آلودگی کے بھیانک اثرات کا آغاز

انسان اپنے لیے خود ہی تباہی کا سامان پیدا کر رہا ہے اپنے مفاد اور لالچ کی خاطر اپنے وسائل کا بے احتیاطی سے استعمال کرتے ہوئے نہ صرف ان کو کم کر رہا بلکہ ان کے زیادہ استعمال سے اپنے ماحول کو متاثر کررہا ہے اٹھارویں صدی میں آنے والے صنعتی انقلاب نے انسان کو جدید دنیا میں لا کھڑا کیا ہے انسان تیزی سے ترقی کرتے کرتے یہ بھول گیا کہ وہ وسائل کا جلدی جلدی خاتمہ کر رہا ہے۔ ترقی کی دوڑ میں انسان یہ بھی بھول گیا کہ آنے والے دنوں میں اس کے ساتھ کیا ہوگا۔انسان ترقی کر کے اپنی زندگی بہتر کرتا رہا لیکن اس کو یہ انداز تب نہیں تھا کبھی یہ ترقی اس کو اس دنیا میں رہنے نہیں دے گی۔دولت مندوں نے دھڑا دھڑ فیکٹریاں اور کارخانے قائم کرنے شروع کردیے ،ان کو چلانے کے لئے قدرت وسائل کا سرکھانا شروع کر دیا، بڑے پیمانے پر جنگلات کا خاتمہ کر کے ماحول کو مزید خراب کر دیا، رہی سہی کثر بڑھتی ہوئی آبادی نے پوری کر دی اتنی بڑی آبادی کےلئے نئے شہر اور کالونیاں جنگلات اور فصلات کو کاٹ کر بنائی گئیں۔ اب ہر طرف آبادی ہی آبادی ہے ، شہر ختم ہوتے ہیں تو فیکٹریاں اور کارخانے شروع ہو جاتے ہیں۔ فصلیں اور جنگلات دن بدن کم ہوتے جا رہے ہیں۔جس کی وجہ سے انسان کو آج کے دور میں آلودگی کے ساتھ غذائی قلت کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

موجودہ صدی سے پہلے سائنس دانوں نے ماحولیاتی آلودگی کے خطرات کے الرٹ دینے شروع کر دیے تھے لیکن ان کو کسی نے سنجیدگی طور پر نہیں لیا۔ ماہرین کی ایک جائزہ رپورٹ جس میں دنیا بھر کے 13سو غیر جانب دار ماہرین اور سائنس دانوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ گزشتہ اڑھائی سو برسوں میں ہونے والی انسانی سرگرمیوں نے ہماری زمین کی حرارت میں بے پناہ اضافہ کیا ہے۔ جس کے منفی اثرات شروع ہو چکے ہیں، موجودہ صورت حال تو مزید گھمبیر ہوتی جارہی ہے۔کينيڈا کے شہر وينکوور کی يونيورسٹی آف برٹش کولمبيا کے اسکول آف پاپوليشن اينڈ پبلک ہيلتھ کے ايک پروفيسر مائيکل براؤئر نے کہا، ’’فضائی آلودگی اس وقت عالمی سطح پر انسانی صحت کے لحاظ سے چوتھا سب سے بڑا خطرہ ہے۔

