اسلام اور ازدواجی زندگی

ازدواجی زندگی کے عنوان پر بات کرنے سے قبل اس پس منظر کو ذہن میں رکھنا ہوگا کہ اسلام سے پہلے کی دنیا کی مختلف تہذیبوں اور مختلف معاشروں میں عورت کی کیا حیثیت تھی؟ تاریخ عالم کا مطالعہ کیا جائے تو یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہوتی ہے کہ اسلام سے پہلے عورت محض ذلت و رسوائی کی چکی میں پس رہی تھی۔ فرانس عورت کو تمام برائیوں کا ذمہ دار ٹھہراتی، چین عورت کے بارے میں شیطانی روح کا تصور رکھتی، جاپان عورت کو ناپاک وجود مانتے۔ ہندووں میں عورت کا خاوند مر جاتا تو اسے بھی اس کے ساتھ جلا ڈالتے۔ عیسائیوں میں عورتوں کو تعلیم دی جاتی کہ وہ کنواری (Nuns)رہ کر زندگی گزاریں جبکہ مرد راہب بن کر رہنا اعزاز سمجھتے۔ الغرض دنیا میں اسلام سے پہلے ایک بھر پور ازدواجی زندگی کا کوئی تصور ہی جود میں نہ آیا تھا۔مگر نبی علیہ الصلوۃ و السلام نے دنیا میں قدم رنجا فرماکر عورت کے مقام کو نکھارا اور بتایا کہ اگر یہ بہن ہے تو تمہارا ناموس، بیٹی ہے تو عزت و رحمت، ماں ہے تو اس کے قدموں تلے جنت اور بیوی ہے تو اس کے لئے ’’زوجہ‘‘ کا لفظ استعمال کرکے اسے عمر بھر کا ساتھی قرار دے دیا۔

نبی علیہ السلام نے عورت کی کھوئی ہوئی عزت لوٹا کر یہ بتلایا کہ لا َرَھبَانِیَّۃَ فَی ا لاِسلاَمِ (اسلام میں رہبانیت نہیں ہے) بلکہ دو ٹوک الفاظ میں واضح کردیا کہ اگر عورت کے ساتھ ازدواجی زندگی گزارو گے تو یہ اﷲ تعالیٰ کی معرفت کے رستے میں تمہاری مددگار و معاون ثابت ہوگی۔
اسی طرح نبی ﷺ نے فرمایا۔
’’نکاح میری سنت ہے۔ جو میری سنت سے اعراض کرے گا وہ میری امت میں سے نہیں ہے۔‘‘

لہذا یہ حدیث فرما کر آپ ﷺنے نکاح کو مقدم ٹھہرا دیا۔ اسی طرح ترمذی شریف کی ایک روایت میں آتا ہے کہ انبیاء علیہم السلام کی چار سنتیں ہیں جن میں سے ایک نکاح ہے اور نہ صرف یہ کہ نکاح انبیاء کی سنت ہے بلکہ انبیاء علیہم السلام کو نکاح کرنے کا شوق بھی ہوا کرتا تھا۔ صحیح بخاری کی حدیث میں ہے کہ حضرت سلیمان علیہ السلام کی سو بیویاں تھیں اور بعض روایات بارہ سو اور چودہ سو تک بھی گئی ہیں۔ قرآن مجید میں ارشاد باری تعالیٰ ہے:۔
وَلَقَد اَرسَلنَا رْسْلاًمِّن قَبلِکَ وَ جَعَلنَا لَھْم اَزوَاجا ً وَّ ذْرِّیَّۃِ
’’اے میرے محبوب ﷺ ہم نے آپ سے پہلے کتنے ہی انبیاء بھیجے اور ہم نے ان کے لئے بیویاں اور اولادیں بنائیں۔‘‘
خود نبی علیہ السلام نے بھی گیارہ نکاح فرمائے اور بعض روایات کے مطابق آپﷺنے اپنی باندیوں سے بھی نکاح فرمایا تھا اور بہترین ازدواجی زندگی بسر فرمائی کہ جس کا کوئی مثل ِ عالم نہیں۔

یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ سب انبیاء کرام علیہم السلام دین کی دعوت کا فریضہ انجام دینے آئے تھے مگر ان کے اس کام کے سلسلے میں کبھی بھی انکی بیوی یا اولاد راہ کی رکاوٹ نہ بن سکی۔ گویا اس بات کو پختہ کردیا کہ ازدواجی زندگی سے فرار درحقیقت معاشرتی حقوق کی ادائیگی سے فرار ہے۔

حدیث میں آتا ہے۔ اَلاِّکَ حْ نِصفْ الاِیمَانِ (نکاح تو آدھا ایمان ہے)۔ ایک کنوارہ آدمی خواہ کتنا ہی نیک کیوں نہ ہو جائے لیکن وہ ایمان کے کامل رتبے کو نہیں پہنچ سکتا۔ جب تک کہ وہ ازدواجی زندگی میں داخل ہو کر اپنے حقوق و فرائض کو ادا نہ کرلے۔ اس لئے جس لڑکے یا لڑکی کی شادی نہ ہو اور وہ جوان العمر ہوگئے ہوں تو ان کو حدیث میں ’’مسکین‘‘ یا ’’مسکینہ‘‘ کہا گیا ہے۔ گویا وہ لوگ قابل رحم ہیں جو عمر کے اس حصے میں بھی جا کر ازدواجی زندگی گزارنے سے محروم ہوں۔

حضرت علی رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے مجھے پانچ وصیتیں فرمائیں جن میں سے ایک یہ تھی کہ جب بیٹی یا بیٹے کے لئے کوئی مناسب رشتہ مل جائے تو اس کے نکاح میں جلدی کرو۔ اس طرح حضرت عمر رضی اﷲ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ قرآن میں باری تعالیٰ کا ارشاد ہے ’’نکاح میں برکت ہے‘‘ اور اس آیت کو پڑھ کر بھی اگر کوئی نکاح نہ کرے تو مجھے اس پر تعجب ہوتا ہے۔ اسی طرح یہ بھی مشہور ہے کہ حضرت عمر رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کو جب تنگدستی محسوس ہوتی تو آپ رضی اﷲ عنہ نکاح فرماتے یا کثرتِ اولاد پیدا فرماتے۔
یہ بات سو فیصد درست ہے کہ جہاں نکاح نہ ہوگا وہاں زنا عام ہوگا۔ اس لئے شریعت نے نکاح کی اہمیت کو واضح کیا ہے آج جس معاشرے میں نکاح سے فرار اختیار کرتے ہیں یعنی نکاح کرنے سے کتراتے ہیں، آپ دیکھئے کی وہاں جنسی تسکین کیلئے فحاشی کے اڈے کھلے ہوئے ہیں۔ شرع شریف نے اس بات کو ناپسند کیا کہ انسان گناہوں بھری زندگی گزارے۔ شریعت ہمیشہ انسان کے لئے آسانی چاہتی ہے اس لئے کہا گیا کہ تم نکاح کرو تا کہ تمہیں اپنے آپ کو پاک باز رکھنا آسان ہوجائے۔ اگر نکاح کا حکم نہ دیا ہوتا تو مرد عورت کو فقت ایک کھلونا سمجھ بیٹھتا۔ عورت اپنے لئے کوئی مقام نہ کھتی اور نہ اسکی کوئی ذمہ داری اٹانے والا ہوتا۔ شریعت نے کہا کہ اگر تم چاہتے ہو کہ اکھٹے رہو تو تمہیں اسکی ذمہ داریوں کا بوجھ بھی اٹھانا پڑیگا۔

اسی طرح نبی صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم نے نکاح کی تشہیر کا حکم دیا ہے کہ نکاح جمعہ کے دن کرو یا کسی بڑے مجمع میں اور لوگوں کو بتاو نکاح کا تاکہ انہیں علم ہو جائے کہ اب سے یہ لڑکا اور لڑکی اپنے نئے گھر کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔

یہ رشتہ اتنا بابرکت ہے کہ اﷲ نے شادی شدہ کے لئے اجر و ثواب دگنا کردیا۔ علماء فرماتے ہیں کہ ایک شادی شدہ کو ایک نماز ادا کرنے پر اﷲ تعالیٰ اکیس نمازوں کا ثواب عطافرماتے ہیں۔

یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ جیسے اچھا جیون ساتھی مل جائے یقینا وہ کرہ ارض پر خوش نصیب انسان ہے اور اچھا اور بہترین ساتھی وہی ہوگا جو دین پر کامل ہو۔ حدیث پاک کا مفہوم ہے کہ ’’عورت کی دینداری اور نیکی کی وجہ سے اس سے نکاح کیا کرو کہ میں تمہیں اس بات کی نصیحت کرتا ہوں کہ اپنے لئے دین کی بنیاد پر رشتوں کی بنیاد رکھو۔ ‘‘اس طرح عورت کے لئے بھی یہی ہے کہ وہ مرد کی مال و دولت دیکھ کر شادی نہ کرے بلکہ دینداری اور تقویٰ کی بنیاد پر رشتہ استوار کرے۔

مسلم شریف کی حدیث میں آتا ہے کہ ’’دنیا ایک متاع ہے اور اس دنیا کی سب سے قیمتی متاع نیک بیوی ہے۔‘‘ گویا اﷲ تعالیٰ نے جسے نیک بیوی عطا کردی تو وہ سمجھے کہ اسے دنیا کی بہت بڑی نعمت مل گئی۔

حضرت فاطمہ رضی اﷲ عنہا فرماتی ہیں کہ ’’بہترین عورت وہ وہے جو نہ خود کسی غیر مرد کو دیکھے اور نہ کوئی غیر مرد اس کی طرف دیکھے۔‘‘

اہل اﷲ نے لکھا کہ اچھی بیوی میں چار صفات لازمی ہونی چاہئیں۔ پہلی صفت یہ کہ چہرے پر حیا کا نور ہو، یہ بات بنیادی حیثیت رکھتی ہے کہ جسکے چہرے پر حیا ہوگی اس کا دل بھی حیا کے آبگینے سے لبریز ہوگا۔ مثلِ مشہور ہے کہ چہرہ انسان کے دل کا آیئنہ ہوتا ہے۔ (Face is the index of mind) حضرت ابو بکر رضی اﷲ عنہو کا قول ہیکہ "مردوں میں بھی حیا بہتر ہے مگر عورتوں میں بہترین ہے" دوسری صفت فرمائی جسکی زبان میں شیرنی ہو، تیسری صفت یہ بتائی کہ جسکے دل میں نیکی ہو، اور چوتھی صفت یہ بتائی کہ اسکے ہاتھ کام کاج میں مصروف رہیں۔۔ یہ خوبیاں جس عورت میں ہوں گویا وہ بہتریں بیوی کی حیثیت سے زندگی گزار سکتی ہے۔
اسی طرح مرد کے اندر بھی یہ صفات ہونی چاہئیں کہ سربراہ ہونے کی حیثیت سے وہ پورے گھرانے کو منظم طریقے سے لے کر چلے۔ معمولی باتوں پر تنقید کی بجائے اصلاح کا پہلو ڈھونڈے، تعریفی کلمات ادا کرے، عورت کے اچھے فعل پر اس کی حوصلہ افزائی کرے کہ عورت تو چند میٹھے کلمات کی پیاسی ہوتی ہے۔ مرد کی زبان سے ادا ہوئے چند شیریں الفاظ عورت کے تن من کو سیراب کردیتے ہیں۔

لہذا مرد کو چاہئے کہ تحمل اور بردباری سے کام لے۔ عفو و درگزر کرنا سیکھے اور اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے ادا کرے۔

اگر مرد چاہتے ہیں کہ بیوی ہماری خدمت گزار بن کر رہے تو مرد کو بھی بیوی کی ضروریات پوری کرنی چاہئے۔ یہ Equationتب ہی Balanceہوگی جب مرد اپنی ذمہ داریوں کو نبھائے اور عورت اپنی کہ یہ محاورہ مشہور ہے ’’تالی ایک ہاتھ سے نہیں بجتی۔‘‘

قرآن پاک میں میاں بیوی کے لئے جو تصور پیش کیا ہے وہ آج تک کوئی معاشرہ قائم نہیں کرپایا کہ قرآن نے میاں بیوی بارے میں کہا:
وہ تمہارا لباس ہے اور تم اسکا لباس۔

