شاعری کی اقسام اور عالمی دن

شاعری کے عالمی دن 21مارچ 2017 ء کے موقع پر شاعری کی اقسام کے بارے میں ایک مختصر ،جامع اور فکر انگیز خصوصی تحریر

شاعری کا عالمی دن منانے کا مقصد شاعروں کی حوصلہ افزائی کرنا ،شاعری کے معاشرے پر اثرات ،شاعری کا معاشرے کی اصلاح کے لیے کردار کا مطالعہ کرنا ہے ، اس دن اپنی پسندیدہ شاعری کا مطالعہ اور موازنہ کیا جاتا ہے ۔ یہ دن دنیا بھرمیں1999 ء سے ہر سال21 مارچ کو منایا جا تاہے ۔لفظ شاعری کا مفہوم ہے، موزوں الفاظ میں کسی واقعہ ،حادثہ ،کیفیت،نظریے ، ماضی ،حال مستقبل وغیرہ کو بیان کرنا ۔شعر کہتے ہیں جاننے ،پہچاننے ،واقفیت کو ۔اس میں دو مصرے ہوتے ہیں ۔شاعر معاشرے کا حساس فرد ہوتا ہے ،ہر فرد جو سوچتا ہے ۔اسے چاہتا ہے دوسروں تک پہنچائے ،اپنی سوچ و خیالات دوسروں تک مناسب ،موزوں الفاظ میں پہچانے کو شاعری کہتے ہیں ۔

اسلام میں شاعری کی کچھ اقسام کی اجازت نہیں ہے ۔ایسے شعراء کو بھٹکے ہوئے،بہکے ہوئے ، لوگ کہا گیا ہے(سورۃ الشعر ا ا ٓیت 224 )اسی طرح شاعری کی کچھ اقسام کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی ہے ۔اصل بات یہ ہے کہ جس طرح ،بہودہ گفتگو،گالی دینا وغیرہ سے اسلام میں روکا گیا ہے، ایسے ہی گھٹیا شاعری منع ہے ،جس طرح اچھی گفتگو کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے، ایسے ہی اچھی شاعری کی اجازت ہے، اس لیے یہ کہنا کہ اسلام میں شاعری کو پسند نہیں کیا جاتا مناسب نہیں ہے ۔شاعری کی بہت سی اقسام ہیں،جن میں سے چند ایک کا مختصر ذکر درج ذیل ہے ۔
 

image

’’حمد‘‘
’’حمد‘‘جس میں اﷲ سبحان و تعالی کی تعریف بیان کی گئی ہو ۔اور حضرت محمد مصطفیٰ صلی اﷲ علیہ و آلہ و سلم کی مدحت، تعریف و توصیف، شمائل و خصائص کے نظمی اندازِ بیاں کو’’ نعت ‘‘کہتے ہیں ۔ اسلام کی ابتدائی تاریخ میں بہت سے صحابہ اکرام نے نعتیں لکھیں اور یہ سلسلہ آج تک جاری و ساری ہے ۔

’’غزل‘‘
’’غزل‘‘ کا لفظ غزال سے نکلا ہے اور غزال ہرن کو کہتے ہیں۔غزل کے لغوی معنی عورتوں سے باتیں کرنا یا عشق و محبت کا ذکر کرنا ہے بھی بتایا گیا ہے ۔اشعار پہ مشتمل مجموعہ غزل کہلاتا ہے۔ اک غزل کو تین حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔مطلع ،مقطع اور اشعار "مطلع "پہلے شعر کو اور آخری کو جس میں شاعر کا تخلص ہوتا ہے، اسے "مقطع "اور درمیان میں جو اشعار ہوتے ہیں، ان کو "اشعار" کہا جاتا ہے ۔ایک غزل کم ازکم پانچ اشعار پر مشتمل ہوتی ہے ۔زیادہ کی قید نہیں ۔غزل کے سب سے بہتر شعرکو’’بیت الغزل ‘‘کہا جاتا ہے ۔

"شعر"
"شعر"جس میں دو مصرے ہوتے ہیں پہلے مصرع کو" مصرع اولیٰ"اور دوسرے مصرع کو " مصرع ثانی" کہتے ہیں صرف ایک شعر کو " فرد" کہا جاتا ہے ـــ۔

