حیرت انگیز پیشنگوئیاں Predictions(5

ہم نے کو شش کی ہے کہ قارئین کیلئے وہ تمام پیشن گوئیاں اکٹھی کر دیں جن میں مستقبل کے بارے میں انسان کے تجسس کو کچھ سکون حاصل ہو سکتا ہے ۔
ہم نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ دنیا میں بالعموم اور بر صغیر پاک و ہند میں بالخصوص گزرے ہو ئے اور مستقبل قریب یا بعید میں رُو نما ہو نے والے بڑے بڑے واقعات ،حادثات ،اور انقلابات کے پردوں میں جھانک کر مسلم اُمّہ مادی ،سیاسی ، اور روحانی طور پر عدم توجہی سے گریز کرتے ہو ئے عالم غیب کے اس نایاب خزانے کی رہنمائی میں ،پُرآشوب مستقبل سے نمٹنے کیلئے ابھی سے تیاری کرے کہ یہی پیش بینی ،دُور اندیشی ،اور دانش مندی ان پیشن گوئیوں کی غرض وغایت اور مقصد ومدعا نظر آتا ہے ۔بقول اقبالؒ
کھول کر آنکھیں میرے آئینہ گفتار میں
آنے والے دَور کی ایک دُھندلی سی تصویر دیکھ!

