ادب و کتب خانہ ۲۰۱۷ء۔ مدیرہ ڈاکٹر نسیم فاطمہ۔ کراچی:
بزم اکرم، ۲۰۱۷ ء، ۲۵۴ ص، قیمت ۵۰۰روپے
لفظ، قلم اور کتاب خوش نصیب لوگوں کی زندگیوں کی لازمی تثلیث ہوتی ہے اور
تثلیث کے ساتھ اپنا رشتہ جوڑنے والے لوگ کمال لوگ ہوتے ہیں۔ اپنا ادبی،
تخلیقی، تنقیدی اور اشاعتی ادارہ کا سفر شروع کرنے والی عہد حاضر کی مقبول
قلم کار ڈاکٹر نسیم فاطمہ آج بین الاقوامی شہرت و مقبولیت حاصل کر چکی ہیں۔
چیف ایڈیٹر ادب و کتب خانہ پروفیسر ڈاکٹر نسیم فاطمہ اپنی گوناگوں مصروفیات
کے باوجود بڑی محنت و تندہی سے اپنے ادبی و فنی تجربے اور مہارت کے بل بوتے
پر اس بین الاقوامی شہرت یافتہ مجلہ کی اشاعت کو بہتر سے بہتر بنانے میں
مصروف عمل ہیں۔ یہ رسالہ مدیرہ کی ان تھک محنت، لگن اور ذوق کا منہ بولتا
ثبوت ہے۔
زیر نظر مجلہ سلسلہ مطبوعات بزم اکرم کی نویں کڑی ہے۔جدید ٹیکنالوجی کے دور
میں یہ خوش آئند بات ہے کہ استاد کا احترام قائم ہے۔ بزم اکرم کی ٹیم نے
اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرتی ہوئے نئے لکھاریوں کو ادبی اور کتب خانوی
اظہار کے مواقع فراہم کئے ہیں۔ ڈاکٹر نسیم فاطمہ اور ان کی ٹیم دلی
مبارکباد کی مستحق ہے کہ یہ اپنی بھرپور محنت اور کوشش سے نئے لکھاریوں کو
آگے لانے میں کامیاب ہیں یقینا یہ عمل دیگر افراد کے لئے رہنمائی کا باعث
ہے۔ اراکین ادب و کتب خانہ اپنے علمی و ادبی معاونین کے مشکور ہیں کہ ان کا
بے غرض تعاون حاصل ہے اس کا اندازہ مجلہ کی ضخامت سے ہوتا ہے۔
زیر نظر ادب و کتب خانہ ۲۰۱۷ء میں شاعری اور نثر نگاری کو مندرجہ ذیل
عنوانات کے تحت شامل کیا گیا ہے۔
گلہائے عقیدت، رباعیات، غزلیات، منظومات، افسانہ، انجمنیں، تحقیق و تنقید،
ڈرامہ، سفر نامہ، سماجیات، کتب خانے، مصاحبات، مضامین، مطالعہ نسواں اور
یادرفتگاں۔
ڈرامہ " غالب جدید شعراء کی ایک مجلس میں" میں طنز و مزاح کی جھلک موجود
ہے۔ سید جمیل احمد رضوی نے اردو ادب کی نامور شخصیت پر "ڈاکٹر جمیل جالبی:
خطوط کے آئینے میں" ایک تحقیقی مضمون تحریر کیا ہے۔ " لائبریری سائنس کا
مقدمہ" بہت دلچسپ مضمون ہے۔ اس بار تین اہم شخصیات کے انٹرویوز کئے گئے ہیں
جن میں ڈاکٹر فاطمہ حسن، ڈاکٹر محمد فاضل خاں بلوچ اور ڈاکٹر ممتاز علی
انور شامل ہیں۔ مضامین میں " زین کی غزل" " طنزومزاح کا شاعرجمال زبیری"
"سید الطاف حسین کی حیات جاوداں" اور " اقبال اور عشق رسول" آپ کی توجہ
مبذول کرائیں گے۔ مطالعہ نسواں میں " ادا جعفری عہد حاضر کی مستند شاعرہ"
اور ڈاکٹر نسیم فاطمہ کی ادبی خدمات" کے تحت نامور خواتین کی علمی و ادبی
خدمات کا تحقیقی و تنقیدی جائزہ قارئین کے لئے پیش کئے گئے ہیں۔
ٹائٹل کور خوبصورت، کاغذ اور بائنڈنگ معیاری ہے۔ قیمت میں ۱۰۰ روپے خصوصی
رعایت ہے۔ مندرجہ ذیل پتہ سے منگوایا جا سکتا ہے۔
۹/۱۲۳۹ دستگیر سوسائٹی، فیڈر بی ایریا، کراچی ۷۵۹۵۰، پاکستان۔
Emails:[email protected]
[email protected] |