورسٹی آف پنسلوانیا جو شہری علاقے میں تین سو دو ایکڑ پر محیط ہے۔ دنیا میں اس جامعہ کا تیرہوں نمبرہے اور امریکہ کی چوتھی اہم جامعہ ہے ۔ اس جامعہ میں بیس ہزار کے قریب طلبا و طالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں جن میں سے پانچ ہزار کے قریب طلبا و طالبات بیرونی ممالک سے تحصیل علم کے لیے یہاں داخل ہیں ۔ان طلبا وطالبات کی تدریس پر تین ہزار اساتذہ مامور ہیں جن میں بین الاقوامی شہرت کے حامل تین سو اساتذہ کا تعلق بیرونی ممالک سے ہے ۔ اس قدیم جامعہ سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبا و طالبات نے عملی زندگی کے اہم شعبو ں میں گراں قدر خدمات انجام دیں ۔اس جامعہ میں دوران تعلیم نوم چومسکی نے لسانیات،ریاضی اور فلسفہ میں اختصاصی مہارت حاصل کی اور اپنی صلا حیتوں کا لوہا منوایا اور امتیازی نمبر حاصل کر کے کا میابی حاصل کی۔ ا س جامعہ کے اساتذہ بالخصوص زیلنگ ایس ہیرس نے اپنے نوخیز شاگرد نوم چومسکی کی صلاحیتوں کو جس صدقِ دل سے صیقل کیا اس کے اعجاز سے نوم چومسکی کا لسانیات میں استغراق اوج کمال تک پہنچ گیا۔ نوم چومسکی کے تمام اساتذہ اور ہم جماعت طلبا و طالبات اس کے جذبۂ انسانیت نوازی،جمہوریت نوازی،امن پسندی، باریک بینی،معاملہ فہمی ،جدت ِ خیا ل ، علم دوستی،حریت فکر،یہودیت اور لسانیات پر عالمانہ دسترس کے مداح تھے۔ اس جامعہ سے نوم چومسکی نے سال 1949میں بی ۔اے کاامتحان امتیازی نمبر حاصل کر کے پاس کیا۔سال 1951میں ایم۔اے کیا۔ایم ۔اے میں نوم چومسکی نے "The Morphophonemics of Modern Hebrew." کے موضوع پر مقالہ تحریر کیا۔ سال 1955میں پی ایچ ۔ڈی کی ڈگری حاصل کی ۔پی ایچ ۔ڈی کے لیے اس نے ہئیتی تبدیلی کے تجزیاتی مطالعہ پر ( Transformational Analysis) کے موضوع پر مقالہ لکھا ۔زیلنگ ایس ہیرس نے ہارورڈ یونیورسٹی کے جن نامور اساتذہ سے نوم چومسکی کو متعار ف کرایا ان میں ریاضی دان ناتھن فائن(Nathan Fine)، فلسفی ہینری نیلسن گڈ مین(Henry Nelson Goodman) اور فلسفی ڈبلیو۔ وی ۔کوئن(Willard Van Orman Quine) کے نام قابل ذکر ہیں۔

سال 1949میں نوم چومسکی نے اپنے بچپن کی رفیق کار ،ساتھی اور ذہین ہم جماعت ایجوکیشن سپیشلسٹ کیرل ڈورس شاٹز((Carol Doris Schatz سے شادی کر لی۔کیرل ڈورس شاٹز کے ساتھیہ شادی بہت کامیاب رہی ،ان کے تین بچے پیدا ہوئے ۔دونوں ایک دوسرے کے ہم خیال اور ہم مسلک تھے ۔بچوں کی پیدائش پر والدین بہت خوش تھے ۔بچوں کی تعلیم و تربیت پر نوم چومسکی اور اس کی اہلیہ نے بھرپور توجہ دی۔ ان کے بچے اویوا(Aviva,B:1957)،ڈیانی(Diane,B:1960) اور ہیری (Herry,B:1967) کامیاب زندگی بسر کر رہے ہیں۔ شادی کا یہ بندھن انسٹھ سال تک نہایت خوش اسلوبی سے بر قرار رہا۔ وفا شعار اہلیہ کیرل ڈورس شاٹز(1949-2008)کی کینسر کے عارضے کے باعث وفات کے بعد حالات نے ایسا رخ اختیار کیا کہ شامِ الم ڈھلتے ہی درد و کرب کی ہوا کے تند و تیز بگولوں کی زد میں آکر دِل کی انجمن کو سدا منور رکھنے والی حوصلے،اُمید اور صبر کی مشعل ٹمٹمانے لگتی۔ جب دِل کی ویرانی نے اذیت ناک صورت اختیار کر لی تو نوم چومسکی نے ہجوم یاس و تنہائی کے ہراساں اور نا خوشگوار شب و روز کی مسموم فضا سے نکلنے کی خاطر ہجوم غم میں دِل کو سنبھالنے کا فیصلہ کیا اورچھیاسی سال کی عمر میں چالیس سالہ ولیریا وسرمین (Valeria Wasserman)سے سال 2014میں دوسری شادی کر لی ۔

