اﷲ تعالیٰ کے ذکر اور اُس کی یاد میں منہمک اور لگے رہنا
بندۂ مؤمن کی شان اور اُس کا جزوِ ایمان ہے اور اﷲ تعالیٰ کے ذکر اور اُس
کی یاد سے غافل اور لاپرواہ رہنا بڑی ہی بدنصیبی اور شقاوت قلب کی علامت ہے
۔ ہم لوگ ہر آن ہر لمحہ اﷲ تعالیٰ کی کتنی ہی نعمتوں اور اُس کے کتنے ہی
احسانات سے لطف اندوز ہوتے ہیں ، لیکن اِس دوران کبھی بھولے سے بھی ہم نے
یہ بات نہیں سوچی یا کم از کم کبھی ہم نے اس بات کی طرف غور و فکر نہیں کی
کہ ہم لوگ اﷲ تعالیٰ کی نعمتوں اور اُس کے احسانات کا کتنا شکر یا کم از کم
اُس کریم و رحیم ذات کو کتنا یاد کرتے ہیں؟۔
قرآنِ پاک میں اﷲ تعالیٰ فرماتے ہیں : ’’ترجمہ: تم مجھے یادکیا کرومیں
تمہیں یاد کیا کروں گا !۔‘‘( البقرہ)ایک دوسری جگہ ارشاد ہے : ’’ترجمہ: تم
اپنے رب کو صبح و شام خوب کثرت کے ساتھ یاد کیا کرو! ۔‘‘ (آلِ عمران)
مفسرین نے لکھا ہے کہ’’ ذکر‘‘ کے اصل معنی مطلق کسی کو یادکرنے کے ہیں جس
کا تعلق قلب سے ہے اور زبان سے کسی کے یاد کرنے کو’’ ذکر‘‘ اس لئے کہا جاتا
ہے کہ زبان قلب کی ترجمان ہوتی ہے ۔ اس سے معلوم ہوا کہ زبانی ذکر وہی
معتبر ہوتا ہے جس کے ساتھ قلب بھی اﷲ تعالیٰ کی یاد میں ہو ۔
لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ بات بھی یاد رکھنے کے قابل ہے کہ اگر کوئی شخص
زبان سے ذکر و تسبیح میں مشغول ہو مگر اُس کا دل حاضر نہ ہو اور ذکر میں نہ
لگے تو وہ بھی فائدہ سے خالی نہیں ۔ چنانچہ حکیم الامت مولانا اشرف علی
تھانویؒ مولانا رومؒ کا شعر قدرے ترمیم و تغییر کے ساتھ اس طرح ذکر فرماتے
ہیں
بر زباں تسبیح و در دل گاؤ خر
ایں چنیں تسبیح ہم دارد اثر
ترجمہ : یعنی اگر آدمی زبان سے اﷲ تعالیٰ کا ذکر کرے اور اُس کے دل میں گاؤ
خر ( دُنیا وی چیزوں ) کے خیالات ہوں تو تب بھی اُس کا ذکر اپنا اثر رکھتا
ہے۔
حضرت ابو عثمان نہدیؒ سے کسی نے ایسی ہی حالت کی شکایت کی کہ ہم زبان سے اﷲ
تعالیٰ کا ذکر کرتے ہیں مگر قلوب میں اِس کی کوئی حلاوت ( مٹھاس) محسوس
نہیں کرتے ، آپؒ نے فرمایا کہ: ’’ اس پر بھی اﷲ تعالیٰ کا شکر ادا کرو کہ
اُس نے تمہارے ایک عضو یعنی زبان کو تو اپنی طاعت میں لگایا ہوا ہے ۔(
تفسیر قرطبیؒ)
اﷲ تعالیٰ کا ذکر کرنے اور اُس کو یاد کرنے کے قرآن و حدیث میں بے شمار
فضائل وارد ہوئے ہیں ، منجملہ اُن کے یہی ایک فضیلت کچھ کم نہیں کہ جب بندہ
