عہد راحیل شریف۔۔۔ پاک فوج کے کارہائے نمایاں۔۔۔علمی، تحقیقی ومعلوماتی شاہکار

دنیا میں ہر سال لاکھوں کتابیں لکھی جاتی ہیں اور کروڑوں قارئین ان کتابوں کا مطالعہ کرتے ہیں۔ ان کتابوں میں کچھ مذہبی موضوعات پر مبنی ہوتی ہیں تو کچھ سیاسی ، معلوماتی ، تاریخی ، ادبی ، معاشرتی ، تحقیقی و دیگر دنیاوی موضوعات کو سمیٹے ہوئے ہوتی ہیں۔گزشتہ روز بذریعہ کوریئر سروس ایک کتاب ’’ عہد راحیل شریف۔۔۔ پاک فوج کے کارہائے نمایاں‘‘ موصول ہوئی۔ گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین خانیوال کی شعبہ اردو کی اسسٹنٹ پروفیسر محترمہ رضیہ رحمن صا حبہ کی بھیجی ہوئی اور ندیم نظر صاحب کی لکھی ہوئی یہ کتاب پاک فوج کی معرکہ آرائیوں اور کامیابیوں کا احاطہ کیے ہوئے ہے۔دشمنان وطن و دین کو للکار کر جارحیت کا خاتمہ کرنے اورملک پاکستان کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کرنے کے لیے پاک فوج کے قابل ستائش کردارکے تفصیلی تذکرے پر مبنی کتاب ’’ عہد راحیل شریف۔۔۔ پاک فوج کے کارہائے نمایاں‘‘ ندیم نظر صاحب کے 2015 ، 2016 میں شائع ہونے والے ان کالموں کا مجموعہ ہے جو انہوں نے ملکی حالات کے تناظر میں پاک فوج کی اعلیٰ کارکردگی پر لکھے۔ ندیم نظر صاحب اپنی اس کتاب ’’ عہد راحیل شریف۔۔۔ پاک فوج کے کارہائے نمایاں‘‘میں پاک فوج کے عظیم سپہ سالار جنرل راحیل شریف کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے نظر آتے ہیں۔اس کتاب ’’ عہد راحیل شریف۔۔۔ پاک فوج کے کارہائے نمایاں‘‘ کے مطالعہ سے ندیم نظر صاحب کی پاک فوج سے محبت روز روشن کی طرح عیاں ہوتی ہے۔

انتہائی سادہ اور آسان الفاظ میں لکھی گئی اس کتاب ’’ عہد راحیل شریف۔۔۔ پاک فوج کے کارہائے نمایاں‘‘ میں پاک فوج کی کارکردگی کو تفصیلی اور مدلل انداز میں بیان کیا گیا ہے ۔جنگ ہو یا امن ، زلزلہ ہو یا سیلاب پاک فوج اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر ہمیشہ اپنی خدمات فراہم کرتی ہوئی نظر آتی ہے ۔گزشتہ کئی سالوں سے وطن عزیز پاکستان کو لاتعداد مسائل درپیش رہے جو ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ثابت ہوئے۔ ان مسائل میں سب بڑا اور خطرناک مسئلہ دہشت گردی کو شمار کیا جاتا ہے جس نے ہر دور میں عوام کا جینا محال کیا ۔نہتے لوگوں پر حملے ، معصوم بچوں کا اغواہ ، سکولوں اور کالجوں کے طلباء پر بزدلانہ حملے، عبادت گاہوں میں دھماکے ، بھتہ خوری ، قتل و غارت ، اغواہ برائے تاوان ، سٹریٹ کرائم اسی دہشت گردی کا نتیجہ ہے۔ پاکستان میں امن وامان کی بحالی اور ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے اس دہشت گردی کا قلع قمع کرنا انتہائی ضروری ہے۔اس دہشت گردی کی کمر توڑنے کے لیے ہر دور میں کاوشیں کی گئیں مگر خاطر خواہ کامیابیاں حاصل نہ ہوئیں۔پاک فوج کا کردار ہر موقعہ پر مثالی رہا اور پاک فوج کو ہمیشہ دشمن کے خلاف سرگرم عمل پایا گیا۔اس کتاب ’’ عہد راحیل شریف۔۔۔ پاک فوج کے کارہائے نمایاں‘‘ میں فرشتہ صفت انسان سپہ سالار وطن جنرل راحیل شریف کا تفصیلی تذکرہ موجود ہے۔اس فرشتہ صفت سپہ سالار نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بناتے ہوئے امن کی بحالی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کا استعمال کیاجس کی بدولت ملک پاکستان امن کی طرف لوٹنا شروع ہوچکا ہے۔

