فہم حدیث کلام نبوی کی کرنیں مولانا عبدالمالک

حضرت زید بن سلّام سے روایت ہے کہ ان سے ابوسلّام نے کہا کہ حضرت حارث اشعری نے ان سے بیان کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالیٰ نے حضرت یحییٰ علیہ السلام کو پانچ باتوں کے متعلق حکم دیا کہ ان پر وہ خود بھی عمل کریں اور بنی اسرائیل سے بھی ان پر عمل کرنے کا کہہ دیں۔ حضرت یحییٰ علیہ السلام کو بنی اسرائیل سے کہنے میں کچھ تاخیر ہونے لگی تو حضرت عیسٰی علیہ السلام نے حضرت یحییٰ علیہ السلام سے کہا: اللہ تعالیٰ نے آپ کو پانچ باتوں کے متعلق حکم دیا تھا کہ آپ خود بھی ان پر عمل کریں اور بنی اسرائیل کو بھی ان پر عمل کرنے کا فرما دیں، لہٰذا یا تو آپ خود ان سے کہہ دیجیے یا میں ان سے کہہ دوں۔ حضرت یحییٰ علیہ السلام نے فرمایا کہ (حکم مجھے ہوا ہے اس لیے اس حکم کی تعمیل میں تاخیر کرنے کے سبب) کہیں زمین میں نہ دھنسا دیا جاؤں یا کسی اور عذاب میں گرفتار نہ ہوجاؤں۔ اس کے بعد انھوں نے فوراً بنی اسرائیل کو بیت المقدس میں جمع کیا۔ جب وہ اچھی طرح بھر گیا، حتیٰ کہ لوگ گیلریوں تک میں بیٹھ گئے تو خطاب کرتے ہوئے فرمایا: اللہ تعالیٰ نے مجھے پانچ باتوں کا حکم دیا ہے کہ میں خود بھی ان پر عمل کروں اور تم کو بھی ان پر عمل کرنے کی تاکید کروں۔

۞ پہلی بات تو یہ ہے کہ تم اللہ ہی کی عبادت کرو اور کسی کو اس کا شریک نہ بناؤ کیونکہ جو شخص کسی کو اللہ کا شریک بنائے تو اس کی مثال ایسی ہے جیسے کسی نے ایک غلام اپنے سونے چاندی سے خالص اپنے لیے بلاشرکت غیرے خریدا اور اس کو بتا دیا کہ یہ میرا گھر ہے اور یہ میرا کام ہے، تو مزدوری کر اور اس کی آمدنی مجھے لاکر دینا۔ یہ غلام مزدوری تو کرے لیکن اس کی آمدنی اپنے مالک کو لاکر دینے کے بجائے کسی دوسرے شخص کو لاکر دے دے، بھلا تم میں سے کوئی پسند کرتا ہے کہ اس کا غلام ایسا ہو؟ (انسان تو اللہ تعالیٰ کے سوا کسی کا مملوک نہیں کہ اسے اللہ تعالیٰ نے خریدا ہو بلکہ اس سے بھی آگے بڑھ کر اس کا معاملہ یہ ہے کہ اسے تو اللہ تعالیٰ نے پیدا کیا۔ اس کی تمام صلاحیتیں اس کی عطا کردہ ہیں۔ وہ جس زمین میں رہتا ہے وہ اسی کی بنائی ہوئی ہے اور جس آسمان کی چھت کے نیچے رہتا ہے وہ بھی اللہ کا بنایا ہوا ہے۔ اسے روزی بھی وہی دیتا ہے اور اس کی جملہ ضروریات کو زندگی کے مختلف مراحل کے تقاضوں کے مطابق وہی پورا کرتا ہے۔ تب اس کے لیے اس بات کا کیا جواز ہے کہ وہ اسے چھوڑ کر دوسروں کی بندگی کرے یا دوسروں کو اللہ تعالیٰ کے ساتھ بندگی میں شریک کرے)۔

۞ دوسری بات یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے تم کو نماز پڑھنے کا حکم دیا ہے، لہٰذا جب تک نماز میں رہو تو دائیں بائیں توجہ نہ کرو بلکہ صرف اسی کی طرف توجہ کرو، کیونکہ اللہ تعالیٰ نماز میں بندے کی طرف متوجہ ہوتا ہے جب تک بندہ اس کی طرف متوجہ ہو اور اِدھر اُدھر نہ دیکھے۔

