جناب وزیراعظم صاحب! بھگوال کے احمد علی کی پکار سنیں

دنیامیں کتنا غم ہے میرا غم کتنا کم ہے
لوگوں کا غم دیکھا تو میں اپنا غم بھول گیا!!!
چکوال کا مشہور و معروف قصبہ بھگوال (جہاں سے ایاز امیر کا تعلق ہے)کے 13سالہ احمد علی کی داستان غم اخبار میں پڑھی تو جیسے پورا جسم لرز گیا۔صرف اتنا سوچا کہ اگر یہی مسئلہ میرے اپنے بچے کے ساتھ ہو میری کیا کیفیت ہو گی۔13سالہ احمد علی کو 7سال قبل منہ میں درد ہوا۔اور پھر بے ہوشی کے حالت میں چلا گیا۔اسکے والد محمد خان نے اپنی بساط کے مطابق پنڈی اسلام آباد سے علاج کرایا۔جس سے بچہ ہوش میں تو آگیا مگر بچے کو خوراک نالی کے ذریعے دی جانے لگی۔2سال قبل کراچی آغا خان ہسپتال میں بھی بچے کے ٹیسٹ کروائے گئے تو آغا خان ہسپتال والوں نے بھی آپریشن سے معذوری ظاہر کر دی۔اب اس بچے کا علاج بوسٹن امریکہ میں ہو سکتا ہے مگر اس کے لیے دس لاکھ روپے کے اخراجات درکار ہیں۔بچے کا والد محمد خان اپنے معصوم بچے کی زندگی بچانے کے لیے اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی لٹا بیٹھا ہے۔اس کے حالات اب ایسے نہیں ہے کہ وہ بوسٹن میں علاج کروا سکے۔

جناب وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف صاحب،وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف صاحب اور محترمہ مریم نواز صاحبہ آپ درد دل رکھنے والے انسان ہے اس معصوم بچے کی جان بچا لیں۔یہ بچہ مسلسل 7سال سے خوراک کی نالی سے خوراک حاصل کر رہا ہے اس بچے کا علاج جہاں سے بھی ممکن ہو۔کرا دیں۔بہت ہی پیارا بچہ ہے اس کے کھیلنے کودنے کے دن ہے۔اس کو ابھی تعلیم حاصل کرنی ہے۔اس بچے نے پاکستان کا زمہ دار شہری بن کر ساری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنا ہے۔اس بچے کو اس زندگی اور موت کی کشمکش سے آزاد کر دیں۔اس کا کسی بھی ہسپتال سے علاج کروائیں ضروری نہیں کہ علاج امریکہ میں ہی ہو جہاں سے بہتر علاج ہو سکتا ہے اس کا کرائیں۔یہ بچہ آپ کا احسان مند رہے گا۔

جناب وزیر اعظم صاحب !آپ کو حضرت عمر فاروقؓ کا وہ واقعہ تو یاد ہو گا جب انہوں نے کہا تھا کہ اگر دریائے دجلہ کے کنارے کتا بھی بھوکا مر گیا تو اس کی بھی عمر ؓ تم سے پوچھ ہو گی۔جناب !احمد علی تو 13سال کا نو نہال ہے ایک لمحہ کے لیے سوچیں اس کے ماں باپ پر کیا گزر رہی ہو گی۔7سال سے خوراک کی نالی پر زندہ رہنے والے احمد علی کا آخر کیا قصور ہے کیا غریب ہونا ہی بہت بڑا قصور ہے۔

جناب وزیر اعظم صاحب!اس بچے کی مسکراہٹ لوٹا دیں۔اس کو پھر سے ویسا کر دیں جیسے یہ سات سال قبل تھا۔اسکا علاج کرائیں۔اسکے خاندان کی ڈھیروں دعائیں حاصل کریں۔جناب وزیراعظم! ماہ مقدس کی آمد آمد ہے رمضان المبارک میں اس خاندان کو بڑی خوشیاں دیں۔آج کے دور میں سب کچھ ہو سکتا ہے یہ کام آپ کے ہاتھوں سے ہونا چاہیے۔اس کی نیکیاں آپ اکھٹی کریں۔اﷲ تعالیٰ نے آپ کی اتنی عزت اور مقام دیا ہے۔آپ اتنی بڑی سلطنت کے وزیر اعظم ہے۔مجھے پورا یقین ہے کہ آپ میرے الفاظ کو اہمیت دینگے۔اور یقینا احمد علی کا علاج ہو گا۔احمد علی پھر سے صحت مند ہو گا۔اور انشاء اﷲ پاکستان کا نام ساری دنیا میں روشن کریگا۔
اﷲ تعالیٰ پاکستان کا حامی و ناصر ہو۔

Javed Iqbal Anjum
About the Author: Javed Iqbal Anjum Read More Articles by Javed Iqbal Anjum: 79 Articles with 63694 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.