چار اوورز، صفر رنز، دس وکٹیں

انڈیا کے ایک ابھرتے ہوئے نوجوان کرکٹر نے ٹی ٹوئنٹی کے ایک مقامی میچ میں ایک بھی رن دیے بغیر دس کی دس وکٹیں حاصل کر لیں۔
 

image

پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر، آسٹریلین فاسٹ بولر بریٹ لی، انڈین بولر ظہیر خان اور جسپریت بمراہ کی بولنگ کو دیکھتے ہوئے کرکٹ کھیلنے والے آکاش چودھری نے بدھ کو راجستھان کے شہر جے پور میں یہ انوکھا کارنامہ انجام دیا۔

اس میچ میں ان کی ٹیم 'دِشا کرکٹ اکیڈمی' نے پہلے کھیلتے ہوئے 156 رنز بنائے جس کے جواب میں 'پرل کرکٹ اکیڈمی' صرف 36 رنز بنا سکی اور آکاش نے سارے کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آکاش چودھری نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا: 'میں نے پہلے اوور میں دو وکٹیں لیں۔ اس کے بعد دوسرے اور تیسرے اوورز میں بھی دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ آخری اوور میں چار وکٹ لیں جس میں ایک ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے۔ چھ کھلاڑیوں کو بولڈ اور باقی چار کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔'
 

image

کرکٹ کا جنون کی حد تک شوق
آکاش نے بتایا: 'میں نے 15 سے زیادہ بار ایک میچ میں پانچ وکٹیں لی ہیں جس میں کئی بار چھ اور سات وکٹیں بھی ہیں۔ سارا دن صرف کرکٹ ہی میرے ذہن پر سوار رہتا ہے۔ صبح اٹھ کر چھ بجے سے سیشن شروع ہو جاتا ہے، اس کے بعد فیلڈنگ ہوتی ہے۔ لنچ کے بعد تین بجے سے نیٹ پریکٹس شروع ہوتی ہے۔'

آکاش بتاتے ہیں: 'مجھے شعیب اختر، جسپريت بمرا اور بریٹ لی بہت پسند ہیں لیکن میں کسی کی نقل نہیں کرتا کیونکہ اس سے نہ تو آپ اپنے رول ماڈل جیسے بن پاتے ہیں اور نہ ہی آپ وہ بن پاتے ہیں جو بننا چاہتے ہیں۔'

آکاش کے ساتھ کھیلنے والے پارتھ اپادھیائے نے بی بی سی کو بتایا: 'جس عمر میں آکاش اتنی شاندار بولنگ کر رہے ہیں اس سے ان کے رنجی ٹرافی میں منتخب ہونے کی بہت امید ہے۔ عام گیند بازوں کا بڑا ہتھیار سٹاپ بال ہوتا ہے لیکن آکاش ان سوئنگ اور آؤٹ سوئنگ دونوں کراتے ہیں۔ ٹی 20 کے بہت مؤثر بالر ہیں کیونکہ وہ سلو اور کٹر گیندیں بھی پھینک لیتے ہیں۔'
 

image

ان کے کوچ وویک یادو نے بی بی سی کو بتایا کہ آکاش میں بہت صلاحیت ہے اور ان میں اسے نکھارنے کے لیے سخت محنت کرنے کا جذبہ بھی ہے۔

وہ کہتے ہیں: 'آکاش روزانہ آٹھ گھنٹے مشق کرتے ہیں۔ ان کی عمر ابھی صرف 15 سال ہے اور وہ 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی اوسط رفتار سے بولنگ کرتے ہیں۔'


Partner Content: BBC URDU

YOU MAY ALSO LIKE:

Akash Choudhary, a 15-year-old bowler from India’s Rajasthan achieved an astonishing feat in a domestic Twenty20 match by claiming all ten wickets of the opposition without conceding a single run. The left-arm pacer made this accomplishment while representing his team Disha Cricket Academy against Pearl Academy in the Late Bhawer Singh T20 tournament.