’’گل زارِ اردوٗ ‘‘ پر ایک نظر

محترم کلیم احمد قادری ابن امان اللہ ، ساکن دھرن گاؤں ؛ ضلع پریشد جل گاؤں کے اردو اساتذہ میں ایک فعال اور متحرک معلم کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں ۔ فی الحال بوائز اردواسکول نمبر ۲ ، کاسودہ ، تعلقہ ارنڈول میں برسرِ کار ہیں ۔ درس و تدریس جیسے تقدیسی پیشے سے منسلک رہتے ہوئے آپ طلبہ کی تعلیم و تربیت ، کردار سازی اور ان کی عام معلومات میں اضافہ کرنے کے تئیں مخلص جذبات کے حامل ہیں ۔ ان ہی محسوسات کا ایک اظہاریہ موصوف کی مرتبہ ’’اسلامی کوئز انبیاے کرام علیہم السلام ‘‘ نامی ایک معلومات افزا، مفید اور کار آمد کتاب ہے۔ جو اپنی اشاعت کے بعدحوصلہ افزائی اور پذیرائی کے مراحل سے گذر چکی ہے۔ مذکورہ کتاب کا اب دوسرا ایڈیشن جلد ہی منظر عام پر آنے والا ہے۔

فی زمانہ اردو اسکولوں کے دن بہ دن پست ہوتے تعلیمی معیار کے سبب ہم دیکھتے ہیں کہ کچھ طلبہ بڑی جماعتوں تک پہنچ جانے کے باوجود بھی صحیح طریقے سے اپنی مادری زبان اردو پڑھنا اور لکھنا ہی نہیں جانتے اور کچھ تو حروف کی جوڑ اشکال سے بھی آگاہ نہیں رہتے، ایسے طلبہ احساسِ کم تری کا شکار ہوکر اسکول چھوڑ بیٹھتے ہیں جس سے ضائعگی اور جمود کا تناسب بڑھتا چلا جاتا ہے جو کہ انتہائی قابلِ تشویش بات ہے۔

اردو ہماری مادری زبان ہے جو کہ مافی الضمیر کے اظہار کا جامع ترین وسیلہ ہے ۔ برصغیر ہندو پاک میں آج ہمارے مذہب کا بیش تر اثاثہ اردو میں ہی ہے اگر اس کی صحیح تدریس نہ کی گئی تو مستقبل میں بھیانک نقصانات سے دوچار ہونا پڑ سکتا ہے۔

اردو زبان کی صحیح اور آسان تدریس اور اس کے فروغ و استحکام کے جذبات سے سرشار محترم کلیم احمد قادری جیسے حساس معلمِ اردو نے اردو زبان سے اپنی والہانہ محبت و الفت کا ثبوت پیش کرنے نیز بڑی جماعتوں کے کم زور طلبہ اور ابتدائی جماعتوں کے ذہین طلبہ کے لیے آسانی سے اردو سیکھنے کی ایک نہایت جامع ، مفید اور کار آمد کتاب ’’گل زارِ اردو‘‘ کے نام سے ترتیب دی ہے ۔ جو سراہے جانے کے قابل ہے ۔

زیرِ تذکرہ کتاب ’’ گل زارِ اردو‘‘ میں موصوف نے طلبہ کی عمر اور نفسیات کوسامنے رکھتے ہوئے ’’آسان سے مشکل‘‘ طریقۂ تدریس کا استعمال کرکے جملہ اسباق کو سلسلہ وار ترتیب دیا، اس حُسنِ ترتیب سے آپ کی تدریسی صلاحیتوں کا اعتراف کرنا پڑتا ہے۔ کتاب ۶۰؍ اسباق پر مشتمل ہے، ہر سبق کے لیے ایک دن مختص کرکے پوری کتاب دو مہینے میں اگر کم زور طلبہ کو صحیح طریقے سے پڑھادی جائے تو وہ کماحقہٗ اردو سیکھنے میں کام یابی حاصل کرسکتے ہیں ۔

کلیم احمد صاحب نے اس کتاب کی ترتیب و تدوین میں کافی عرق ریزی کا مظاہرہ کیاہے۔ کتاب کا جائزہ لینے کے بعد ظاہر ہوتا ہے کہ اس کا م کو بہ حسن و خوبی انجام دینے کے لیے انھیں درجنوں کتابیں پڑھنی پڑی ہوگی۔ اپنے موضوع اور نوعیت کے اعتبار سے بلا شبہ اسے ایک عمدہ اور منفرد کوشش قراردینا غیر مناسب نہ ہوگا۔

فی زمانہ جب کہ اردو اسکولوں میں سطحی تعلیم کا رواج عام ہوتے جارہا ہے ، طلبہ ، اساتذہ اور سرپرست سبھی سہل پسندی اور آرام طلبی کے اسیر ہوتے جارہے ہیں اور بعض اساتذہ اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرنے سے گریز کرنے میں کافی آگے تک نکل چکے ہیں جس کے نتیجے میں بڑی جماعتوں تک پہنچ کر ہمادے بہت سارے طلبہ اپنی مادری زبان پڑھنے اور لکھنے میں مشکلات کا سامنا کرتے نظر آتے ہیں ۔ ایسے ناگفتہ بہ حالات میں ‘‘گل زارِ اردو‘‘ کی طرح معیاری، مثبت اور تحقیقی کاموں کی اشد ضرورت ہے، کلیم صاحب کی مرتبہ اس خوب صورت کتاب کو اہل نقد و نظر اور تعلیم و تعلُم سے شعبوں سے جُڑے افراد یقینا تحسینی نظروں سے دیکھیں گے۔ ۸۰؍ صفحات کی یہ معرکہ آرا کتاب صرف ۳۰؍ روپے میں قادری کتبا گھر محلہ پتال نگری دھرن گاؤں ضلع جل گاؤں اور رحمانی پبلی کیشنز ۱۰۳۲؍ اسلام پورہ ، مالیگاؤں ضلع ناشک سے اردو اسکولوں کے اساتذہ اور اپنے بچوں کو صحیح اردو سکھانے کے خواہش مند افراد حاصل کرکے دورانِ تدریس اس کتاب سے استفادہ اُٹھائیں ۔ ان شآء اللہ بچوں کے اندر مثبت تبدیلیاںرونماہوں گی۔

کتاب صوری لحاظ سے خوب صورت ہے ، صفحہ نمبر ۶۴؍ پر عبدالباری’’ عبدلباری‘‘ کمپوز ہوگیا ہے بقیہ پوری کتاب میں کمپوزنگ اور پروف ریڈنگ پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔دعا ہے کہ کلیم احمد قادری صاحب کے اس کام اللہ تعالیٰ شَرَفِ قبول بخشے اور ان کے لیے اِسے صدقۂ جاریہ بنائے (آمین) ۲؍رمضان المبارک ۱۴۳۲ھ / 11۔8۔3
 
Dr. Muhammed Husain Mushahi Razvi
About the Author: Dr. Muhammed Husain Mushahi Razvi Read More Articles by Dr. Muhammed Husain Mushahi Razvi: 409 Articles with 654318 views

Dr.Muhammed Husain Mushahid Razvi

Date of Birth 01/06/1979
Diploma in Education M.A. UGC-NET + Ph.D. Topic of Ph.D
"Mufti e A
.. View More