۞ تیسری بات یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے تم کو روزے کا حکم دیا ہے۔ روزے کی مثال ایسی ہے جیسے انسانوں کی ایک جماعت ہو اور اس میں ایک انسان کے پاس ایک تھیلی ہو جس میں مشک (کستوری) ہو۔ ہرشخص کو اس کی خوشبو اچھی معلوم ہوگی۔ روزے دار کے منہ کی بو اللہ تعالیٰ کو مشک سے بھی زیادہ پیاری ہوتی ہے۔

۞ چوتھی بات یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے تم کو صدقے کا حکم دیا ہے۔ اس کی مثال ایسی ہے جیسے ایک شخص کو دشمن نے قید کرلیا ہو اور اس کے ہاتھ اس کی گردن سے باندھ دیے ہوں اور اس کی گردن مارنے کے لیے اسے قتل گاہ کی طرف لے جایا جا رہا ہو۔ یہ شخص اپنی جان بچانے کے لیے اپنا سارا مال اپنی جان کے بدلے میں دے دے اور اس طرح اپنی جان چھڑا لے۔

۞ پانچویں بات یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے تم کو اپنے ذکر کا حکم دیا ہے۔ ذکر کی مثال ایسی ہے جیسے ایک شخص کا تعاقب کرتے ہوئے دشمن اس کی طرف تیزی سے آرہا ہو اور یہ شخص اس سے بچاؤ کی خاطر اس سے دُور بھاگ رہا ہو، اور بھاگتے بھاگتے ایک مضبوط قلعے کے اندر داخل ہوجائے اور دشمن سے اپنی جان بچا لے۔ اسی طرح بندہ شیطان سے اپنے آپ کو ذکراللہ کے بغیر کسی دوسری چیز کے ذریعے نہیں بچاسکتا۔

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے (ان پانچ باتوں کو بیان کرنے کے بعد) فرمایا: میں بھی تم کو پانچ باتوں کا حکم دیتا ہوں جن کا اللہ تعالیٰ نے مجھے حکم دیا ہے: ۞ اللہ اور اس کے رسول اور اپنے صاحبِ امر لوگوں کی بات سننے اور اطاعت کا ۞ جہاد ۞ ہجرت کرنے اور ۞جماعت کے ساتھ وابستہ رہنے کا۔ کیونکہ جو شخص جماعت سے بالشت برابر علیحدہ رہا اس نے گویا اسلام کا طوق اپنی گردن سے اُتار پھینکا مگر اس صورت میں کہ جماعت میں واپس آجائے اور پوری طرح امیر کی اطاعت کرے (جو شخص اسلامی نظام جماعت سے کُلی یا جزوی طور پر نکل کر کسی دوسرے نظام کا کُلی یا جزوی طور پر علَم بردار بن گیا وہ اس جماعت سے نکل گیا جس سے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے وابستہ رہنے کا حکم فرمایا) ۞ پانچویں بات یہ کہ جس نے اسلام کے زمانے میں جاہلی دور کے نعرے لگانے شروع کردیے (لسانی، قومی اور نسلی بنیاد پر جتھہ بندی کرنا اور ان کے نعرے لگانا) تو وہ دوزخ میں ڈالے جانے والے خس و خاشاک میں شامل ہوگیا۔

ایک شخص نے عرض کیا: یارسول اللہ! اگرچہ وہ نماز پڑھے اور روزے رکھے۔ آپ نے فرمایا: اگرچہ وہ نماز پڑھے اور روزے رکھے۔ پس تم ایسے نعرے لگاؤ جن کی اللہ نے اجازت دی ہے۔ اس نے پہلے سے تمھارا نام مسلم اور مومن رکھا ہے (لہٰذا اسلام اور ایمان سے ہم آہنگ نعرے لگاؤ)۔ (ترمذی، ابواب الامثال، حدیث ۲۸۵۹)

ان ۱۰ باتوں میں تزکیۂ نفس، تعلق باللہ، اصلاحِ معاشرہ ، اصلاحِ حکومت، اقامت دین، حکومت الٰہیہ کے قیام، ظلم و زیادتی کے خاتمے، حقوق اللہ اور حقوق العباد کو ادا کرنے کے جامع پروگرام اور لائحہ عمل کی طرف راہنمائی ہے۔ پہلی پانچ باتیں تو اہلِ ایمان کے لیے انفرادی پروگرام پر مشتمل ہیں اور دوسری پانچ باتیں اجتماعی پروگرام کی بنیاد ہیں۔