جب انسان کا سینہ و دِل حسرتوں سے چھا جائے تو غموں کے ازدحام میں جی کا گھبر ا جانا ایک فطری بات ہے۔دائمی مفارقت دینے والوں کی یادیں قلب ِحزیں کے لیے سوہانِ روح بن جاتی ہیں۔ان اعصاب شکن حالات میں واحد مُونسِ ہجراں صبر بھی ساتھ چھوڑ جاتا ہے۔ہر سُو بچھے ہوئے دکھوں کے جال سے بچنا ممکن ہی نہیں ہوتا۔کوئی چارہ گر ایسا نہیں ملتا جو غم فراق کا مداوا کرے اور ہجر کے دامنِ چاک کورفو کرے۔کسی کے دُکھ در دبانٹنے کے لیے جس عالی ظرفی ،وسعتِ نظر ، صبر و تحمل ،بے لوث محبت ،ایثار اور انسانی ہمدردی کی احتیاج ہے ،قحط الرجال کے موجودہ دور میں وہ عنقا ہے ۔اپنے گلے میں اپنی ہی بانہوں کو ڈالنے کے بجائے نوم چومسکی نے جب عقد ثانی کا غیر متوقع فیصلہ کیا تواحباب کی شادمانی،سنجیدہ طبقے کی حیرانی،ہجر و فراق کی بھٹی میں جلنے والوں کی کچھ نہ کر سکنے پر پشیمانی،حاسدوں کی چرب زبانی،بے تاب اُمنگوں کی بے کرانی اور دِلِ شکستہ کی فتنہ سامانی عجب گُل کھلا رہی تھی۔نوم چومسکی نے اپنی تخلیقی فعالیت کو مہمیز کرنے کی خاطرجو فیصلہ کیا وہ اس کے دِل کی آواز تھی۔دِل کے افسانے نگاہوں کی زباں تک پہنچ گئے اور تخلیقی وجدان کی جو بات اب چل نکلی ہے اب جانے کہاں تک پہنچے۔

نوم چومسکی نے فکر و خیال ،تخلیقِ ادب اور تنقید و تحقیق کے سب معائر اور نمونے بدل ڈالے۔جدید لسانیات میں فکر انگیزخیالات اور متنوع تجربات و اختراعات کی وجہ سے یورپ میں اس رجحان ساز ادیب کو بابائے جدید لسانیات قرار دیا جاتا ہے ۔ اس نے لسان ،اذہان اور تخلیقی وجدان کے مروّج معائر کو لائقِ اعتنا نہ سمجھا۔ اس نے تقلید کی مہلک روش سے دامن بچاتے ہوئے جدت اور اختراع کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے اپنی دنیا آپ پیدا کرنے کو نصب العین بنایا ۔اس نے عزم صمیم سے کام لیتے ہوئے افکارِ تازہ کی شمع ِ فروزاں تھام کرسعیٔ پیہم کو شعار بنا کرجہانِ تازہ کی جانب روشنی کے سفر کا آغاز کرنے پر اصرار کیا ۔سرمایہ دارانہ نظام،استعمار و استبداد کا فسطائی جبر ،سُپرطاقتوں کی من مانی فرما ں روائی ،طالع آزما اور مہم جُو عناصر کی شقاوت آمیز یلغار کے خلاف اس نے ہمیشہ نہایت جرأ ت مندانہ موقف اپنایا۔معاشرتی زندگی میں پس ماندہ،مفلوک الحال اور غربت کی لکیر سے بھی نیچے زندگی کے دِن پورے کرنے والی سسکتی ہوئی انسانیت کے ساتھ اس نے جو عہدِ وفااستوار کیاہمیشہ اسی کو علاج گردشِ لیل و نہار سمجھا۔اسے اس بات کا ہمیشہ قلق رہا ہے کہ محرومیاں ،مجبوریاں اور نا انصافیاں انسان کو مزاحمت اور بغاوت پر مائل کرتی ہیں ۔ کسی کوان اسباب و عوامل پر نظر ڈالنے کی فرصت ہی نہیں کہ آخر لوگ معاشرتی زندگی میں خوف و دہشت پھیلانے کے جان لیوا منصوبے کیوں بناتے ہیں۔اس کا خیال ہے کہ دنیا کے کسی بھی خطے میں جب ظلم حد سے بڑھ جاتا ہے تو وہاں کامظلوم طبقہ اپنے حقوق کے حصول کی خاطر جبر کا ہر انداز مسترد کرتے ہوئے فسطائی جبر کے سامنے سینہ سپر ہو جاتا ہے ۔جہاں تک شہرت کا تعلق ہے یہ تو انسان کو اس کے اچھے افعال کے باعث مل جاتی ہے ۔جہاں تک کردار کا تعلق ہے وہ انسان خود پیش کرتا ہے اور اس کا جائزہ اس کے معاصرین لیتے ہیں۔نوم چومسکی نے امریکی ماہر نفسیات اور ماہر کردار(Behaviorist) بی ایف سکنر (B.F Skinner) نظریہ کردار کے بارے میں بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیااور کردار کے بارے میں مروج و مقبول تصورات کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔

کردار اور رویوں کا سلسلہ روز و شب سے گہرا تعلق ہے۔ اس عالم آب و گل میں جب کوئی شخص چاہتوں ، اُمنگوں اور اُمیدوں کے گل ہائے رنگ رنگ کھلنے کی توقع لیے منزلوں کی جانب قدم بڑھاتاہے تو راہ میں ایسے لوگ بھی آجاتے ہیں جو کھلتے گلاب کو خار مغیلاں سے چھید ڈالتے ہیں۔ بادی النظر میں یہ حقیقت واضح ہے کہ انسان کو جو کردار ودیعت کیا جاتا ہے وہ جوابی حرکت کی اساس پر استوار ہوتا ہے ۔ اس سے یہ تاثرملتا ہے کہ ہر انسان کا روّیہ اورکردار ہی اس کی شناخت قرار پاتا ہے ۔ جب کسی انسان کا مطالعہ احوال ، شخصیت کا تجزیہ اور فکروخیال کے موضوعات پر تحلیل نفسی کا مر حلہ آتا ہے توکردار کو کلیدی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے گویا انسان کاکردا ر جہاں دروں بینی کی کلید ہے وہاں کسی خاص شخص کے مستقبل کے عزائم اور روّیوں کے بارے میں پیش بینی کے سلسلے میں کردار بے حد ممد ومعاون ثابت ہوتاہے۔