شافع الامم کی شفاعت․․․․․․․․․․رحمتِ الٰہی بہانہ می جوید

امام الانبیاء، رحمت اللعالمین ، شفیع المذنبین ﷺ کو رب تبارک و تعالیٰ نے اپنے فضل ِ عظیم سے سرفراز فرمایا ۔ ارشاد فرمایا: اپنی رحمت سے خاص کرتا ہے جسے چاہے اور اﷲ بڑے فضل والا ہے۔(القرآن ،سورہ آل عمران، آیت ۷۴۔کنزالایمان) دوسری جگہ ارشادفرماتاہے: وَلَوْ لَا فَضْل ُاللّٰہ ِعَلَیْکَ وَرَحْمَتُہٗ․․․․الخ (القرآن،سورہ نساء، آیت ۱۱۳) ترجمہ: اور اﷲ نے تم پر کتاب اور حکمت اتاری اور تمہیں وہ سکھا دیا جو کچھ تم نہ جانتے تھے اور اﷲ کا تم پر بڑا فضل ہے۔(کنزالایمان)یہ شان مرتبت ، جاہ و حشم خود رب العزت نے عطا فرمایا اور تمام انبیاء کا سردار اولین و آخرین کا مرتبہ عنایت فرمایا اور یہ بھی اعلان فرمایا کہ میں نے آپ کا درجہ بلند کیا اور ذکر بھی بلند کیا۔ وَرَفَعَنَا لَکَ ذِکْرَکْ۔اور ہم نے تمہارا ذکربلند کیا۔ ذکر جبھی بلند ہوتاہے جب انسان خود بلند ہوتا ہے اور جب خود بلند ہو بلکہ بلند کیا جائے تو پھر کیوں نہ زمین و آسمان کی ہر شے اس کی نگاہوں کے سامنے ہو جس طرح زمین پر بیٹھنے والے فضائی مسافروں کی نظر تک نہیں پہنچ سکتے ہیں اور جس طرح جاہل و ان پڑھ، پڑھے لکھوں کی آنکھ نہیں لا سکتے اسی طرح ان پڑھے لکھوں کی نگاہ ان تک نہیں پہنچتی جو اﷲ رب العزت کے فضل سے مستفیض ہو رہے ہیں ۔ محبوب رب العالمین ، سید المرسلین، خاتم النبیین، رحمۃ اللعالمین ، امام الا ولین والآخرین، شفیع المذنبین، شفیع الامم کو اﷲ نے بے شمار فضائل و مراتب سے نوازا قرآن مجید آپ کی تعریف و توصیف سے مزین ہے بے شمار فضائل میں آپ کو شفیع الامم کا بھی بلند مرتبہ عطا فرمایا۔ رب اللعالمین فرمارہا ہے۔ وَلَوْ اَنَّھُمْ اِذْ ظَلَمُوْ اَنْفُسَھُمْ جَآءُ وْ کَ فَاسْتَغْفِرُو اللّٰہ َوَسْتَغْفَرَ لَھُمُ الرَّسُوْلُ لَوْ جَدُ اللّٰہ تَوَّا بَ الرَّحِیْماً۔(القرآن ) ترجمہ : اور اگر وہ جب اپنی جانوں پر ظلم کریں تیرے پاس حاضر ہوں ۔پھر خدا سے استغفار کریں اور رسول ان کی بخشش مانگے تو بے شک اﷲ تعالیٰ کو توبہ قبول کرنے والا مہربان پائیں گے۔ اس آیت کریمہ میں اﷲ مسلمانوں کوارشاد فرمارہا ہے کہ گناہ ہوجائے تو نبی کی سرکار میں حاضر ہو اور درخواست ِ شفاعت کرو، محبوبِ خدا تمہاری شفاعت، سفارش فرمائے گا ۔ تو ہم یقینا تمہارے گناہ بخش دیں گے۔