اﷲ تعالیٰ کو یاد کرتا ہے تو اﷲ تعالیٰ بھی اُسے یاد فرماتے ہیں ۔ چنانچہ
حضورِ اقدسؐ کا ارشاد ہے کہ : ’’حق تعالیٰ شانہ ارشاد فرماتے ہیں کہ: ’’
میں بندہ کے ساتھ ویسا ہی معاملہ فرماتا ہوں جیساکہ وہ میرے ساتھ گمان
رکھتا ہے، اور جب وہ مجھے یاد کرتا ہے تو میں اُس کے ساتھ ہوتا ہوں ، پس
اگر وہ مجھے اپنے دل میں یاد کرتا ہے تو میں بھی اُس کو اپنے دل میں یاد
کرتا ہوں،اور اگر وہ میرا مجمع میں ذکر کرتا ہے تو میں اُس مجمع سے بہتر
یعنی فرشتوں کے مجمع میں ( جو معصوم اور بے گناہ ہیں ) تذکرہ کرتا ہوں ،
اور اگر بندہ میری طرف ایک بالشت متوجہ ہوتا ہے تو میں ایک ہاتھ اُس کی طرف
متوجہ ہوتا ہوں ، اور اگر وہ ایک ہاتھ بڑھتا ہے تو میں دو ہاتھ اُدھر متوجہ
ہوتا ہوں ، اور اگر وہ میری طرف چل کر آتا ہے تو میں اُس کی طرف دوڑ کر
چلتا ہوں ۔ ( بخاری و مسلم)
امام ابو عثمان نہدیؒ یہ بھی فرماتے ہیں کہ : ’’میں اُس وقت کو جانتا ہوں
کہ جس وقت اﷲ تعالیٰ ہمیں یاد فرماتے ہیں ، لوگوں نے پوچھا کہ آپ کو اس کی
خبر کیسے ہوجاتی ہے ؟ آپؒ نے فرمایا کہ : ’’قرآنِ مجید کے وعدہ کے مطابق جب
کوئی بندۂ مؤمن اﷲ تعالیٰ کو یاد کرتا ہے تو اﷲ تعالیٰ بھی اُسے یاد فرماتے
ہیں ، اس لئے سب کو یہ سمجھ لینا آسان ہے کہ جس وقت ہم اﷲ تعالیٰ کی یاد
میں مشغول ہوں گے تو اﷲ تعالیٰ بھی ہمیں یاد فرمائیں گے ۔‘‘
ایک حدیث میں آتا ہے ایک صحابیؓ نے عرض کیا: ’’ یارسول اﷲ ؐ! احکام تو
شریعت کے بہت سے ہیں ہی ، مجھے ایک چیز کوئی ایسی بتادیجئے جس کو میں اپنا
دستور اور اپنا مشغلہ بنالوں ‘‘ حضور ؐ نے ارشاد فرمایاکہ : ’’اﷲ تعالیٰ کے
ذکر سے تم ہر وقت رطبُ اللّسان رہا کرو !۔‘‘(ترمذی ، ابن ماجہ)
محدثین و مؤرخین علماء نے لکھا ہے کہ حضورِ اقدسؐ نے حضرت معاذ بن جبلؓ کو
جب اہل یمن کی تبلیغ و تعلیم کے لئے یمن کا امیر بناکر بھیجا تو رخصتی کے
وقت آپؐ نے اُن کوکچھ وصیتیں بھی ارشاد فرمائیں اور انہوں نے کچھ سوالات
بھی آپؐ سے پوچھے ، منجملہ اُن میں سے ایک سوال یہ بھی کیا تھا کہ : ’’ سب
اعمال میں محبوب ترین عمل اﷲ تعالیٰ کے یہاں کیا ہے ؟۔‘‘ حضورؐ نے ارشاد
فرمایا کہ : ’’اِس حال میں تمہاری موت آئے کہ اﷲ تعالیٰ کے ذکر میں تمہاری
زبان رطبُ اللّسان ہو! ۔‘‘
حضرت ابودرداء ؓ فرماتے ہیں کہ جن لوگوں کی زبان اﷲ تعالیٰ کے ذکر سے تر و