کیوں اﷲ نے لباس سے تشبیہ دی میاں بیوی کو…… کیونکہ لباس انسان کی زینت ہوتا ہے گویا زوجین ایک دوسرے کی زینت ہیں۔ لباس خامیاں ڈھانپنے کے لئے ہوتا ہے گویا زوجین ایک دوسرے کی تمام خامیوں کو چھپا دیتے ہیں۔ لباس جسم سے لگا ہوا ہوتا ہے گویا زوجین ایک دوسرے کے قریب ہو جائیں۔ بھلا اب بتاو کیا قرب کا اس سے بہتر اور کوئی طریقہ ہو سکتا ہے؟ اﷲ اکبر کبیرا۔

ازدواجی زندگی کے بارے میں ہمارا تجزیہ یہ ہی ہے کہ آج بھی ہمارا مشرقی معاشرہ الحمد اﷲ بہت پرسکون ہے کہ سو میں سے کم از کم ننانوے لڑکیاں جب اپنے والدین کے گھر سے رخصت ہوتی ہیں تو انکے دلوں میں گھر بسانے کی نیت ہوتی ہے۔ اور یہ اعزاز صرف مشرقی عورت کو ہی حاصل ہے کہ دل میں عہد کرتی ہیں گھر بسانے کا آگے معاملہ شوہر کا کہ اس نے اچھی طرح handle کیا تو گھر آباد اور miss handle کیا تو گھربرباد۔
بعض مشرقی عورتوں تو اس قدر پاکدامن ہوتی ہیں کہ ان میں حوروں کی صفات چھلکتی ہیں جیسے عْرْباََ یعنی خاوند کی عاشق، قَاصِرَاتْ الطَر?فِ یعنی غیر مردوں کی طرف مائل نہ ہونے والی۔۔ یہ اسلام کی برکت ہی ہے کہ آج بھی مشرق میں ایسی معصوم جوانیاں موجود ہیں جو اپنے گھر سے جب قدم باہر نکالتی ہیں تو انکے دلوں میں کوئی نامحرم کا دخل نہیں ہوتا۔

بہت سی وعورتیں محض اولاد کی تربیت کی خاطر شوہر کی وفات کے بعد بھی دوبارہ گھر نہیں بساتی ایسی عورتوں کو اﷲ نے جہاد کے برابر ثواب عطا فرماتے ہیں۔
چمن کا رنگ گو تو نے سراسر اے خزاں بدلا
نہ ہم نے شاخ گل چھوڑی نہ ہم نے آشیاں بدلا

ازدواجی زندگی کے بارے میں ایک بات ذہن میں رکھیں کہ جہا ں محبت پتلی ہوگی وہاں عیب موٹے نظر آیئنگے لہذا وہاں چھوٹی چھوٹی باتوں کا بتنگڑ بنیگا اسلئے شریعت نے حکم دیا کہ تم آپس میں محبت سے رہو۔ انگریزی کا ایک مقولہ ہے:
‘‘To run a big show one should have a big heart’’
انسان کو تحمل اور بردباری کے ساتھ گھر کے معاملات نھانے چاھیئے۔ میاں بیوی ایکدوسرے سے لڑتے ہیں جبکہ انہوں نے ایکدوسرے کے لئے اپنی اپنی زندگیاں وقف کردی ہوتی ہیں۔
شیدم کہ مردان راہ خدا دل دشمنان ہم نہ کروند تنگ
تراکے میسر شودایں مقام کے بعد بادوستان ہست پیکار جنگ
بعض اوقات دینی جہالت یا تکبر کی وجہ سے بھی محاذ آرائیاں ہوجاتی ہیں اور ایکدوسرے کے عیب ڈھونڈنے لگ جاتے ہیں جسم ایکدوسرے کے اتنے قریب اور دل ایکدوسرے سے اتنے فاصلوں پر۔۔۔
زندگی بیت رہی ہو دانش
کوئی بے جرم سزا ہو جیسے