کسی بھی ہزیمت اور ناکامی کو غلطی کا نتیجہ قراردنیا بہت بڑی ناانصافی ہے۔ اس بات کا امکان ہے کہ درپیش حالات اور جان لیوا مراحل میں کسی خاص شخص نے جو کردار ادا کیا اس کے علاوہ کوئی چارہ کار نہ ہو۔مسموم ماحول میں کٹھن حالات سے دل برداشتہ ہوکرمُردوں سے شرط باندھ کر سوجانا ، بے عملی،کاہلی،بُزدلی اور مایوسی کا شکار ہو کر ہاتھ پر ہاتھ دھرے منتظرِ فردا رہنااپنی نوعیت کے اعتبار سے ایسی مہلک غلطی ہے جس کا مداوا ممکن ہی نہیں۔ معاشرتی زندگی میں رنجش،بغض و عناد ،حقارتوں ،مصلحتوں ،چاہتوں ،محبتوں ،وفا اور بے وفائی کا غیر مختتم سلسلہ جاری ہے۔کسی شخص کی شقاوت آمیز نا انصافی ،توہین ، نفرت و حقارت اور عناد کو محسوس کر کے لبِ اظہار پر تالے لگا لینا اور کبھی حر ف شکایت لب پر نہ لانا عالی ظرفی،فراخ دلی،وسعت نظر اور صبر و تحمل کی دلیل ہے۔اسی سے کسی بھی شخص کے کردار کی پختگی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔صبر و تحمل کے ایسے پیکر کو دیکھ کر وہ سادیت پسندمتفنی جو ظلم ،ناانصافی اور دل آزاری کو وتیرہ بناتا ہے خود اپنے تئیں بے بس ،لاچار ،بے وقعت اور ہیچ محسوس کرتا ہے۔اس کے بر عکس اگر ذاتی انتقام کا ہدف بننے والا شخص بھی جارح کی طر ح پست سطح پر اُتر کر اسی طرح عامیانہ انداز میں اس کی لاف زنی اور بے ہُودہ گوئی کا جواب دے تو یہ اس کی شخصیت و کردار کے مکمل انہدام پر منتج ہوتا ہے ۔جارح اسے اپنی کامیابی پر محمول کرتے ہوئے یہ سمجھتا ہے کہ اس کے مخاطب نے بھی اس جیسا کردار اپنا لیاہے۔اب وہ دونوں ایک جیسے ہیں کیوں کہ مخاطب کو بھی اس نے اپنے رنگ میں رنگ لیا ہے ۔اپنی اس کامیابی پر وہ خوشی سے پُھولا نہیں سماتا ۔کردار میں ترک و انتخاب کا مر حلہ بہت باریک بینی،ریاضت،ارتکاز توجہ اور صبر و تحمل کا متقاضی خیال کیا جاتا ہے۔یاد رکھنا چاہیے کہ ناکامی،ہزیمت یا کسی بھی محاذ سے پسپائی بھی فعال انسان کے کردار کے اختتام کی نشانی ہرگز نہیں بل کہ کسی بھی انسان کا حسرت ناک انجام اس وقت ہو جاتا ہے جب وہ سعیٔ پیہم،ستیز اور جہد للبقاکے تصور کو پس پشت ڈال کر بیزارر کُن مایوسی اور نااُمیدی کا شکار ہو جاتا ہے مافوق الفطرت عناصر کی موہوم امداد، سایوں پر انحصار،محیر العقول کرشموں کے ظہور اورسرابوں کی جستجو میں جی کا زیان کرتا ہے۔یہی وہ مہلک روّیہ ہے جو کسی بھی فرد کے کردار اور شخصیت کی تباہی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوتا ہے۔

ایک فعال اور مستعد تخلیق کار کی حیثیت سے نوم چومسکی نے ادراکی معرفت،لسانیات،تحلیل نفسیات پر مبنی فلسفیانہ مباحث،تاریخ،سماجی اور معاشرتی تنقید،تہذیب و ثقافت اور سیاست جیسے اہم شعبوں سے تعلق رکھنے والے متنوع موضوعات پر اپنی وقیع تحریروں سے قارئین کو مثبت شعور و آگہی سے متمتع کرنے کی مقدور بھر کوشش کی۔ ہسپانوی ،لاطینی امریکہ اور پُر تگال کے باشندوں کی زبان کے ماہر گبریل جیکسن(Gabriel Jackson.)کے تصور کا تنقیدی مطالعہ نوم چومسکی کا اہم کام ہے ۔ اس کا شمار ادراکی معرفت کی سائنس کی تفہیم کو زیر بحث لانے والے ان ممتاز دانش وروں میں ہوتا ہے جنھیں اس شعبہ کے بنیاد گزار کی حیثیت حاصل ہے۔عالمی سیاست کے نشیب وفراز پر نوم چومسکی نے ہمیشہ گہری نظر رکھی ہے۔جنگ ویت نام(آغاز یکم نومبر 1955،اختتام:تیس اپریل1975)پر نوم چومسکی نے ہمیشہ گہری تشویش کا اظہار کیا اور امریکی حکومت کی خارجہ پالیسی اور جنگی جنون کو ہدفِ تنقید بنانے میں کبھی تامل نہ کیا۔نوم چومسکی کی پیش بینی پر مبنی اندیشے درست تھے اس تباہ کن جنگ نے شمالی ویت نام،جنوبی ویت نام،لاؤس،کمبوڈیااور ہند چینی کے عوام کو ہر شعبۂ زندگی میں ناقابل اندمال صدمات سے دو چار کر دیا۔شمالی ویت نام کے عوام نے بالآخر استعماری قوتوں کو پسپا کر دیا اور سلطانیٔ جمہور کی راہ ہموار ہو گئی۔