4ماہ 3دن اور 36سماعتوں کے بعد سپریم کورٹ نے’’صدیوں یاد
رکھنے‘‘والا فیصلہ جاری کرہی دیا ،ایک سال سے زائد عرصہ تک جاری رہنے والا
سسپنس ابھی تک ختم نہیں ہوسکا،عدالتی فیصلے کے مطابق وزیراعظم اپنا کام
جاری رکھیں گے،دو ججز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو نااہل قرار دے کر گھر
بھیج دیا جائے جبکہ تین ججز نے وزیراعظم کو ایک اور موقع دینے اور
مزید’’تلاشی‘‘لینے کا کہا۔جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس گلزار احمد نے
اختلافی نوٹ میں وزیراعظم کو نااہل قرار دینے سے اتفاق کیا۔اب ہونا کچھ یوں
ہے کہ ایف آئی اے کے افسرجو کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار کے انڈر آتے ہیں ان
کی سربراہی میں چھ رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم ایک ہفتے کے اندر تشکیل دی
جائیگی جس میں نیب،ایس ای سی پی،آئی ایس ائی اور ایم آئی کا ایک ایک
نمائندہ ہوگا جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم وزیراعظم اور ان کے بچوں سے لندن
فلیٹس اور بے نامی جائیدادوں کی تحقیقات 2ماہ میں مکمل کر کے رپورٹ سپریم
کورٹ میں پیش کرے گی۔قارئین پانامہ پیپرز کے آغاز سے سپریم کورٹ کے فیصلے
تک کے منظر نامہ پر ایک مختصر نظر ڈالی جائے تو پانامہ پیپرزکے3مارچ 2016کو
منظر عام پر آنے کے بعد پتہ چلا کہ دنیا کے امیر ترین افراد اپنی دولت کیسے
چھپاتے ہیں۔1کروڑ15لاکھ دستاویزات جرمن اخبار سودیوچے زیتنگ نے حاصل کئے
اور اسے تحقیقاتی صحافیوں کے بین الاقوامی کنسورشیم آئی سی آئی جے کے ساتھ
بھی شیئر کیا ۔کنسورشیم 76ممالک کے 109صحافیوں پر مبنی تھا،دستاویزات کا
تجزیہ کرنے میں ایک سال لگا۔پانامہ پیپرز میں 2لاکھ 14ہزار
افراد،کمپنیوں،ٹرسٹ اور فاؤنڈیشن کی تفصیلات تھیں۔دستاویزات میں
1977سے2015تک کی معلومات تھیں۔امیر ترین لوگوں کا مقصد ٹیکس سے بچنا اور
منی لانڈرنگ کرنا تھا۔پانامہ پیپرز میں سربراہان مملکت جن میں روسی صدر
ولادی میر پیوٹن کے قریبی رفقا،وزیراعظم نواز شریف کے بچوں،چینی صدر کے
بہنوئی،یوکرائنی صدر،اجنٹائن کے صدر،برطانوی وزیراعظم کے مرحوم والدکا ذکر
تھا۔پانامہ کمپنیاں غیر قانونی نہیں مگر انویسٹر کی شناخت ظاہر نہیں کی
جاتی اور نہ ہی معلوم کیا جاتا ہے کہ دولت کیسے حاصل کی گئی اور کیا اس پر
ٹیکس ادا کیا گیا ہے یا نہیں۔پاکستان میں پانامہ کا ہنگامہ شروع ہوتے ہی
اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا جبکہ وزیراعظم نے دو
دفعہ قوم سے خطاب اور ایک دفعہ قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران ’’صفائیاں‘‘پیش
کیں۔وزیراعظم کے اعلان کردہ عدالتی کمیشن کو سپریم کورٹ نے ماننے سے انکار
کیااس دوران حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان کمیشن کے ضوابط کی تشکیل
کیلئے کئی نشستیں بھی ہوئیں مگر نتیجہ صفر نکلا۔3نومبر کو پانامہ کیس کی
باقاعدہ سماعت پر چیف جسٹس نے کہا ہماری ترجیح وزیراعظم کیخلاف الزامات کو
دیکھنا ہے اور شواہد دیکھنے کے بعد ہی کمیشن بنانے یا نہ بنانے کا فیصلہ
کیا جائیگا،مختلف سماعتوں پر ججز کی طرف سے گرما گرم ریمارکس بھی آئے سب
کچھ ٹھیک چل رہا تھا کہ اچانک 15نومبر کو وزیراعظم خاندان کی طرف سے قطری
خط سامنے آگیااور یہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی کہ ملک سے کوئی رقم باہر