’’نظم ‘‘
’’نظم ‘‘سے مراد ایساا صناف سخن ہے جس میں کسی بھی ایک خیال کو مسلسل بیان کیا جاتا ہے ۔ نظم میں ردیف و قافیہ کی پابندی نہیں ہوتی ’’مسدس ‘‘چھ شعروں کے ایک قطعہ پر مشتمل شاعری کو کہتے ہیں۔’’رباعی ‘‘عربی کا لفظ ہے جس کے لغوی معنی چار کے ہیں۔ رباعی کا وزن مخصوص ہے ، پہلے دوسرے اور چوتھے مصرعے میں قافیہ لانا ضروری ہے ۔رباعی کے آخری دو مصرعوں خاص کر چوتھے مصرع پر ساری رباعی کا انحصارہوتا ہے ۔

"قطعہ "
"قطعہ "شاعری کی ایک صنف ہے، یہ چار مصروں پہ مشتمل ہوتا ہے، اس کے پہلے مصرہ میں قافیہ یا ردیف کی کوئی قید نہیں ہے لیکن دوسرے مصرے میں قافیہ لازمی موجود ہوتا ہے ۔
 

image


 ’’سہر ا ‘‘
’’سہر ا ‘‘شادی کے موقع پر دلہا کے لئے گائے جانے والے گیت کو سہرا کا نام دیا جاتا ہے ۔

’’منقبت‘‘
’’منقبت‘‘اشعار کے ذریعے کسی کی تعریف کرنے کو منقبت کہتے ہیں لیکن عام طور پر یہ لفظ حضرت علی کرم اﷲ وجہہ کی تعریف میں لکھے ہوئے اشعار کو کہا جاتا ہے ۔’’منقبت‘‘یہ شاعری کی ایک قسم ہے جو زیادہ تر شہدائے کربلا کے مدح میں لکھی جاتی ہے۔

’’ ہجو‘‘
’’ ہجو‘‘ایسی غزل یا نظم، خواہ کسی بھی ہیئت میں ہو، جس میں کسی کی مخالفت میں اس پر طنز کیا جائے یا اس کا مذاق اڑایا جائے کو کہتے ہیں۔

’ ’وسوخت‘‘
’’وسوخت‘‘محبوب کے بے وفائی یا لاپروائی کے بیان کے لئے لکھی جانے والی شاعری کو کہتے ہیں۔

’’گیت‘‘
’’گیت‘‘ایسی غزل کو کہتے ہیں جسے سراور آلات موسیقی کے ساتھ گایا جاتا ہے ۔’’قصیدہ‘‘، قصد سے ہے ،اسے تعریف کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے ۔

’’مثنوی‘‘
’’مثنوی‘‘کو شاعری کا ناول ہی سمجھیں ،ایسی نظم جس میں دو مصرے جن میں قافیہ و ردیف ہو ۔مثنوی میں ایک ہی واقعہ یا قصہ بیان کیا جاتا ہے۔

’’مناجات‘‘
’’مناجات‘‘کا مطلب ہے دعا کرنا ،دعائیہ شاعری کو مناجات کہا جاتا ہے ۔اس کے علاوہ ، قوالی، ریختی،ماہیا،دوہا،ہائیکو،وغیرہ بھی شاعری کی اقسام ہیں ۔

شاعری کے عالمی دن کے موقع پر مجھے اپنے وطن کے ادیبوں ،شاعروں سے کہنا ہے کہ اس وقت ہمارے ملک میں دہشت گردی،انسانیت کی ناقدری،نا انصافی ،نااہلی ،بدعنوانی ،فرقہ واریت اور نفرت کا راج ہے ،اور ہمارے شعراء کی اکثریت صرف لب ورخسار ،غم جاناں کی شاعری کر رہی ہے ،خدارہ اپنی ذمہ داری کو محسوس کریں ادب اور سماج کا آپس میں گہرا رشتہ ہے ،سماج ادب سے تشکیل پاتا ہے ۔اردو کے شعراء میں جو مقام ،شبلی ،حالی،اقبال کو ملا اسی سبب سے ملا ۔ہم یہ نہیں کہ رہے کہ رومانی شاعری نہ کی جائے ہم یہ کہہ رہے ہیں موجودہ عہد کو سامنے رکھ کر اس کے مسائل پر بھی شاعری کی جائے۔

YOU MAY ALSO LIKE:

World Poetry Day is a time to appreciate and support poets and poetry around the world. It is held on March 21 each year and is an initiative of the United Nations Educational, Scientific, and Cultural Organization (UNESCO).