نوم چومسکی نے جنگ ویت نام میں امریکی مسلح افواج کی شمولیت پر اپنے شدید کرب اور تحفظات کا بر ملا اظہار کیا۔سال 1967میں جنگ ویت نام کے موضوع پر اپنے ایک مضمون’’Essay on the subject‘‘میں نوم چومسکی نے امریکی حکومت کی داخلی اور خارجی حکمت عملی پر گرفت کی اور اس پر کڑی تنقید کی۔اس نے ویت نام میں امریکی یلغار کو استعمار سے تعبیر کیااور اس اقدام کو بلاجواز قرار دیا۔اپنی حق گوئی اور بے باکی کے باعث نوم چومسکی کو قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑیں۔حریت ضمیر سے جینے اور حریت ِفکر و عمل کا علم بلند رکھنے کے سلسلے میں نوم چومسکی کی جد و جہد کو یورپ میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔

بر صغیر میں سید محمد جعفر زٹلی،مولانا ظفر علی خان،حسرت موہانی،احمد ندیم قاسمی،فیض احمد فیض ،احمد فراز،حبیب جالب، رام ریاض اورصہبا اختر نے اس سے کہیں بڑھ کر آزادیٔ اظہار کے لیے جد و جہد کی اور قید و بند کی صعوبتیں بر داشت کیں۔اُردو زبان میں حریت فکر کا پہلا مجاہد سید محمد جعفر زٹلی ہے جس نے مغل بادشاہ فرخ سیر کے فسطائی جبر کے خلاف کھل کر اظہار خیال کیا ۔جس کے نتیجے میں اس زیرک اور جری شاعر کو ایک بُزدل اور عیاش مطلق العنان بادشاہ نے دار پر کھنچوا دیا۔ اُردو زبان کے جری تخلیق کاروں نے ہوائے جورو ستم میں بھی حریت فکر کی شمع فروزاں رکھی۔اردو زبان کے ادیبوں نے کبھی مصلحت کی پروا نہ کی اور نہ ہی الفاظ کو فرغلوں میں لپیٹ کر پیش کیا ۔احمد ندیم قاسمی کی نظم ’’پتھر‘‘، حبیب جالب کی نظم’’ دستور‘‘ اور احمد فراز کی نظم ’’محاصرہ‘‘ ا اس کی عمدہ مثالیں ہیں ۔اکتوبر 1967میں نوم چومسکی کو پہلی مرتبہ پابند سلاسل کیا گیا ۔زندان کے ایام اسیری کے دوران میں اس کی ملاقات ممتاز امریکی ادیب ، سیاسی کارکن ،مورخ ،صحافی،ناول نگار،اداکار،فلم سازاور ڈرامہ نگار نارمن میلر (Norman Mailer)سے ہوئی ۔ نارمن میلر(1923-2007) بھی نوم چومسکی کی طرح حکومتی پالیسی پر تنقید کے باعث ان دنوں ریاستی جبر کی زد میں تھا۔امریکی صدر نکسن(عہدہ صدارت:بیس جنوری1969تانو اگست1974)نے نوم چومسکی کو اپنے ذاتی انتقام اور غیظ و غضب کا نشانہ بنایا۔نوم چومسکی نے ابتلا اور آزمائش کی ہر گھڑی اور ہوائے جورو ستم میں رخِ وفا کو بجھنے نہ دیا اور حوصلے اور اُمید کی شمع کو ہمیشہ فروزا ں رکھنے کی تلقین کی۔اس نے سرمایہ داری،استعماراور ایٹمی طاقتوں کے جبر کے خلاف ہمیشہ کھل کر لکھا اور کسی مصلحت کی پروا نہ کی اور استبداد کے سامنے سپر انداز ہونے سے انکار کردیا ۔نوم چومسکی نے واضح کیا کہ ہر شعبۂ زندگی سے وابستہ لوگ قلزم ہستی سے حقائق اور صداقتوں کے گہر ہائے آبدار بر آمد کرنے کے آرزو مند ہیں۔المیہ یہ ہے کہ سب تلخ حقائق اور صداقتیں ہر طرف پھیلی ہوئی پراپیگنڈا مشینری کی اُڑائی ہوئی دُھول اور ابلقِ ایام کے سُموں کی گرد میں نہاں ہو تی چلی جا رہی ہیں۔اپنے اسلوب کے بارے میں اس کا ہمیشہ سے یہی اصرار رہا ہے کہ وہ تو صرف پردہ اُٹھاتا ہے تا کہ پوشیدہ حقائق اور نہاں صداقتیں منظر عام پر لائی جا سکیں۔یہ کوئی غیر معمولی کام نہیں کوئی بھی شخص یہ اہم خدمت انجام دے سکتا ہے مگر اس کے لیے والہانہ انداز کی حامل اور قلبی وابستگی کی مظہر تحقیق اور منطقی دلائل کو رو بہ عمل لانا از بس ضروری ہے ۔