چند سالوں سے پاکستان میں خاص کر سردیوں کے مہینوں نومبر اور دسمبر میں دھند شروع ہو جاتی تھی جو عموماً فروری کے شروع دنوں میں ختم ہو جاتی تھی یا پھر دسمبر اور جنوری میں ہونے والی بارشوں کی وجہ سے یہ دھند ختم ہو جاتی تھی ، لیکن اب پاکستان میں دو تین سالوں سے دھند کے بعد سموگ بھی شروع ہوچکی ہے، جو انسانوں کے ساتھ دوسری حیاتیاتی مخلوق کے لئے بھی نقصان دے ہے۔ سموگ یا دھواں جو ہماری فیکٹریوں ،بھٹہ خشت کی چمنیوں ،گاڑیوں ، گھریلو آگ والے چولہے جن میں لکڑی اور کوئلہ استعمال ہوتا ہو ، ہمارے پاور ہاوس جو کوئلے پر چلتے ہیں اس میں شامل ہیں جو بڑی مقدار میں دھواں چھوڑ کر ماحول کو متاثر کر رہے ہیں۔ ہمارے ملک میں سردی کا آغاز نومبر کے مہینے سے ہوتا ہے سردی کی وجہ سے فضاء میں ٹھنڈا بڑھ جاتی ہے اور ساتھ ہی نمی کی مقدار آضافہ ہوجاتا ہے، اوپر نمی کی وجہ سے دھواں فضاء میں نہیں جا پاتا ۔ آپ نے کبھی غور کیا ہو سردیوں میں جہازوں کے گزانے سے آسمان پر سفید لکیریں بن جاتی ہیں اور ایسی ہی صبح و شام کو لکڑی کے چولہے کا دھواں بادلوں کی طرح محسوس ہوتا ہے جو ایک خاص سطح پر جمع رہتا ہے ایسے ہی موسم سرما میں خشک سردی کی وجہ سے فوگ پیدا ہوتی ہے تو یہ سموگ اس میں شامل ہو کر مزید نقصان دے ہو جاتی ہے۔ اب حالیہ سموگ میں فوگ بھی شامل ہو رہی ہے جس کے پیش نظر سٹرکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے اور ساتھ حادثات کی تعداد میں آضافہ ہوگیا ہے۔

سموگ و فوگ انسانی صحت اثر انداز ہورہی ہے، اس کی وجہ سے سانس لینے میں تکلیف ، جلدی امراض، پیٹ کی بیماریوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ساتھ ہی اکسیجن کی کمی کے باعث انسانی دماغ برے اثرات مرتب ہورہے ہیں، عموماً اکسیجن کی کمی سے دماغ سکڑ جاتا ہے ۔ موجود آلودگی کی وجہ دماغی امراض میں بھی خطرناک اضافہ ہو گا ۔ ماحولیاتی آلودگی انسانی صحت کے لئے اس قدر خطرناک ہے کہ اس کی وجہ سے جسم کا کوئی ایسا عضو نہیں جو متاثر نہ ہو رہا ہو، حتی کہ انسانی گردے، پھیپھڑے اور بینائی تک متاثر ہو رہی ہے۔ انسانوں کے علاوہ جانور بھی بیمار ہورہے ہیں، فصلیں اور پودے بھی اس سموگ اور فوگ سے متاثر ہورہے ہیں دھوپ نہ نکلنے کی وجہ سے ان کی بڑھوتری نہیں ہورہی جس سے پیداوار کی کمی اور مختلف زرعی اشیاء کا بحران پیدا ہوگا۔ ان موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پوری دنیا کی معیشت مثاثر ہورہی ہے، اب تک اربوں ڈالر کے نقصانات ہو چکے ہیں۔ 24بین الاقوامی اداروں کے ماہرین کی طرف سے تیار کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال کے دوران معیشت کو مجموعی طور پر 129ارب ڈالر کے نقصان ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق2010سے 2016کے درمیان شدید موسمیاتی حالات سے ہونے والے نقصانات میں 46 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