نہیں بھیجی گئی بلکہ قطر سے ہی بیرون ملک کاروبار کئے گئے۔9دسمبر کو چیف
جسٹس جسٹس انور ظہیر جمالی کے ریٹائر ہونے پر بنچ ٹوٹ گیا۔پھر نئے چیف جسٹس
جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 31دسمبر کو نیا بنچ بنا ۔پانامہ کیس کے
دوران وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے وکلا بھی تبدیل ہوتے رہے۔جسٹس عظمت سعید
کو دل کی تکلیف کے باعث بھی کچھ عرصہ سماعت نہ ہوسکی۔23فروری کو فیصلہ
محفوظ اور20اپریل کو سنا دیا گیا،540صفحات پر مشتمل فیصلے کو جسٹس اعجاز
اسلم نے تحریر کیا،جسٹس آصف سعید کھوسہ نے مشہور ناول ’’دی گاڈ فادر‘‘کا
ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ ہر بڑی دولت کے پیچھے ایک جرم ہوتا ہے۔سپریم کورٹ نے
کچھ سوالات بھی اٹھائے اور وہ یہ ہیں کہہ گلف سٹیل کیسے بنی ؟کس طرح فروخت
ہوئی؟فروخت ہوئی تو واجبات کیسے منتقل ہوئے؟سرمایہ جدہ،لندن اور قطر کیسے
پہنچا؟کم عمر بچوں نے لندن میں فلیٹس کیسے خریدے؟قطری خط حقیقت ہے یا
افسانہ؟قطریوں کے شیئرز کی شفافیت کیا ہے؟نیلسن اور نیسکول کمپنیوں سے کس
کس نے فائدہ اٹھایا؟ہل میٹل اورفلیگ شپ انویسٹمنٹ لمیٹڈ اور دیگر کمپنیز
کیلئے سرمایہ کہاں سے آیا؟حسن نواز نے کمپنیز کو کیسے خریدا؟کمپنیز کو
چلانے کیلئے اربوں کا سرمایہ کہاں سے آیا؟حسن نواز نے والد کو لاکھوں کے
تحفے کہاں سے دیئے؟انہی سوالات کی روشنی میں جے آئی ٹی تحقیقات کا آغاز کرے
گی۔اب دیکھنا یہ ہے کہ اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے۔تفصیلی فیصلے پر اگر یہ کہا
جائے کہ دو ججز نے وزیراعظم کو گہرے پانی میں دھکیل دیا تھا جبکہ تین ججز
نے ڈوبتے کو تنکے کے سہارے کا کردار ادا کیا تو بے جا نہ ہوگا۔پاکستانیوں
کو ابھی بھی 2ماہ انتظار کرنا پڑیگاکہ پانامہ پر وزیراعظم کا کیا بنتا ہے
جبکہ دنیا میں کئی صدور اور وزرائے اعظم کو عہدوں سے مستعفی ہونا پڑ چکا ۔سپریم
کورٹ میں سماعت کے دوران ججز نے ایک بار بھی حسن،حسین ،وزیراعظم یا مریم
نواز کو طلب نہیں کیا جبکہ حکم صادر کر دیا کہ جے آئی ٹی ضرورت محسوس کرے
تو باپ،بیٹوں کو ضرور بلائے اور پوچھ گچھ کرے۔جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد
چیف جسٹس ایک اور بنچ تشکیل دے کر وزیراعظم کے عہدے پر رہنے یا نہ رہنے کے
متعلق فیصلہ کیا جائیگا۔آخر میں قارئین آپ کو ایک بات ضرور بتانا چاہوں گا
اور یہ میری ذاتی رائے ہے ہو سکتا ہے دو ماہ بعد میرا تجزیہ درست ثابت ہو
جائے یا غلط مگر آپ کے ساتھ شیئر کرنا بھی ضروری سمجھ رہا ہوں اور وہ یہ کہ
عدالت نے وزیراعظم کو کلین چٹ نہیں دی بلکہ اپنی بے گناہی ثابت کرنے کیلئے
دو ماہ کی مہلت دی ہے ایک اہم سوال یہ بھی پیدا ہوتا ہے کہ جو کام سپریم
کورٹ سے نہیں ہوسکا وہ کام حکومت کا کوئی ادارہ کر سکتا ہے؟ اگرچہ سپریم
کورٹ تفتیشی ادارہ نہیں اس لئے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا حکم دیا مگر یہ حکم
بہت پہلے بھی دیا جاسکتا تھا،اب سوچنے اور سمجھنے کی بات یہ ہے کہ کیا
وزیراعظم اداروں کو پریشرائز کر کے خود کو کلین چٹ دلوائیں گے ،مثال کے طور
پر قطری خط کو اگر جے آئی ٹی نے حقیقت پر مبنی قرار دے دیا تو وزیراعظم بچ
جائینگے۔میرے مطابق سپریم کورٹ کو تمام سوالات کے جوابات مل جائینگے اور
وزیراعظم صاحب پھر سے طاقتور وزیراعظم کے طور پر سامنے آئینگے اور الیکشن
کمپین میں مخالفین کو رگڑا لگائیں گے۔ |