لسانیات ، ادراکی نفسیا ت، حیاتیاتی سائنس ، فلسفہ ، منطق ، کمپیوٹر سائنس کے شعبوں میں اس یگانہ ٔ روز گار فاضل نے اپنی فقیدالمثال کامیابیوں کے جھنڈے گاڈر دیئے۔ اس کے علاوہ سیاسی سماجی اور معاشرتی زندگی کے مسائل کے بارے میں اس کے انقلابی تصورات کی گونج پوری دنیا میں سنائی دینے لگی۔ اس کی تخلیقی فعالیت اور حریت فکر و عمل کی بنا پر اسے دنیا کا ممتاز مفکر قرار دیا جاتا ہے۔نوم چومسکی نے1947 میں امریکی ماہر لسانیات پروفیسر زیلگ ہیرس( :1909-1992 Zailig Haris ) سے لسانیات کے موضوع پر اکتساب فیض کیا۔نوم چو مسکی نے اپنے فکر انگیزخیالات کو اپنے منفرد انداز میں نوم چومسکی سلسلہ مراتب میں پیش کیا ہے۔ اس کا خیال ہے کہ لسانیات میں الفاظ و معانی کے تضادات کو پیش نظر رکھتے ہوئے جملوں کو کئی درجوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے۔ لسانیات میں جملوں کی تقسیم کا یہ مرحلہ قواعد کے پیچ در پیچ سلسلے کی اساس پر استوار ہوتا ہے۔جملوں کے اظہار و ابلاغ کی پیچیدگی کو ملحوظ رکھتے ہوئے ان کی گو ناگوں سلسلوں میں تقسیم کے تصور کو کمپیوٹر سائنس نے بہت اہم قرار دیااور اس سے مستفیدہونے کی سعی کی نوم چومسکی نے امریکہ کی ہارورڈ یونیورسٹی(Harvard University )میں پانچ برس(1951-1955) تک تدریسی خدمات انجا م دیں۔سال 1636سے فروغ علم کے لیے کام کا آغاز کرنے والی اس ممتاز جامعہ میں نوم چومسکی کا تقررسوسائٹی آف فیلوز میں ہوا۔اسی جامعہ میں نوم چومسکی نے سال 1955میں اپنی ٹرانسفار میشنل گرامر(Transformational grammar) کی تھیوری پیش کی۔ سال 1955میں ماہر لسانیات مورس ہیلے (Morris Halle) کے تعاون سے نوم چومسکی امریکہ کے ممتاز ادارے ایم آئی ٹی(Massachusetts Institute of Technology)جو سال 1861سے قائم ہے ، سے وابستہ ہو گیا اور یہ وابستگی اب تک بر قرار ہے۔ ابھی نوم چومسکی نے اپنے پی ایچ ۔ڈی کے مقالے کا پہلا باب ہی لکھا تھا کہ ایم۔آئی ۔ٹی کی طرف سے اسے تقرر نامہ مل گیا۔ اس تاریخی ادارے میں اس نے کامرانیوں کے نئے باب رقم کیے ۔ وہ انتیس سال کی عمر میں ایسوسی ایٹ پروفیسر بنا اور سال 1961میں بتیس سال کی عمر وہ پروفیسر کے منصب پر فائز ہوا۔ سال 1966میں سینتیس سال کی عمر میں وہ موقوفہ مسند (Endowed Chair)کا حق دار ٹھہرااور سال1976میں سینتالیس سال کی عمر میں اسے انسٹی ٹیوٹ کا پروفیسر مقرر کیا گیا جو اس کے لیے بہت بڑا اعزاز و امتیاز ہے۔ سال 1957میں جب اس کی معرکہ آرا تصنیف ( Syntactic Structures) شائع ہوئی تواس کی پُوری دنیا میں پزیرائی کی گئی ۔اس کتاب کو جدید لسانیات کے شعبے میں سنگ میل کی حیثیت حاصل ہے ۔دنیا بھر سے بیالیس جامعات نے نوم چومسکی کو اعزازی ڈگریوں سے نواز ا ہے۔نوم چومسکی کو ملنے والے اہم ایوارڈز درج ذیل ہیں:
Guggenheim Fellowship (1971)
APA Award for Distinguished Scientific Contributions to Psychology (1984)
Orwell Award (1987, 1989)
Kyoto Prize in Basic Sciences (1988)
Helmholtz Medal (1996)
Benjamin Franklin Medal in Computer and Cognitive Science (1999)
Sydney Peace Prize (2011)
نوم چومسکی حیات اور ادبی خدمات کاجائزہ لینے کی غرض سے متعدد محققین نے مقالات اور تصانیف پیش کی ہیں ۔اس کی سوانح حیات بھی مرتب کی گئی ہیں جنھیں قارئین ِادب نے قدر کی نگاہ سے دیکھا۔ نوم چومسکی کے سوانح نگاروں میں رابرٹ برسکی(Robert Barsky) کا نام بہت اہم ہے ۔اس محقق نے اپنی کتاب (Noam Chomsky: A Life of Dissent )میں نوم چومسکی کی زندگی کے تمام اہم پہلوؤں کا احاطہ کرنے کی کوشش کی ہے ۔سال 1997میں شائع ہونے والی اس سوانح حیات کے مطالعہ سے یہ حقیقت معلوم ہوتی ہے کہ رابرٹ برسکی کونوم چومسکی کی حیات ،علمی و ادبی خدمات اور نظریات کے بارے میں استناد کا درجہ حاصل ہے۔

نوم چو مسکی کے اسلوب پر عالمانہ دسترس رکھنے والے اور اس کے طرز زندگی کا نہایت قریب سے مشاہدہ کرنے والے ایک اور سوانح نگار والف گانگ بی سپر لچ(Wolfgang B. Sperlich) نے سال 2006میں شائع ہونے والی اپنی کتاب(Noam Chomsky: Critical Lives) میں اس ماہر لسانیات کی زندگی کے نشیب و فراز پر حقیقت پسندانہ انداز میں روشنی ڈالی ہے۔ اس سوانح نگار کا خیال ہے کہ نوم چومسکی ایک ایسا گوشہ نشین ادیب ہے جس نے نمو دو نمائش سے ہمیشہ اجتناب کیا اور ستائش وصلے کی تمنا سے بے نیاز رہتے ہوئے پرورش لوح و قلم کو اپنا شعار بنایا ۔