اپنے مرکز سے اگر دور نکل جاؤ گے

آئن سٹائن ماڈرن فزکس کی دنیا کا بے تاج بادشاہ ہے پر کیا آپکو معلوم کہ آئن سٹائن نے اپنی مشھور زمانہ " Theory Of Relativity " میں کائنات کو ساکن ثابت کرتے ہوئے کاسمولوجِیکل کانسٹنٹ کا اجرا کیا ، بعد میں جب سائنسدانوں نے ثابت کیا کہ کائنات ساکن نہیں بلکہ اپنی تخلیق کے وقت سے لے کر آج تک پھیلتی جارہی ہے ، تو اس بات کو لیکر کسی نے آئن سٹائن کو ملعون کرنے کے بجائے اس نئی دریافت کو اسی تھیوری میں ایڈجسٹ کیا .

تھامس ایڈیسن ایک عظیم موجد تھا ، اس کی سب سے مشور ایجاد " بلب " تھا ، پر اگر آپ اسکے " بلب " کا آج کی ایل ای ڈی لائٹ سے موازنہ کریں تو کونسی شے آپ گھر پر لگانا پسند کریں گے ؟ ظاہر ہے ہر کوئی یہی چاہے گا کہ اس دور کے بلب کے بجائے آج کے دور کی جدید ایل ای ڈی لائٹ لگائی جاۓ ، پر کیا اس وجہ سے تھامس ایڈیسن کی اہمیت رتی برابر بھی کم ہوتی ہے ؟ ہرگز نہیں !

الیگزینڈر گراہم بیل ٹیلی فون کا خالق تھا ، یہ جو آج ہم ہاتھ میں سمارٹ فونز تھامے ہوئے ہیں اس کا بیج الیگزینڈر گراہم بیل نے بویا تھا ، اس کا ماننا تھا کہ انسان دنیا کے دو مختلف حصّوں میں رہتے ہوئے بھی ایک دوسرے سے بات کر سکتے ہیں ، الیگزینڈر گراہم بیل کے اس وقت کے ایجاد کردہ ٹیلی فون کا اگر آج کے سمارٹ فون سے موازنہ کریں تو سمارٹ فون اسکی ایجاد سے ہزار گنا بہتر ڈیوائس ہے . پر کیا اس وجہ سے الیگزینڈر گراہم بیل کی اہمیت گھٹ گئی ؟ نہیں ہرگز نہیں !

ہوائی جہاز جو رائٹ برادران کی ایجاد ہے (بعض کے مطابق ابن فرناس وہ پہلے سائنسدان تھے جنھوں نے اسکی ایجاد کی ) پر اگر اس پرانے دور کے جہاز اور آج کے جہازوں میں سے سب سے بیکار کوالٹی کے جہاز کا موازنہ کیا جاۓ تو آپ کونسے جہاز پر سفر کرنا پسند کریں گے ؟ ظاہر ہے آج کی سب سے تھکی ہوئی کوالٹی کا جہاز بھی اس وقت کے جہاز سے زیادہ پیدار ہوگا اور آپ آج کے جہاز پر ہی سفر کرنا پسند کریں گے ، پر کیا اس وجہ سے ہوئی جہاز کے موجد کم عقل کہلائیں گے ؟ ہرگز نہیں !
وجہ ؟
کیوں کہ یہ تمام لوگ موجد تھے ، انھوں نے " آئیڈیا " تخلیق کیا ، انھوں نے ایک راہ دکھا دی جب کہ بعد میں آنے ولوں نے ان کے آئیڈیا کی روشنی میں ان کے بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے مزید کامیابیاں سمیٹیں ، یہی سمجھ لیں کہ موجد وہ ہے جو بیج بو کر درخت اگاتا ہے جب کہ آنے والا زمانہ محض اس درخت کے پھل توڑ کر کھانے کی محنت کرتا ہے ، اور اگر یہ پھل توڑ کر کھانے والے کبھی بیج بو کر درخت بنانے والوں پر تنقید کرنے لگیں تو کم سے کم اور نرم سے نرم الفاظ میں بھی اسے " واہیات" حرکت کہا جاۓ گا .
اب آتے ہیں اصل بات کی جانب

آج کل کچھ زیادہ پڑھ لکھ جانے والی " ہستیوں " کی جانب سے گاہے بگاہے صحابہ کرام رضوان علیھم کی ذات مبارکہ کو بار بار تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے ، کبھی ان کے ایک عمل کی مخالفت ہوتی ہے تو کبھی انکے کسی دوسرے فیصلے کی ، اور ایسا کرتے ہوئے یہ " اسلامک اسکالر " احسان فراموشی کی بدترین مثال قائم کرتے ہوئے بھول جاتے ہیں کہ جو " اسلامی تعلیم " حاصل کر کے آپ اسکالر بنے ہو یہ آپ تک صحابہ کرام اور انکے بعد پھر تابعین و تبع تابعین کی محنت سے پہنچی ہے ، جس علم کی بنیاد پر آپ عیش و عشرت کی زندگی جی رہے ہو اس کے لئے میرے صحابہ کرام نے قریش کی سزائیں بھگتیں ، جس علم کے طفیل آپکے دسترخوانوں میں انواع اقسام کی غذائیں سجی ہوئی ہیں اسے آپ تک پہنچانے کے لئے نبی کریم صلی الله علیہ وسلم اور انکے صحابہ کرام نے فاقہ کشی کاٹی ، جس علم کو لیکر آپ صحابہ کرام کی ذات پر تنقید کی تلوار چلاتے ہو اس علم کے لئے انہی صحابہ کرام رضوان علیھم نے اپنے سینوں اور گلوں پر کفار کی تلواریں چلوائی ہیں .

لہٰذا آپ سب اور آپکا یہ سارا علم کسی صحابی رسول کے جسم سے ٹپکے ایک قطرہ خون سے بھی ہزار درجہ حقیر ہے . اجتہاد کی چادر پہن کر وقت کے ساتھ آپ مثبت تبدیلیاں لانا چاہتے ہیں تو ضرور لائیں پر اگر آپ اس اجتہاد کی بنیاد پر کسی بھی صحابی رسول پر زبان درازی کریں گے تو کم سے کم اور نرم سے نرم الفاظ میں بھی آپ " واہیات " ہی کہلائیں گے !!
اپنے مرکز سے اگر دور نکل جاوگے
خواب ھوجاوگےافسانوں میں کھو جاوگے

Sheikh Imtiaz
About the Author: Sheikh Imtiaz Read More Articles by Sheikh Imtiaz: 6 Articles with 4488 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.