تیزی سے بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی کے بارے مختلف ماہرین انسان کو اپنے ماحول کو بہتر بنانے پر زور دے رہے ہیں آنے والے سالوں میں زیادہ تر ترقی پذیر ممالک متاثر ہوں گے جن میں گرمی سردی ، طوفان ، حد سے زیادہ بارشیں ، سموگ و فوگ ،اور سب سے بڑھ کر غذائی قلت سے انسانی زندگی خطرے سے دوچار ہوگی ’’دی لینسیٹ ‘‘نامی ریسرچ جرنل میں شائع ہونے والی ایک حالیہ تحقیق کے مطابق تیزی سے ہوتی ان ماحولیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں ہونے والی شدید غذائی کمی کے سبب 2050ء میں 5 لاکھ لوگ موت کے منہ میں چلے جائیں گے۔اس کے علاوہ مزید محققين نے انکشاف کيا ہے کہ فضائی آلودگی کے سبب سالانہ بنيادوں پر کئی لاکھ افراد ہلاک ہوتے ہيں اور ان ميں سے نصف سے زيادہ ہلاکتيں تيزی سے اقتصادی ترقی کی جانب گامزن ممالک چين اور بھارت ميں ہوتی ہيں۔ واشنگٹن ميں ’امريکن ايسوسی ايشن فار دا ايڈوانسمنٹ آف سائنس‘ کی ایک کانفرنس میں سائنس دانوں نے چند سال قبل خبردار کيا تھا کہ اگر آلودگی ميں کمی لانے کے ليے زيادہ سخت اقدامات نہ کيے گئے تو آنے والوں سالوں ميں قبل از وقت اموات کی شرح ميں اضافہ جاری ہے گا۔ اسی طرح دنیا کے مختلف حصوں میں 2000 ء گرمی کی شدید لہر کے دوران کھلے آسمان تلے کام کرنے والے محنت کشوں کی پیداواریت میں 5.3 فیصد کمی آئی جب کہ اسی موسمی صورتحال کے نتیجے میں اس عرصے کے دوران دل کے دورے اور ڈی ہائیڈریشن کے نتیجہ میں ہونے والی اموات 125ملین تک پہنچ گئیں۔ ايک چينی طالبہ کائيو جو ماحولیات پر پی ايچ ڈی کر رہی ہیں نے پيشن گوئی کی کہ اگر فضائی آلودگی ميں کمی متعارف کرانے کے ليے مناسب اقدامات نہ کيے گئے تو سن 2030ميں تک تقريباً دس لاکھ تا تيرہ لاکھ اموات کا سبب ماحولیاتی آلودگی بن سکتی ہے۔

اگر سابقہ اعداوشمار کا جائزہ لیا جائے تو رواں صدی سے قبل یورپ میں گرمی کی لہر کی وجہ 35 ہزار ہلاکتیں ایک ہی سال میں ہوئی تھیں۔ اسی طرح سال 2015 میں پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں گرمی کی لہر اور ہیٹ سٹروک کی وجہ سے ایک ہزار سے زیادہ اموات ہوئیں تھیں۔تقریباً اس کے لگ بھگ 2016 میں بھی ہوئی تھیں۔ اسی طرح سال 2010 میں ملکی تاریخ کے بدترین سیلاب میں 18 سوافراد ہلاک ہوئے، 2015ء میں آنے والے سیلاب میں 169لوگوں ہلاک ہوئے۔ عالمی سطح پر ایک سرگرم کے تھنک ٹینک ’’جرمن واچ‘‘ نے اپنے گلوبل کلائیمیٹ رسک انڈیکس میں پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث 10 سب سے زیادہ غیر محفوظ ممالک کی فہرست میں شامل کیا جبکہ ورلڈ ریسورسز انسٹی ٹیوٹ کا کہنا ہے کہ اگلے پندرہ برسوں میں پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی تعداد 27لاکھ سے تجاوز کر سکتی ہے۔ پاکستان اور ڈبلیو ڈبلیو ایف برطانیہ کی ایک مشترکہ رپورٹ ’’نیچر پاکستان پروجیکٹ‘‘کے مطابق پاکستان میں سمندر کی سطح میں سالانہ 6 ملی میٹر اضافہ ہو رہا ہے جس کے نتیجے می ساحلی علاقوں کی زمین آہستہ آہستہ سمندر برد ہو رہی ہے۔ پاکستان کے علاوہ مالدیپ کے بارے ماہرین شدید خطرناک پیشن گوائی کرتے ہیں، مالدیپ سمندری جزیروں ہر مشتمل ہے جو سطح سمندر سے سات سے چار انچ تک اونچا ہے ماہرین کا کہنا ہے گلیشیر بگھلنے کی وجہ سے سطح سمندر میں دن بدن آضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ماہرین کے نزدیک مالدیب آئندہ صدی میں سمندر میں غرق ہو جائے گا۔ ایسے ہی قطب جنوبی کا حصہ جو سارا سال برف سے ڈھکا رہتا ہے اب ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے وہ بھی محفوظ نہیں رہا گرمی کی شدت سے قطب جنوبی کے گلیشئر کا حجم سکڑ کر کم ہو رہا ہے۔ماہرین کہتے ہیں پاکستان کے پہاڑی سلسلے قراقرم کا مستقبل بھی انتہائی پریشان کن ہے،قراقرم کے سلسلے کا ایک بڑا گلیشئر ,, پاسو ،، جو 2010ء سے سلالانہ 25 میٹر کم ہو رہا ہے، جو مجموعی طور پر 58 فیصد ختم ہو چکا ہے۔

ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے میں جنگلات انتہائی ضروری ہیں ہم دن بدن جنگلات کا صفایا کر رہےہیں اس میں ٹمبر مافیاء کا بہت بڑا کردار ہے ۔ پاکستان فارسٹ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق ملک میں 90 کی دہائی میں 35 لاکھ 90 ہزار ہکٹر رقبہ جنگلات پر مشتمل تھا جو دو ہزار کی دہائی میں کم ہو کر 33 لاکھ 20 ہزار ہیکٹر تک رہ گیا۔ادارے کے مطابق 2002 میں جنگلات کا رقبہ بڑھ کر 45 لاکھ ہیکٹر تک پہنچا یعنی مجموعی طورپر ملک میں پانچ اعشاریہ ایک فیصد رقبہ جنگلات پر مشتمل ہے تاہم جنگلات پر کام کرنے والے اقوام متحدہ کے ادارے ایف اے او اور دیگر اہم غیر ملکی ادارے ان اعداد و شمار کو درست نہیں مانتے۔ ملک کے شمالی علاقہ جات میں درخت کاٹ کر جنگلات کا صفایا کیا جارہا ہے ساتھ ہی درالحکومت اسلام آباد کے گردونواع میں بے تحاشہ درخت کاٹے جارہے ہیں، جس کے متعلق کیس عدالت میں زیر سماعت ہے۔ لیکن یہ معاملہ صرف ایک شہر کا ہے پورے پاکستان میں اس سے زیادہ جنگل کا صفایا کیا جا رہا ہے۔جس پر اعلی عدالت کو از خود نوٹس لینا چاہیے۔

ملک میں سموگ اور فوگ کے شروع ہوتے ہی اس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اور آگاہی مہیم چلائی جاتی ہے، جبکہ اسی سال بجلی پیدا کرنے والے پاور پلانٹ بھی بند کیے جا رہے ہیں۔دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو بند کیا جارہا ہے۔ ہمارا المیہ یہ ہے ہم وقت سے پہلے تیاری نہیں کرتے، ہمیں ہوش تب آتا ہے جب سر سے پانی گزار چکا ہوتا ہے۔ ہمیں ماحول دوست توانائی کے ذرائع کے بارے میں پہلے ہی سے سوچنا چاہیے تھا۔ سموگ کے شروع ہوتے ہی دھواں چھوڑتی گاڑیوں کے خلاف کاروائی اب کی بجائے سارا سال جاری رکھنی چاہیے تھی۔ نومبر اور دسمبر میں بھٹہ خشت میں آگ جلانے پر پابندی لگا دینی چاہیے جس کے لئے ان کے مالکان کو پہلے سے ہی آگاہ کر دیا جائے۔ کوڑے کو جلانے کی بجائے اسے ری سائیکل کیا جائے۔ انڈسٹریز کو شہر آبادی سے دور بنایا جائے۔زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔ اب بھی اتنے حالات بھیانک نہیں ہوئے بہتر حکمت عملی اور موثر اقدامات سے ہم ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کر کے اس کرۂ اراض کو آنے والے انسانوں کے لئے محفوظ بنا سکتے ہیں

 

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

Abdul Jabbar Khan
About the Author: Abdul Jabbar Khan Read More Articles by Abdul Jabbar Khan: 151 Articles with 129576 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.