اس کے اسلوب کا عمیق مطالعہ کرنے سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ نوم چومسکی کو اس بات کا یقین ہے کہ سعی پیہم کے معجز نمااثر سے انسان اپنی تقدیر بدل سکتا ہے۔اس نے محنت کشوں کو یہی پیغام دیا کہ وہ اپنی دنیا آپ پیدا کرنے میں انہماک کا مظاہرہ کریں۔ یاد رکھنا چاہیے خانۂ فرہاد کی تابانی فرہاد کی جانفشانی اور شر ر تیشہ کی ضوفشانی کی مر ہون ِ منت ہے ۔قحط الرجال کے موجودہ زمانے میں تھوتھا چنا ہمیشہ گھنا باجتا ہے ساتھ ہی کاتا اور لے دوڑا کی روش نے چربہ ساز ،کفن دُزد ،جعل ساز اور سارق حشراتِ ادب کی جسارت سارقانہ نے تخلیق ادب کو بازیچۂ اطفال بنا دیا ہے ۔اس قماش کے مہا مسخرے، چکنے گھڑے اور تھالی کے بینگن جہاں بھی جاتے ہیں دو طرفہ ندامت اور ذوق سلیم سے متمتع لوگوں کی ملامت ان کا تعاقب کرتی ہے ۔نوم چومسکی نے خود ستائی کو ہمیشہ نا پسند کیا اور اپنی دھن میں مگن رہتے ہوئے اپنے دِل پر گزرنے والے سب موسموں کا احوال دیانت داری سے زیبِ قرطاس کیا۔ نوم چومسکی کے زیرک سوانح نگار والف گانگ بی سپر لچ نے لکھا ہے :
,,Noam Chomsky is one of the most notable contemporary champions of people.He is also a scientist of the highest calibre.But is he great material for a biography ?Certainly not,if you ask the subject.An intensely private man,he is horrified to be considered the main character in the story.He jokes about the notion that people come to see him,listen to him,even adore him,when in fact he is the most boring speaker ever to hit the stage.,, (1)
نو م چومسکی ایک کثیر التصانیف ادیب ہے جس نے دو سو سے زائد کتب اور ایک ہزار سے زائد تحقیقی مقالات لکھ کر علم وادب کی ثروت میں اضافہ کیا ہے ۔ اپنی ابتدائی زندگی میں نوم چومسکی نے جرمنی سے تعلق رکھنے والے انارکسٹ مفکر روڈالف راکر (Rudolf Rocker)کی تصانیف کا مطالعہ کیا اور ان سے گہرے اثرات قبول کیے ۔(2) نوم چومسکی نے روڈالف راکر کی تصنیف ’’The tragedy of Spain ‘‘کا کم عمری میں مطالعہ کیا تھا۔بہت جلد نوم چومسکی نے اپنے لیے ایک جداگانہ طر ز فکر کا انتخاب کیا۔نوم چومسکی کی تصانیف کے ایڈیشن ہزاروں کی تعداد میں شائع ہوتے ہیں۔عالمی ادبیات میں نوم چومسکی کی خدمات کے اعتراف میں اس کے مداح یہ بات بر ملا کہتے ہیں کہ نوم چومسکی اس پائے کا ادیب ہے جسے لمحے نہیں بل کہ آنے والی نسلیں صدیوں تک یاد رکھیں گی ۔تاریخ اور اس کے مسلسل عمل پر گہری نظر رکھنے والے حقیقت پسند ادیب اس حقیقت سے با خبر ہیں کہ جس شان سے اٹلی کے ماہر فلکیات گلیلیو(Galileo) ، فرانسیسی فلسفی اور ریاضی دان رینے ڈسکارٹس (René Descartes)، برطانوی ماہر طبیعات نیوٹن(Isaac Newton)، موسیقار موذارٹ (Wolfgang Amadeus Mozart) اور سپین کے مجسمہ ساز پبلو پکاسوPablo Picasso) نے جریدۂ عالم پر اپنا دوام ثبت کر دیا،اسی طرح نوم چومسکی کی لسانی، علمی و ادبی خدمات کی بنا پر اس کا نام لوح ِ جہاں پر درخشاں حروف میں لکھا جائے گا۔ دنیا بھر میں اس کے لاکھو ں مداح موجود ہیں جو اس کی تصانیف کو بڑے اشتیاق سے خریدتے ہیں نوم چو مسکی کی اہم تصانیف درج ذیل ہیں:
1.Manufacturing Consent,1988,2.Understanding Power,2002,3.Hegemony or Survival,4.Chomsky on Anarchism,2005,5.Failed States,2006,6.Profit over People,1999,7.Necessary Illusions,1989,8.Who Rules the World?2016,9.Deterring Democracy,1991,10.The Fateful Triangle,1983,11.The Year 501,1992,12.Syntactic Structures,1957,13,How the World Works,2011,14.Language and Mind,1968,15.American Power and the New Mandarins,1969,16.Powers and prospects,1996,17.Hopes and Prospects,2010,18.Pirates & Emperors, Old & New,1986,19.Gaza in Crisis,2010,20.The Essential Chomsky,1999,21.