سید قمر احمد سبزواریؔ

حیرت انگیز پیشنگوئیاں Predictions

امریکہ کی تباہی قریب ہے
حضرت نعمت اللہ شاہ ولی ؒکی یہ پیشگوئی بھی ہے کہ تیسری عالمی جنگ میں روس پر چین حملہ کریگا لیکن پھر دونوں میں صلح ہوجائے گی اور ایک طاقت ’’الف‘‘(غالبًا’’امریکہ‘‘) اس طرح تباہ ہو گا کہ کتابوں میں اس کا نام صرف باقی رہ جائے گا۔ اس کے بعد حج کے موسم میں آمد مہدی ؑ کا غلغلہ ہو گا اور دجال بھی اصفہان سے باہر نکلے گا۔حضرت نعمت اللہ شاہ ولی ؒنے مسلمانوں میں پھیلنے والی جدید معربی تہذیب کی تباہ کاری ‘مذہب سے دُوری اور دیگر خرابیوں کے متعلق بھی پیشگوئی کی ہے ‘اس طرح محسوس ہوتا ہے جیسے وہ موجودہ دَور کو کسی بلند ی سے کھلی آنکھوںدیکھ رہے ہوں مثلًا:’’حلال حرام کی تمیز جاتی رہے گی‘عورتوں کے اغوا اور عصمت دری کے واقعات عام ہوں گے۔ محبتیں ختم ہو جائیں گی ‘بے پردگی کا دَور ہو گا ‘عورتیں نقاب اوڑھنا چھوڑ دیں گی ۔ لوگوں میں بے شرمی اور بے غیرتی کا رواج ہوگا ‘ماں اپنی بیٹی سے مقابلہ حسن کرے گی ۔کافر لوگ مسلمانوں کو اپنے دین کی طرف تبلیغ کریں گے ۔بڑے بڑے عالم لوگوں سے رشوتیں لیں گے‘‘۔حضرت نعمت اللہ شاہ ولی ؒکی منظوم پیش گوئیاں چونکہ صدیوں سے نقل کی جارہی ہیں ‘ اس لئے اشعار کی ترتیب میں گڑبڑ ہوچکی ہے۔اس بنا پر بعض اوقات ابہام محسوس ہوتا ہے ۔ تاہم ان کے دستیاب اشعار کو بیک وقت سامنے رکھا جائے توآنے والے زمانے کے بارے میں ان کی پیشگوئیوں کی روشنی میں تصویر کچھ اس طرح بنتی ہے :ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بہت بڑی جنگ ہوگی ۔اس جنگ میں ہندستان کو ابتدامیں پنجاب میں کامیابی ہوگی اور دریائے اٹک کا کنارہ میدانِ جنگ بنے گا۔یہ دیکھ کر کہ پاکستان مٹنے کو ہے ‘بیرونی دنیا خصوصاًمشرق وسطیٰ‘ افغانستان ‘ایران اور چین سے کمک پہنچے گی اور جنگ کاپانسہ پاکستان کے حق میں پلٹ جائیگا۔پھر اسلامی فوجیں ہندوستان پر قابض ہو جائیں گی اور چالیس سال تک مغرب سے آنے والے مسلمان حکمران کی زیر قیادت زبردسست امن و امان رہے گا اور خوشحالی ہوگی ۔لیکن پاکستان ہندوستان کی جنگ کا نتیجہ ایک عالمی جنگ کی شکل میں بھی نکلے گا ۔جس میں دنیا کے تمام ممالک ملوث ہوں گے اور انگلستان یا امریکہ میں سے ایک ملک ہمیشہ کیلئے نابود ہو جائے گا ۔اس عالمی جنگ میں وسیع پیمانے پر ایٹمی اور جوہری ہتھیاروںکے استعمال کی طرف بھی اشارہ ہے۔ اس کے بعد مہدیؑ اور دجال کی آمد کا غلغلہ ہوگا۔ باقی غیب کا علم صرف اللہ تبارک وتعالیٰ کو حاصل ہے۔
اولیاکرامؒ اکثر مستقبل کی جھلکیاں باطنی آنکھوں سے دیکھتے ہیں لیکن چونکہ ایسی باتیں لب پر لانے کی اجازت نہیں ہوتی اس لئے عموماً اشاروں اور کنایوں سے کام لیا جا تا ہے ۔ قلندر لوگ بہت کم احتیاط کرتے ہیں ‘لیکن افسوس کہ ان کے اردگرد اور سامنے رہنے والے مریدوں میں اتنی صلاحیت نہیں ہوتی کہ ان کی باتوں کی اہمیت کو سمجھیں اور انہیں محفوظ کرلیں ‘عموماً انہیں مجذوب کا خیال سمجھ کر نظر انداز کردیا جاتا ہے ۔ خواجہ محمد سلیمان تونسویؒ آج سے دو اڑھائی سو سال پہلے گزرے ہیں ۔چشتیہ سلسلے کے بزرگ ہیں ‘کبھی کبھی قلندرانہ انداز میں بھی باتیں کہہ جاتے تھے۔ایک بار اپنے مریدوں سے فرمایاکہ قیامت آئے گی تو ایسے عجیب امراض پیدا ہوں گے جنہیں پہلے نہ کبھی کسی نے سنا ہوگا نہ پڑھا ہوگا ۔ ان امراض کا علاج بھی نہ ہو سکے گا ۔اس کا ذکر حضرت خواجہ صاحب کے ملفوظات ’’نافع السالکین ‘‘ میں تفصیل سے ملتا ہے۔کیا ہم دیکھتے نہیں کہ ایڈز،برڈ فلو ،ڈینگی اور انتھراکس وغیرہ بیماریاں اس دور میں پیدا ہوئیں اور ناقابلِ علاج ہیں ؟
پاکستان کی ہاں اور ناں میں اقوام عالم کے فیصلے ہوں گے
بیسویں صدی کے ولی اللہ حضرت صوفی برکت علی لدھیانوی ؒ کا ایک انٹر ویو پی ٹی وی نے نشر کیا اور آج بھی انٹر نیٹ پر دیکھا جا سکتا ہے ۔اس کا ذکر ممتاز مفتی نے اپنی آپ بیتی (الکھ نگری) میں بھی کیا ہے ۔صوفی برکت علی لدھیانوی ؒ سے جب پاکستان کے بارے میں سوال کیا گیاتو آپ نے فرمایا کہ" میں پاکستان کا محب ہوں اور میں نے اپنا حق ادا کر دیا جلد وقت آنے والا ہے کہ جب پاکستان اقوام عالم کی قیادت کرے گا اور پاکستان کی ہاں اور ناں میں اقوام عالم کے فیصلے ہو نگے "۔گویا کہ اقوام متحدہ پاکستان سے پوچھ کر دنیا کے فیصلے کریگی ۔
واصف علی واصف کی پیشن گوئی
آپ فرماتے ہیں :میں خوشیوں کی خبریں دینے آیا ہوں ۔ آنے والا دَور دین اسلام کے حوالے سے سنہری دور ہو گا ۔ جس طرح کا مثالی معاشرہ آپ لوگ کتابوں میں پڑھتے آئے ہو ، مستقبل قریب میں آپ ایسا معاشرہ عملی شکل میں دیکھوگے۔ یہ وقت بہت جلد آنے والا ہے۔ یہ واقعہ آپ لوگوں کی زندگی میں ہو گا تھوڑی سی تکلیف کے بعد راحت ہی راحت ہے۔ روئے زمین پر انسانوں کی فلاح کے لیے حقیقی قائد اسی خطے سے اُبھرے گا۔ مشرق کا یہ خطہ مثالی ہو گا ۔ تہذیبی لحاظ سے ترقی یافتہ مانا جائے گا۔ دوسری تہذیبوں کے لوگ اس تہذیب سے متاثر ہوں گے اور اسے اپنائیں گے۔ اپنے کسی شاگرد کو آنے والے وقت کے لیے کوئی خاص فریضہ سونپا تو یہ انکشاف کیا۔۔۔۔۔بہت جلد ایک بڑا واقعہ ہونے والا ہے ۔ اس Eventکے لیےاس مرتبہ اللہ تعالیٰ نے مجھے منتخب کیا ہے ۔ اس مشن میں ایک آدمی اور بھی ہو گا ۔ وہ یہیں پاکستان یا ہندوستان سے آئے گا ۔ پیدا ہو چکا ہے ،بس ظاہر ہونا باقی ہے۔ آپ اس کا انتظار کرو ۔۔۔۔۔آپ اس کا استقبال کرنا۔(فرمائش ص 279)

sabeel
About the Author: sabeel Read More Articles by sabeel: 32 Articles with 53567 views میرا تعلق صحافت کی دنیا سے ہے 1990 سے ایک ماہنامہ ّّسبیل ہدایت ّّکے نام سے شائع کر رہا ہوں اس کے علاوہ ایک روزنامہ نیوز میل لاہور روزنامہ الجزائر لاہو.. View More