اسی طرح یہ جھگڑے بعض اوقات کسی تیسرے کی وجہ سے ہوتے ہین ایسی صورت میں انسان کو چاہیئے کہ عفو و درگزر سے کام لے خاموش ہوجائے۔۔ حدیث میں آتا ہے کہ اگر کوئی عورت خاوند کے غصے کے وقت خاموشی اختیار کرلے تو اسے بھی صبرِِایوب علیہ السلام کا درجہ اﷲ تعالیٰ عطا فرمایئنگے۔۔

میاں بیوی کو چاہیئے کہ ایکدوسرے کے خلاف منفی سوچوں سے بچیں۔۔ جیسے کہ ایک شاخ پر پھول بھی ہیں اور کانٹے بھی اب جو جسے دیکھنا چاہیگا اسے وہی نظر آیئگا بالکل اسی طرح میاں بیوی چاہیں تو ایکدوسرے کی خامیوں کو نظرانداز کر کے خوبیوں کو دیکھیں۔۔
جب ایکدوسرے کی طرف دیکھیں تو مسکرا کر دیکھیں کہ یہ بھی سنت ہے اور اس سے دلوں کی کدورتیں دور ہوتی ہیں۔۔
معیت گر نہ ہون تیری تو گھبراؤں گلستاں میں
رہے تو ساتھ تو سحرا میں گلشن کا مزہ پاؤں
ایک انگریزی کا مقالہ ہے چاہیں تو اسے گھر پر لکھ کر لٹکا لیں:
‘‘House is built by hands but home is built by hearts’’
اسلام شادی سے پہلے محبت کی اجازت نہیں دیتا۔۔ اسلام love after marriage کا قائل ہے کیونکہ لو میرج کی بنیاد بناہیں گے تو یہ بنیاد ہی کمزور ہوگی اور ہمارا حشر بھی مغربی ممالک کی طرح ہوجائے گا۔

اسلام میں ایسے بیشمار واقعات بھرے پڑے ہیں جو میاں بیوی کی مثالی محبت کی داستان رقم کئے ہوئے ہیں۔۔ اس میں سب سے زیادہ نبی اکرم صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کی ہی زندگی کی مثال لے لیں کہ آپ ﷺاپنی زوجات کے ساتھ کیسے رہتے۔۔ حضرت عائشہ رضی اﷲ عنہا جب پانی پیتی تو آپ بھی اسی برتن سے اسی جگہ سے پانی پیتے، ازواجِ مطہرات میں سے کسی کو سواری پر چڑھانا یا اتارنا ہوتا تو آپ ﷺگھٹنوں کے بل بیٹھ جایا کرتے۔۔ ایسے لا تعداد واقعات ہیں جہ ہمیں آپ صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم اور صحابی رضوان اﷲ اجمعین کی زندگی سے ملتے ہیں۔

ہمیں بھی چاھیئے کہ ہم ان مثالوں سے سبق حاصل کریں۔ اپنی زندگیوں کو اسلام کا تابع بنائیں۔ صحابہ کی زندگی سے فیض حاصل کریں۔ پھر سوچو زرا جب کوئی خاوند اپنی بیوی سے اتنی محبت کریگا تو کیا بیوی کا دماغ خراب ہے کہ وہ گھر نا بسائے بلکہ وہ تو گھر آباد کرنے کے لئے اپنی جان توڑ محنت کریگی۔۔محبت کا جواب محبت سے دیگی، الفت کا الفت سے، وفا کا وفا سے۔ وہ خاوند کو دل کے دربار میں سجائے گی، آنکھوں کے جھروکوں میں اسکا عکس سجایئگی۔
یہ ہے ازدواجی زندگی کا اسلام میں حسین تصور۔۔ کہ نفرتوں کو دور کرو اور محبتوں کو فروغ دو۔۔
فرصت زندگی کم ہے محبتوں کے لئے
لاتے ہیں کہاں سے وقت لوگ نفرتوں کے لئے

آیئے ایک محبت بھری پاکیزہ زندگی کا آغاز کریں دعا کریں کہ اﷲ رب العزت ہمیں خوش گوار ازدواجی زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرماء۔ آمیں یا رم العلمین

وَ اٰخِرْ دَعوَانَا اَنِ الحَمدْلِلّٰہِ رَبِّ العٰلَمین
Zainab Ali
About the Author: Zainab Ali Read More Articles by Zainab Ali: 4 Articles with 3042 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.