,21.Rethinking Camelot,1993,22.Because We Say So,2015,23.9-11
Book by Noam Chomsky,2001,24.The Chomsky Reader,1987,25.Aspects of the Theory of Syntax,1965,26.What Uncle Sam really wants,1992,27.Masters of Mankind: Essays and Lectures, 1969-2013,28.Imperial Ambitions,2005,29.The Prosperous Few and the Restless Many,1994,30.Rogue States: The Rule of Force in World Affairs,2000,31.Secrets, lies, and democracy,1994,32.On power and ideology,1987,33.The culture of terrorism,1988,34.The Washington connection and Third World fascism,1979,35.Propaganda and the Public Mind,2001,36.At war with Asia,1969,37.For Reasons of State,1973,38.The Sound Pattern of English,1968,39.Keeping the rabble in line,1994,40.World Orders Old and New,1994,41.What We Say Goes,2007,42.The New Military Humanism,1999,43.What Kind of Creatures Are We?2015,44.Government in the Future2005,45.Knowledge of Language: Its Nature, Origin, and Use,1986,46.Perilous Power. The Middle East and US Foreign Policy. Dialogues on Terror, ...2006,47.Making the Future,2012,48.Problems of Knowledge and Freedom1971,49.Chomsky on Mis-Education,2000,50.On Palestine,2015.

لسانیات میں ادراکی انقلاب کو مہمیز کرنے کے سلسلے میں نوم چومسکی کا سال 1950سے شروع ہونے والاکردار کلیدی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے۔ اس نے اپنے فکر پرو ر تصورات سے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ اپنی نوعیت کے اعتبار سے زبان کوادراکی سائنس کا درجہ حاصل ہے ۔ لسانیات کے ماہرین کا خیا ل ہے کہ پیغامات کی ترسیل و تفہیم اور اظہار و ابلاغ کے سلسلے میں ذہن و زبان اورادراکی نفسیات کی اہمیت مسلمہ ہے ۔اس لیے نوم چومسکی نے اس پر اپنی توجہ مرکوز رکھی ۔نوم چومسکی نے اپنے خیالات کا اظہار یو ں کیا ہے :
So far we have considered the linguist's task to be that of producing a device of some sort (called a grammar) for generating all and-only-the sentences of a language, which we have assumed were somehow giveninadvance. We have seen that this conception pf the linguist's activities leads us naturally to describe languages in terms of a-- set- -o flevels of representation, some of which are quite ab--s-t-r-a ct and non-trivial. 1n particular, it leads us to establish phrase structure and transformational structure as distinct levels of representation for grammatical sentences. We shall now proceed to formulate the linguist's goals in quite different and independent terms which, however, lead to very similar notions of linguistic structure.(3)
لسانی گرامر کے بارے میں نوم چومسکی کا خیال ہے کہ اس کے وسیلے سے اظہار و ابلاغ کے نئے در وا ہوتے چلے جاتے ہیں۔اس عمل کے دوران تکلم او ر سماعت کے سلسلے ایسے جوڑے اور سیٹ بناتے ہیں جو صوتیات،نحویات اور لسانیات میں کلیدی اہمیت کے حامل سمجھے جاتے ہیں۔نوم چومسکی نے ایک ادراکی ماڈل کے ذریعے لسانی عمل کی تفہیم کی سعی کی ہے:
اشارات ------ PM --------- نحوی نمائندگی
دیگر اطلاعات -------- ------- لسانی نمائندگی
-------------صوتی نمائندگی (4)

نوم چومسکی نے ایس آئی( SI)کی صورت میں لسانی جوڑے کو اپنے ماڈل میں جگہ دی ہے ۔اس نے ایس(S)سے صوتی نمائندگی مراد لی ہے جب کہ وہ آئی ( I ) کولسانی نمائندگی کا ایسامظہر قرار دیتا ہے جو بیان کی تشریح و توضیح کی استعدا درکھتا ہے۔بادی النظر میں یہ حقیقت واضح ہے کہ یہ ایک ایسا لسانی ماڈل ہے جو اپنی کارکردگی کے اعتبار سے ایک خاص آہنگ رکھتا ہے اور اس کا انسلاک آوازوں اور مفاہیم سے ہے ۔یہ ایک ادراکی ماڈل ہے جسے نوم چومسکی نے پی ایم(PM)کا نام دیا ہے۔ یہی لسانی ماڈل نوم چومسکی کے خیال میں لسانی گرامر کی نمائندگی کا آئینہ دار ہے ۔اسے وہ ایک ایسے ادراکی لسانی آلے سے تعبیر کرتا ہے جو اشارات ،نوائے دل کشا اور آہنگ و صوت کو درآمدی معلومات کے طور پر وصول کرنے کے بعدبر آمدی اظہارات کے مختلف رُوپ سامنے لاتا ہے جن کا کرشمہ نحوی،لسانی اور صوتی نمائندگی کی صورت میں دامنِ دِل کھینچتا ہے۔لسانیات کے موضوع پر نوم چومسکی کے درج ذیل کتب کو مستند سمجھا جاتا ہے :
Current Issues in Linguistic Theory (1964), Aspects of the Theory of Syntax (1965), The Sound Pattern of English (with Morris Halle, 1968), Language and Mind (1972), Studies on Semantics in Generative Grammar (1972), and Knowledge of Language (1986).

