دہشت گردوں کو نیست و نابود کرنا
(Dr Tasawar Hussain Mirza, Lahore)
اسلام امن بھائی چارے اور پیار و محبت کا
درس دیتا ہے۔ اسلام ایک مکمل دین ہے یہ وہ الہامی دین ہے جس کے متعلق اﷲ
پاک نے ارشاد فرمایا ہے کہ میں نے تمھارے لئے دین اسلام چُن لیا ہے۔ جس دین
کو اﷲ پاک پسند فرمائیں اس پر عمل کرنے سے دنیا اور آخرت کی کامیابی یقینی
ہے۔
پاکستان میں جو دہشت گردی کی لہر چل رہی ہے اس کا اسلام کے ساتھ کوئی تعلق
یا واسطہ نہیں ۔ جو کام پہلے ہونا چایئے تھا وہ اﷲ اﷲ کر کے پاکستانی افواج
اور ایجنسیوں نے اب شروع کر دیا ہے ، تازہ ترین اطلاع کے مطابق ملک میں
دہشت گردی کی حالیہ لہر کے بعد سیکیورٹی فورسز نے تخریب کاروں کے خلاف
کارروائیاں تیز کر کے 51 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ترجمان سندھ رینجرز کا
کہنا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز کے ساتھ مقابلے میں ایک گھنٹے
کے دوران 18 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ کراچی میں منگھوپیر کے علاقے
زیارت میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مار کارروائی
کے دوران 11 دہشت گرد ہلاک ہوئے جب کہ مقابلے میں 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے،
دہشت گردوں کے قبضے سے آٹو میٹک مشین گن اور بڑی مقدار میں گولہ بارود بھی
برآمد ہوا۔ترجمان رینجرز کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کا قافلہ سیہون میں
امدادی سرگرمیاں انجام دینے کے بعد واپس آ رہا تھا کہ کاٹھور کے قریب دہشت
گردوں نے قافلے پر حملہ کردیا جس میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا، رینجرز کے
ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ رینجرزکی مزید نفری
کاٹھور روانہ کردی گئی ہے۔اورکرزئی اجنسی کے علاقہ غلوچینہ میں سیکورٹی
فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں 6 شدت پسند ہلاک ہوئے جب کہ پشاور
کے علاقے ریگی میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے فورسز پر حملہ کیا،
جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ اس کے علاوہ خیبر اجنسی میں
پاکستانی چوکی پر افغانستان کی جانب سے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے
ہوئے سیکورٹی فورسز نے دشمنوں کو بھرپور جواب دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات
عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغانستان سے دہشت گردوں نے خیبر ایجنسی میں
پاکستانی چوکی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار زخمی ہوئے جبکہ
سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں متعدد دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے۔
خیبر ایجنسی کے علاقے لوئے شلمان میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلے میں 6
دہشت گرد مارے گئے۔بنوں میں بھی تھانہ بگا خیل کے علاقے مروت کینال میں
سیکورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد
ہلاک ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری
مقدار میں اسلحہ اور افغانی و عراقی کرنسی بھی برامد ہوئی۔اورکزئی ایجنسی
میں بھی چیک پوسٹ کے قریب بم نصب کرنے والے 2 تخریب کاروں کو سیکیورٹی
فورسز نے ہلاک کیا جبکہ اپر دیر میں بھی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلے میں
2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر
فائرنگ کرنے والے 2 دہشت گرد ناکے پر سیکورٹی فورسزز کی فائرنگ سے ہلاک اور
ایک دہشت گرد زخمی بھی ہوا جسے اُس کے ساتھی ہمراہ لے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں
کے قبضے سے 2 دستی بم اور پستول برامد ہوا۔ یاد رہے کہ گزشتہ شب دہشت گردوں
نے ڈیرہ اسماعیل میں پولیس وین پر فائرنگ کرکے 4 اہلکاروں سمیت 5 افراد کو
جاں بحق کر دیا تھا۔لاہور میں فیصل آباد بائی پاس کے قریب ریڈ کے دوران
دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جوابی کارروائی میں 2
دہشتگرد ہلاک ہوگئے جن کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ سرگودھا میں بھی
پولیس اور سینڑل ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے کارروائی کرکے 2 دہشت گردوں کو ہلاک
کرکے ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برامد کرلیا۔کوئٹہ کے نواحی
علاقے درخشاں اسکیم میں ایف سی اور پولیس نے دہشت گردوں کے کمپاؤنڈ پر
چھاپہ مارا تو شدت پسندوں نے ان پر فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں 2 ایف سی
اہلکار زخمی ہو گئے۔ ایف سی اور پولیس کی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد
ہلاک ہوگئے اور کمپاؤنڈ سے بڑی مقدار میں اسلحہ و بارود بھی قبضے میں لے
لیا گیا۔
پاکستان کے باسیوں کو دہشت گردوں کے چنگل سے مکمل رہائی کے لئے ضروری ہے کہ
دہشت گردوں کی کمر توڑی جائے ،کمر توڑنے سے میری مراد وہ حالات و واقعات مدِ
نظر کھنے ہونگے جن کی وجہ سے پڑھے لکھے نوجوان محب وطن بننے کی بجائے دہشت
گرد بن رہے ہیں ، اس کی بہت ساری وجوہات ہیں جن میں ایک وجہ فرقہ واردیت
اور دوسری بڑی وجہ جہالت ہیں ، لیکن جلتی پر تیل کا کام حکومتی پالیسیوں کا
بھی نتیجہ ہے ، زمینی حقائق کو نظر انداز کرنے سے پائیدار امن ممکن نہیں ،
پائیدار اور مکمل امن کے لئے ضروری ہے ، پڑھے لکھے طبقہ کو نوکریاں دی
جائیں ، چھوٹے چھوٹے کاروبار کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے نصاب اور
غیر نصابی سرگرمیوں کو حقیقت کے قریب امن پیار اور محبت کے عنوان کو لازمی
حصہ بنایا جائے،سکولز میں سیر ت النبی ﷺ کو سلیبس کا حصہ بنایا جائے تا کہ
تعمل برداشت اور صبر جیسے بنیادی نقطے ہر پاکستانی سمجھ سکے ۔
معصوم اور بے روزگار لوگ ان درندوں کا شکار نہ بن سکیں اگر ہم نے غریبوں
اور سفید پوش طبقے کی محرومیوں کا احساس کر لیا۔ لوگوں کو بے روزگاری کی
غلامی سے چھٹکارہ دلا دیا تو پھر یہ مٹھی بھر دہشت گرد ان شااﷲ نست و نمود
ہو جائے گئے،اور اگر ہم نے پڑھے لکھے غریبوں کو نوکریاں اور کاروبار نہ
کرنے دیا تو پھر دہشت گردی کا ناسور جڑ سے ختم نہیں ہو سکے گا
|
|