گوگل کا نیا منصوبہ: 100 گنا تیز انٹرنیٹ سروس

انٹرنیٹ کے معروف سرچ انجن گوگل نے امریکہ میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کے لیے انٹرنیٹ کی رفتار میں اضافے اور آن لائن زیادہ کام کرنے کی سہولت فراہم کرنے سے متعلق منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کا نیا تجرباتی براڈ بینڈ نظام امریکہ میں آن لائن ڈیٹا کو موجودہ رفتار کے مقابلے میں 100 گنا زیادہ تیزی سے منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

بدھ کے روز گوگل کی ویب سائٹ پر پوسٹ کیے جانے والے ایک ویڈیو بلاگ میں کمپنی کے پراڈکٹ منیجر جیمز کیلی نے نئے منصوبے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے یہ توقع ظاہر کی ہے کہ گوگل اسے جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کامیاب ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اس تجربے کا مقصد ہر ایک کے لیے ویب کو پہلے سے بہتر اور تیز تر بنانا ہے، اور ایسے پروگراموں کی ترسیل ممکن بنانا ہے، جسے آج ناممکن سمجھا جاتا ہے۔اپنے بلاگ میں انہوں نے کہا کہ ہم فائبر نیٹ ورکس کے استعمال کے بھی نئے طریقے بنانا اور آزمانا چاہتے ہیں اور ان تجربات سے حاصل ہونے والی معلومات کا ہم باقی دنیا کے ساتھ تبادلہ کریں گے۔

مسٹر کیلی کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر گوگل اپنی یہ سروس 50 ہزار تک کی آبادی کے علاقوں کو پیش کرے گا اور بعد ازاں اس کا دائرہ پانچ لاکھ تک کی آبادی کے علاقوں تک بڑھا دیا جائے گا۔

گوگل کا کہنا ہے کہ ان علاقوں کے لوگ ایک گیگا بائٹ فی سیکنڈ کی یہ برق رفتار سروس حاصل کرسکیں گے۔اس وقت جن امریکی گھروں کو تیز رفتار ترین انٹرنیٹ سروس کی سہولت حاصل ہے، اس کی رفتار 20 سے 50 میگا بائٹ فی سیکنڈ کے درمیان ہے۔ جب کہ عام گھروں میں انٹرنیٹ کی رفتار ایک میگا بائٹ فی سیکنڈ کے قریب ہے۔ واضح رہے کہ ایک گیگا بائٹ میں ایک ہزار میگا بائٹ ہوتے ہیں۔

گوگل کی جانب سے اپنے انٹرنیٹ کے دائرہ کار میں اضافے کے لیے نئے طریقے ڈھونڈنے کی مہم ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب انٹرنیٹ کی آزادی پر گوگل کے مؤقف کے سلسلے میں چین کے ساتھ اختلافات دنیا بھر کے میڈیا کی شہ سرخیوں کا موضوع بن رہے ہیں۔

پچھلے مہینے گوگل نے اپنا پہلا سمارٹ فون فروخت کے لیے پیش کر کے وائرلیس کے اس شعبے کے آلات بنانے والوں چیلنج کیا تھا۔ اس ہفتے اس نے اپنی ای میل سروس میں سوشل نیٹ ورک کو شامل کر کے اسے Google Buzz کے نام سے یکجا کر دیا ہے۔

واشنگٹن میں قائم سینٹر فار ڈیموکریسی اینڈ ٹکنالوجی کے سینیئر پالیسی قونصل ڈیوڈ سون (David Sohn ) کہتے ہیں کہ گوگل کی جانب سے انٹرنیٹ کی زیادہ رفتار اور زیادہ سہولیات کی فراہمی کا مطلب ہے کمپنی کے لیے زیادہ برنس۔

وہ کہتے ہیں کہ براڈ بینڈ نیٹ ورکس کے ذریعے گوگل عام لوگوں اور پرائیویٹ سیکٹر پر زیادہ بہتر طور پر اثر انداز ہوسکے گا۔ان کا کہنا ہے کہ امریکہ کا فیڈرل کمیونیکشن کمیشن ان دنوں قومی سطح کے ایک براڈ بینڈ منصوبے پر کام کر رہا ہے، جس کا اجرا اگلے مہینے متوقع ہے۔ اور گوگل کے مقرر کردہ اہداف کا بظاہر مقصد اپنی جگہ بنانے کے لیے اس پر اثر انداز ہونا ہے۔

گوگل کئى برسوں سے براڈ بینڈ سروس پر تجربات کر رہا ہے اور اس وقت وہ ریاست کیلی فورنیا میں واقع اپنے ہیڈکوارٹرز میں ایک مفت وائرلیس وائی فائی نیٹ ورک چلا رہا ہے۔

اس ہفتے اپنی ہائی سپیڈ انٹرنیٹ سروس شروع کرنے کے اعلان کے ساتھ گوگل نے کہا ہے کہ وہ عام لوگوں، کمیونیٹز اور مقامی اور شہری حکومتوں سے اپنے اس تجرباتی پروگرام میں حصہ لینے کے لیے آن لائن تجاویز قبول کر رہا ہے۔

گوگل کا کہنا ہے کہ وہ اپنے تجربات کے علاقوں کا اعلان اس سال کے آخر میں کرے گا۔
bashir
About the Author: bashir Read More Articles by bashir: 26 Articles with 64234 views i m honestly and sensory.. View More