نوم چومسکی نے لسانیات میں ٹرانسفارمیشنل گرامر(Transformational Grammar) کی تھیوری پیش کی ۔اس کا خیال ہے کہ زبانوں کی نوعیت خلقی اور فطری ہے۔ان زبانوں میں جو اختلافات اور امتیازات دیکھنے میں آتے ہیں ان کے پسِ پردہ اظہار و ابلاغ کے تیزی سے بدلتے ہوئے معائر ،فکر وخیال کی حد بندیاں ،فہم وادراک کی مقداروں کے تعین کے معاملات کار فرما ہیں جنھیں اذہان پر حاوی کر دیا گیا ہے۔یہ حقیقت کسی سے پوشیدہ نہیں کہ طفلِ مکتب کے لیے نئی زبانیں سیکھنا سہل ہے ،اس کے بر عکس جوانوں اور معمر لوگوں کے لیے نئی لسانیات کی آموزش نہایت کٹھن مر حلہ ہے ۔ لسانیات میں نوم چومسکی کے تنظیمی ڈھانچے (Chomsky Hierarchy)کو اس کا معرکہ آرا تصور قرار دیا جاتا ہے۔اس نے لسانی گرامر کو ایسے گروپوں میں منقسم کر دیاجونشیب وفرازکی کیفیت میں اظہاری صلاحیتوں کے ابلاغ کا وسیلہ ہیں۔اس کے تصورات اپنی معنی خیزی اور نتائج کے لحاظ سے حیران کن ثا بت ہوئے ۔ لسا نیات کے مو ضوع پر چو مسکی کی ان معر کہ آرا کتب کی ہر سو دھوم ہے۔ سیاسی زندگی میں نوم چومسکی کو ایک آزاد خیال سوشلسٹ سمجھا جاتاہے۔

دنیا بھر کی ممتاز جا معات میں نوم چومسکی نے توسیعی لیکچرز دئیے ہیں۔ان کی تصانیف لاکھوں کی تعداد میں شائع ہوئی ہیں۔نوم چومسکی کا شمار ان ممتاز ادیبوں اور مورخین میں ہوتا ہے جن کا سب سے زیادہ حوالہ دیا جاتا ہے ۔اپنے ہاتھ میں سونے کا قلم تھام کر افلاس کے عقدے حل کرنے والے اس دانش ور نے بڑے ٹھاٹ اور کر و فر سے زندگی بسر کی ہے ۔دنیا بھر کے مفلس و قلاش، محکوم ،مظلوم و محروم طبقوں اور پس ماندہ اقوام کے غم میں درد انگیز نالوں سے لبریز تصانیف پیش کرنے والے اس مصنف نے مسلسل سات عشروں سے دکھی انسانیت کے ساتھ جو عہدِ وفا استوار کر رکھا ہے اسی کو حصول رزق بسیار کا موثر ترین وسیلہ بھی سمجھ رکھا ہے ۔اس نے بلاشبہ اپنی تحریروں سے اپنے قارئین کو ایک ولوۂ تازہ عطا کیا لیکن اس کی نجی زندگی کے شب و روزاور شاہانہ انداز کو دیکھ کر لوگ ششدر رہ جاتے ہیں۔آخر سب اس نتیجے پر پہنچتے ہیں کہ کواکب کی تابانی اور چکا چوند اپنی جگہ مگر ان کی اصلیت کچھ اورہوتی ہے ۔
مآخذ
1.Wolfgang B. Sperlich: Noam Chomsky: Critical Lives,Reaktion Books,London,2006,Page,8.
2.Robert Barsky:Noam Chomsky: A Life of Dissent,MIT press London,1998,Page 28
3.Noam Chomsky:Syntactic Structures,Mouton Publishers,The Hague,Paris,1957,Page ,85.
4.Noam Chomdky:Language and Mind,Cambridge University Press,UK,2006,Page,103.
Ghulam Ibn-e-Sultan
About the Author: Ghulam Ibn-e-Sultan Read More Articles by Ghulam Ibn-e-Sultan: 277 Articles with 691021 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.