۞حضرت ابوہریرہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم ایک دن خطاب فرمانے کے لیے کھڑے ہوئے۔ آپ نے مالِ غنیمت میں خیانت کا تذکرہ فرمایا اور اسے بہت بڑا جرم قرار دیا۔ آپ نے فرمایا: قیامت کے روز میں تم میں سے کسی کو اس حال میں نہ پاؤں کہ اس کی گردن پر بکری سوار ہو اور منمنا رہی ہو، اس کی گردن پر گھوڑا سوار ہو جو ہنہنا رہا ہو اور وہ مجھ سے فریاد کرے اور پکارے: ’’اے اللہ کے رسول! میری فریاد رسی فرمایئے‘‘۔ میں کہوں گا کہ میں اللہ تعالیٰ سے تجھے بچانے کے لیے کچھ نہیں کرسکتا۔ میں نے تو تمھیں حکم پہنچا دیا تھا۔ ایسا نہ ہو کہ اس کی گردن پر اُونٹ سوار ہو اور بڑبڑا رہا ہو اوروہ مجھے پکارے کہ اے اللہ کے رسول! میری فریاد رسی فرمایئے تو میں کہوں گا کہ میں تجھے اللہ تعالیٰ کی پکڑ سے چھڑانے کے لیے کچھ نہیں کرسکتا۔ میں نے تو تمھیں بات پہنچا دی تھی۔ ایسا نہ ہو کہ اس کی گردن پر سونا چاندی سوار ہو اور وہ مجھے پکارے کہ اے اللہ کے رسول! میری مدد فرمایئے تو میں کہوں گا: میں اللہ تعالیٰ کی پکڑ سے بچانے کے لیے تیری کوئی مدد نہیں کرسکتا۔ میں نے تو بات پہنچا دی تھی۔ ایسا نہ ہو کہ اس کی گردن پر کپڑے ہوں، جو لہرا رہے ہوں اور وہ مجھے مدد کے لیے پکارے اور کہے: اے اللہ کے رسول! میری فریاد رسی فرمایئے تو میں کہوں گا: میں تیری کسی بھی قسم کی مدد نہیں کرسکتا۔ میں نے تو بات پہنچا دی تھی۔ (بخاری، باب الضلول، حدیث ۳۰۷۳)

حضرت عبداللہ بن عمرو سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سامان کی نگرانی پر ایک شخص مقرر تھا جس کا نام کَرکَرہ تھا۔ وہ فوت ہوگیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: وہ دوزخ میں ہے۔ صحابہ کرام اس کی طرف گئے تاکہ اس کے دوزخی ہونے کا سبب معلوم کریں، تو پتا چلا کہ مالِ غنیمت سے ایک چادر اس نے چرائی تھی۔ (بخاری، حدیث ۳۰۷۴)

مالِ غنیمت یا سرکاری اور قومی اموال میں کسی بھی سطح پر خیانت اتنا بڑا جرم ہے کہ ایک معمولی چادر بھی آدمی کو دوزخ میں داخل کردینے کا سبب بن جاتی ہے۔ پھر جو بھی چیز خیانت کا شکار ہوگی وہ آدمی کی گردن پر سوار ہوگی۔ خیانت کے بارے میں جو سزا ذکر کی گئی ہے زکوٰۃ نہ دینے کی بھی یہی سزا آتی ہے (بخاری، کتاب الزکوٰۃ، حدیث ۱۴۰۲۔۱۴۰۳)۔ نیز سونے چاندی کے بارے میں یہ بھی آیا ہے کہ وہ زکوٰۃ نہ دینے والے کے لیے سانپ بن کر، اس کی گردن کا طوق بن جائے گا اور اس کی باچھوں کو دونوں طرف سے ڈسے گا اور کہے گا: ’’میں تیرا مال ہوں، میں تیرا خزانہ ہوں‘‘۔

آج کل خیانت عام ہے۔ حکمران بھی ہرسطح پر کرپشن میں مبتلا ہیں۔ بڑے پیمانے پر سرکاری خزانوں کو ہضم کرلینے کے جواز پر باہمی مفاہمتیں ہوتی ہیں۔ کرپشن کے خلاف مقدمات چلانے کی مخالفت کی جاتی ہے اور مقتدر حلقے سرکاری اموال کی لُوٹ مار میں مددگار بن جاتے ہیں ۔ لوٹے ہوئے مال کی واپسی میں رکاوٹ بن کر کھڑے ہوجاتے ہیں۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ایک زمانہ آئے گا لوگ پروا نہ کریں گے کہ جو مال ان کے پاس آیا ہے یہ حلال کا ہے یا حرام کا‘‘۔ (بخاری، حدیث ۲۰۵۹،۲۰۸۳)
Umalbaneen
About the Author: Umalbaneen Read More Articles by Umalbaneen: 11 Articles with 15345 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.