تازہ رہتی ہے وہ جنت میں ہنستے ہوئے داخل ہوں گے ۔(فضائل ذکر)
ایک حدیث میں ارشاد ہے کہ چار چیزیں ایسی ہیں کہ جس شخص کو یہ مل جائیں اُس
کو دین و دُنیا کی بھلائی مل جائے (۱) وہ زبان جو اﷲ تعالیٰ کے ذکر میں
مشغول رہنے والی ہو (۲) وہ دل جو اﷲ تعالیٰ کی نعمتوں اور اُس کے احسانات
کے شکر میں مصروف ہو (۳) وہ بدن جو اﷲ تعالیٰ کی عبادات میں مشقت برداشت
کرنے کا عادی ہو (۴) وہ بیوی جو اپنے نفس میں اور خاوند کے مال میں خیانت
نہ کرے ۔
حکیم ترمذیؒ فرماتے ہیں کہ : ’’اﷲ تعالیٰ کا ذکر دل کو تر کرتا ہے اور اُس
میں نرمی پیدا کرتا ہے اور جب دل اﷲ تعالیٰ کے ذکر سے خالی ہوتا ہے تو نفس
کی گرمی اور شہوت کی آگ سے خشک ہوکر سخت ہوجاتا ہے ،سارے اعضاء بھی سخت
ہوجاتے ہیں اورطاعت سے رُک جاتے ہیں ، اگر اِن اعضاء کو کھینچو تو ٹوٹ
جائیں گے جیسے کہ خشک لکڑی کہ جھکانے سے نہیں جھکتی بلکہ صرف کاٹ کر
جلادینے کے کام کی رہ جاتی ہے۔
ایک حدیث قدسی ہے حضرت ابو ہریرۃؓ فرماتے ہیں کہ : ’’حق تعالیٰ شانہ ارشاد
فرماتے ہیں کہ : ’’میں اُس وقت تک اپنے بندے کے ساتھ ہوتا ہوں جب تک وہ
مجھے یاد کرتا رہتا ہے اور اُس کے ہونٹ میرے ذکر اور میری یاد میں ہلتے
رہتے ہیں۔‘‘
حضرت معاذ بن جبلؓ فرماتے ہیں کہ : ’’انسان کا کوئی عمل اُس کو اﷲ تعالیٰ
کے عذاب سے نجات دلانے میں اﷲ تعالیٰ کا ذکر کرنے کے برابر نہیں۔‘‘
حضرت ذوالنون مصریؒ فرماتے ہیں کہ : ’’جو شخص حقیقی طور پر اﷲ تعالیٰ کو
یاد کرتا ہے تو وہ اُس کے مقابلہ میں ساری چیزوں کو بھول جاتا ہے اور اُس
کے بدلہ میں حق تعالیٰ شانہ خود اُس کے لئے ساری چیزوں کی حفاظت کرتے ہیں
اور تمام چیزوں کا عوض اُس کو عطا فرمادیتے ہیں ۔( معارف القرآن )
ایک حدیث میں آتا ہے حضور نبی پاک ؐ نے ارشاد فرمایا کہ : ’’جو تم میں
راتوں کو محنت کرنے سے عاجز ہو اور بخل کی وجہ سے (نفلی صدقات وغیرہ میں)
اپنا مال بھی نہ خرچ کرسکتا ہو اور بزدلی کی وجہ سے جہاد میں بھی شرکت نہ
کرسکتا ہو تو اُسے چاہیے کہ وہ کثرت سے اﷲ تعالیٰ کا ذکر کیا کرے ۔‘‘ (طبرانی
، بیہقی)
الغرض بندۂ مؤمن کو چاہیے کہ وہ ہمہ وقت اﷲ تعالیٰ کی یاد میں مشغول رہے
اور غیر اﷲ کو اپنے دل سے نکال دے کہ دلوں کے سکون و قرار کا راز اسی میں
مضمر ہے ، بلاشبہ اﷲ تعالیٰ کا ذکراور اُس کی یاد ہی بندۂ مؤمن کے دل کے
سکون و اطمینان کا اصلی تریاق ہے۔ |