کتاب ’’ عہد راحیل شریف۔۔۔ پاک فوج کے کارہائے نمایاں‘‘ میں ندیم نظر صاحب نے اپنے جن کالموں کو شامل کیا ہے ان کے عنوانات میں جہاں ایک طرف آپریشن ضرب عضب ، گیارہ ایٹمی میزائل ، پاک فوج کے ڈرونز ، عالم اسلام کی محافظ پاک فوج ، اس زمیں پر جاں لٹانے کا مزہ ،ہم تیرے سپاہی ہیں ،امن مشن کی طرف ایک اور قدم ، سرحدوں کے رکھوالوں کی عید ، معصوم شہیدوں کو سلام، سمندروں کی محافظ پاک بحریہ ، دنیا کی بہترین ایجنسی آئی ایس آئی ، شاہینوں کی جرأت اور دلیری کی داستان ، رینجرز کا کامیاب کراچی آپریشن ، ایس ایس جی کمانڈوز ، چونڈہ سیکٹر بھارتی ٹینکوں کا قبرستان جیسے عنوانات شامل ہیں وہاں ساتھ ساتھ کچھ سپہ سالار کے بارے میں ، پسندیدہ ترین شخصیت ، ڈرون طیارے اور بھارت ، آرمی ایوی ایشن کے شہید پائلٹ کا تذکرہ بھی کتاب ’’ عہد راحیل شریف۔۔۔ پاک فوج کے کارہائے نمایاں‘‘ کا حصہ ہے۔کومبنگ آپریشن ، پہاڑوں پر چھپ کر پاکستان پر ناکام وار اور پاک فوج کا عبدالستار ایدھی کو خراج عقیدت کا تفصیلی تذکرہ بھی مدلل انداز میں کیا گیا ہے۔ندیم نظر صاحب نے کتاب ’’ عہد راحیل شریف۔۔۔ پاک فوج کے کارہائے نمایاں‘‘میں آرڈر آف میرٹ ایوارڈ پانے والی پہلی ایشائی شخصیت ، عالمی امن فورس میں پاک فوج کا کردار ، زلزلے کی تباہ کاریاں اور امدادی کاروائیاں، بچو ہم آپ کو نہیں بھولیں گے ، ننھے شہید وں کے قاتلوں کا قصہ تمام اور نیشنل ایکشن پلان کی کامیابیوں کا تفصیلی و مدلل تذکرہ بھی شامل کیاہے۔216 صفحات پر مشتمل اس کتاب ’’ عہد راحیل شریف۔۔۔ پاک فوج کے کارہائے نمایاں‘‘ میں ندیم نظر صاحب کے تقریباً چالیس سے زیادہ کالم شامل ہیں۔اس کتاب ’’ عہد راحیل شریف۔۔۔ پاک فوج کے کارہائے نمایاں‘‘ کے جس صفحے یا عنوان کا بھی مطالعہ کیا جائے سچائی ، لگن ، وطن سے محبت سے سرشار نظر آتا ہے۔

بہترین کاغذ ، صاف شفاف پرنٹنگ ، مضبوط جلد سازی کی خوبیوں کو سمیٹنے والی اس کتاب ’’ عہد راحیل شریف۔۔۔ پاک فوج کے کارہائے نمایاں‘‘میں 16 ایسے صفحات بھی شامل ہیں جن میں ایک صفحے پر پاک فوج کے گیارہ شہداء کی رنگین تصاویر بمعہ نام اور تاریخ شہادت کو چھاپا گیا ہے۔اور باقی پندرہ صفحات میں سندھ رینجرز کے جوان ، ساؤتھ وزیرستان میں پاک آرمی کے ریلیف کیمپ کا منظر ، جنوبی وزیرستان میں آپریشن میں استعمال ہونے والے جدید ٹینک ، آپریشن ضرب عضب کے دوران سرچ آپریشن کا منظر ، بھارتی ٹینکوں کے قبرستان چونڈہ سیکٹر کی تصویر، یوم پاکستان کے موقع پر تینوں مسلح افواج کے جوان سبز ہلالی پرچم تھامے ہوئے ، دنیا کی نمبر ون فورس ایس ایس جی کمانڈوز کی ٹریننگ کا ایک منظر ، دشمنوں کی سازشوں کے خلاف سینہ سپر بلوچ رجمنٹ ، پاکستانی ساختہ ڈرون براق کی تصویر ، سوات میں امن کی بحالی پر بزرگ خاتون کی آرمی پر فخر کرتی تصویر ، تھر میں قحط سے متاثرہ علاقے میں لگنے والے پاک فوج کے ا مدادی کیمپ کا منظر، سیاچن کی خون جمادینے والی سردی میں نماز کے بعد دعا کرتے ہوئے جوانوں کی یادگار تصویر، سپہ سالار جنرل راحیل شریف کا کمان سنبھالنے کے وقت کا منظر ، شہداء آرمی پبلک سکول کے شہداء کی تصاویر ، حتف 9 نصر ، واہ کینٹ فیکٹری ، جے ایف تھنڈر 17 طیارہ کے علاوہ آرمی کی پہلی خاتون پائلٹ نعیمہ گل اور پاک فضائیہ کی پہلی خاتون شہید مریم مختیار کی رنگین تصاویر بہترین انداز میں چھاپی گئی ہیں۔یہ سولہ صفحات کتاب کی اہمیت اور خوبصورتی کو چار چاند لگائے ہوئے ہیں۔جنرل راحیل شریف کی تصویر ، پاکستانی پرچم اور سرزمین پاکستان کے نقشہ سے تیار کیا جانے والا ٹائٹل پیج ندیم نظر صاحب کی پاک آرمی اور وطن سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

