نعیم سلیم : مخلص مزاح نگار
(Dr. Muhammed Husain Mushahid Razvi, Malegaon)
نعیم سلیم : مخلص مزاح نگار
عزیزم نعیم سلیم کا خامۂ مشک بار شہرِ عزیز مالیگاؤں کے نثری میدان میں
دل و دماغ کو مہکادینے والی خوشبوئیں بڑی سلیقہ مندی سے بکھیر رہا ہے۔
شگفتہ، سلیس اور رواں دواں طرزِ نگارش کے ساتھ مزاح کی زیریں رَو میں طنز و
نشتریت کے کہیں کہيں ہلکے پھلکے اور کہیں کاٹ دار وار سے اصلاح معاشرہ کی
کوشش نعیم سلیم کی مزاح نگاری کے بنیادی عناصر میں سے ایک ہے۔
آپ کے انشائیوں کا پیرایۂ بیان اپنے اندر بلا کی شیفتگی اور شگفتگی رکھتا
ہے، زبان کے لحاظ سے بھی ان کی تحریریں پختگی اور تازہ کاری سے آراستہ
ہیں، روزمرہ محاورات اور کہاوتوں کا بڑی ادیبانہ مہارت سے استعمال کرتے
ہیں۔ قاری ان کے انشائیوں کو پڑھتے وقت ذرا بھی تکان محسوس نہیں کرتا، کہیں
زیرِ لب مسکان سجاتا ہے تو کہیں قہقہہ اور بسا اوقات مضمون کا اختتام
ہونٹوں پہ تبسم ہے تو آنکھوں میں لڑی ہے کا مصداق بن کر براہ راست قلب و
روح کو متاثر کرتا نظر آتا ہے۔
مالیگاؤں کے ادبی منظرنامے پر نثری اثاثے میں قابلِ ذکر اضافہ کرنے والے
نعیم سلیم کی یہ ادبی ریاضتیں لائقِ تحسین ہیں۔
میں عزیزم نعیم سلیم کو ایسے چمکتے دمکتے صاف ستھرے اور بولتے مضامین کی
پیش کش پر ہدیۂ تبریک پیش کرتے ہوئے ان کے لیے دعا گو ہوں کہ ؎
ہر لحظہ نیا طور نئی برقِ تجلی
اللّٰہ کرے مرحلۂ شوق نہ ہو طَے |
|