کتاب ’’ عہد راحیل شریف۔۔۔ پاک فوج کے کارہائے نمایاں‘‘ کے شروع کے صفحات میں معروف قلم کار، صافتی شخصیات ، اخبارات کے ایڈیٹرز ، اینکر پرسن ، تجزیہ نگار ان اورسابقہ آرمی چیف کے ندیم نظر صاحب کی اس تصنیف ’’ عہد راحیل شریف۔۔۔ پاک فوج کے کارہائے نمایاں‘‘پر تبصرے تجزیے موجود ہیں جن میں ندیم نظر صاحب کی اس کاوش کو سراہا گیا ہے اور ان کی حب وطنی کو تسلیم کیا گیا ہے۔ان تبصروں اور تجزیوں میں عظیم انسان سینئر صحافی غلام محی الدین نظر صاحب کے لخت جگر ندیم نظر صاحب کی اس کتاب ’’ عہد راحیل شریف۔۔۔ پاک فوج کے کارہائے نمایاں‘‘کو 1800 ٹاگٹڈ آپریشنز ، 8000 گرفتاریوں ، 204 انتہائی خطرناک دہشت گردوں کی ہلاکتوں اور سیکنڑوں فراریوں کے ہتھیار ڈالنے سے لیکر پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی کہانی تک مدلل ، معلوماتی ، تحقیقی ، اور جرأت مندانہ کتاب کہا گیا ہے۔اور ندیم نظر صاحب کو اس کتاب ’’ عہد راحیل شریف۔۔۔ پاک فوج کے کارہائے نمایاں‘‘کی اشاعت پر بھر پور خراج تحسین پیش کیا گیا ہے اور مستقبل میں ان کی کامیابیوں کے لیے بیشمار دعائیں بھی کی گئی ہیں۔

وطن سے محبت کے جذبہ سے بھر پوراور پاک آرمی کی معرکہ آرائیوں و کامیابیوں پر لکھی گئی مدلل، تحقیقی کتاب ’’ عہد راحیل شریف۔۔۔ پاک فوج کے کارہائے نمایاں‘‘ واقعی بہت بڑی کاوش ہے اور آئندہ آنے والی نسلوں کے لیے بہترین تحفہ ہے ۔ کتاب ’’ عہد راحیل شریف۔۔۔ پاک فوج کے کارہائے نمایاں‘‘ایک ایسا شاہکار ہے جس کے ہر لفظ میں وطن سے محبت ، سچائی اور دیانتداری کوٹ کوٹ کر بھری نظر آتی ہے۔ندیم نظر صاحب کی اس کتاب ’’ عہد راحیل شریف۔۔۔ پاک فوج کے کارہائے نمایاں‘‘کو صدیوں یاد رکھا جائے گا۔ اﷲ رب العزت سے دعائے عاجزانہ ہے کہ اﷲ کریم ندیم نظر صاحب کو ہمیشہ سچ لکھنے کی توفیق عطا فرمائے ، مستقبل میں بھی ہر شعبہ زندگی میں کامیابی و کامرانی عطا فرمائے اور ان کے والدین کی قبروں پر رحمت فرمائے۔ آمین ثم آمین
Malik Muhammad Shahbaz
About the Author: Malik Muhammad Shahbaz Read More Articles by Malik Muhammad Shahbaz: 54 Articles with 45892 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.