شان شفیع المذنبین ورحمت اللعالمین:کلام الٰہی میں نبی رحمت ﷺ کی بہت سی صفات کا ذکر آیا ہے ۔ یہ تمام کی تمام صفات اپنی اپنی جگہ بے حد اہم ہیں جن کا ذکر کوئی بھی لکھے، بولے کما حقہٗ نہ بول سکتا ہے نہ ہی لکھ سکتا ہے لیکن ان میں سب سے اہم صفت یہ ہے کہ آپ تمام عالم کے لئے رحمت ہیں ۔ومآ ارسلنٰک الا رحمۃ اللعالمین(القرآن،سورہ انبیاء،آیت ۱۰۷) ترجمہ: اور ہم نے آپ کو تمام جہان والوں کے لئے رحمت ہی بنا کر بھیجا ہے۔اس کی وسعت و ہمہ گیری پر غور فرمائیں کہ آپ کی رحمت مکان و مقام کی وسعت کے لحاظ سے پوری کائنات یہاں تک کہ روز محشر تک شامل ہے۔ زمانہ و زمان کی ہمہ گیری کی وسعت سے قیامت تک آنے والے عرصہ تک حاوی ہے۔ کوئی معمولی دعویٰ نہیں۔ اور شاید ہی پوری کائنات کی کسی اور شخصیت کے بارے میں یہ دعویٰ کیا گیا ہو۔ یہ دعویٰ جتنا بڑا ہے اسی قدر واقعہ کے مطابق بھی ہے۔ آپ کی رحمت شفاعت بن کر گناہ گاروں پر چھائی رہے گی۔اس وقت آپ کی رحمت کا خاص پہلو ’’شفاعت ‘‘ہے جس کے کچھ پہلوؤں پر چند سطروں میں روشنی ڈالتاہوں۔ مطالعہ فرمائیں۔ روز محشر جب سورج سوانیزے پر ہوگا ۔ کوئی کسی کا پرسان حال نہ ہوگا ، افراتفری ، مایوسی کا عجیب عالم ہوگا۔ قرآن مجید اور احادیث مبارکہ میں اس کی صراحت موجود ہے۔ الامان والحفیظ! اﷲ رحم فرمائے اور مصطفی ﷺ کی شفاعت نصیب فرمائے (آمین)۔ خدا کاغضب و جلال پورے عروج پر ہوگا۔ اس وقت صرف آپ ہی مہربان و شفیق ہوں گے جس کی دربارِ الٰہی میں سنوائی ہوگی کیونکہ آپ کو اﷲ نے رحمت بنا کر شفیع الامم (گناہ گاروں کی شفاعت کرنے والا بناکر )اور مقامِ محمود عطا فرما کر اور رسولوں سے ممتازفرمایا۔ اس دن شفاعت کی کنجی صرف آپ ﷺ ہی کے ہاتھوں میں ہوگی۔ حضرت ابن عباس رضی اﷲ عنہمافرماتے ہیں: اﷲ کے رسول ﷺ نے فرمایا کہ جنت کے دروازے پر لکھا ہوا ہے کہ میں اﷲ ہوں اور میرے سوا اور کوئی خدا نہیں ہے اور محمد (ﷺ )میرے رسول ہیں ۔ جس نے یہ کلمہ پڑھا میں اس کو عذاب نہیں دوں گا۔ رب ذوالجلال نے حضرت آدم علیہ السلام کو وحی میں ارشار فرمایا :مجھے اپنی عزت و جلال کی قسم تیری اولاد میں ہستی خاتم النبیین ہے اور اگر یہ نہ ہو تو اے آدم میں تجھے پیدا نہ کرتا۔ حضرت سلمان فارسی رضی اﷲ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ ایک دن جبرئیل امین بارگاہِ نبوت میں حاضر ہوئے اور عرض کی بے شک آپ کا رب فرماتا ہے ،اگرچہ میں نے ابراہیم کو خلیل بنایا ہے لیکن میں نے آپ کو حبیب بنایا ہے۔ میں نے آج تک کوئی چیز پیدا نہیں کی جو آپ (ﷺ) سے زیادہ میرے نزدیک مکرم ہو۔ میں نے دنیا اور اس کے رہنے والوں کواس لئے پیداکیاتاکہ آپ ﷺ کی کرامت اورآپ ﷺ کے درجہ مقام سے ان کوآگاہ کردوں۔ اگر آپ ﷺ کی ذات نہ ہوتی تو میں دنیا کوبھی پیدانہ کرتا۔ خدا کا اپنے محبوب پاک ﷺ سے لگاؤ ہے۔ حضرت ابن عباس رضی اﷲ عنہما سے مروی ہے کہ رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا: حشر کے روز اﷲ تعالیٰ اپنی مخلوق کے درمیان فیصلہ کرنے کا ارادہ فرمائے گا تو منادی کرنے والا بلند آواز سے اعلان کرے گا کہاں ہیں محمدمصطفی ﷺ اور کہاں ہے ان کی امت۔تو میں کھڑا ہوجاؤں گا۔ میری امت میرے پیچھے پیچھے ہوگی ۔ ان کی پیشانیاں اور ان کے پاؤں وضو کی وجہ سے چاند کی طرح روشن اور چمک رہے ہوں گے۔ اس کے بعد نبی رحمت ﷺ نے فرمایا کہ ہم سب سے آخر میں آنے والے ہیں اور جنت میں سب سے پہلے داخل ہونے والے ہیں اور ہمارا سب سے پہلے حساب ہوگا اور باقی امتیوں کو یہ حکم ہوگا وہ ہمارا راستہ صاف کریں۔ میری اور میرے غلاموں کی یہ شان اور عزت افزائی دیکھ کر باقی ساری امتیں حیران وششدر رہ جائیں گی اور کہیں گی یوں محسوس ہوتا ہے کہ یہ سارے انبیاء ہیں ۔ پیارے آقا، شفیع المذنبین ، رحمت اللعالمین کی شان اس حدیث مبارکہ سے اور بھی واضح اور بلند ہوجاتی ہے۔ صحیح مسلم میں حضرت ابی بن کعب رضی اﷲ عنہ سے مروی ہے کہ حضور شفیع المذنبین ﷺ فرماتے ہیں :اﷲ تعالیٰ نے مجھے تین سوال عطا فرمائے۔ میں نے دربار الٰہی میں عرض کی۔اللھم اغفرلامتی اللھم اغفر لامتی۔الٰہی میر ی امت کی مغفرت فرما میری امت کی مغفرت فرما۔ وَآخرت الشالشۃ لیوم یرغب الی فیہ الخلق حتّٰی ابراہیم ۔اور تیسری عرض اس دن کے لئے اٹھا رکھی جس میں مخلوق ِ الٰہی میری طرف نیاز مند ہوگی یہاں تک کہ ابراہیم خلیل اﷲ علیہ االصلوٰۃ و السلام ۔اللّٰھم صل وسلم وبارک علیہ والحمد ﷲ رب العالمین ۔ حضرت ابوہریرہ رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ حضور شفیع المذنبیین ﷺ شب اسریٰ اپنے رب سے عرض کی رب کریم! تونے اورانبیاء علیھم السلام کو یہ یہ فضائل بخشے۔ رب العزت نے فرمایا:اَعْطَیْتُکَ خَیْرَامِّنْ ذَالِکَ (الیٰ قولہ) خَبَاتُ شَفَاعَتُکَ وَلَمْ اَخْبَاْءَ ھَا لِنَبِیءٍ غَیْرِکَ۔ترجمہ: میں نے تجھے جو عطا فرمایا وہ ان سب سے بہتر ہے ۔ میں نے تیرے لئے شفاعت چھپا رکھی ہے اور تیرے سوا دوسرے کو نہ دی۔(بیہقی شریف) ابن ابی شیبہ وترمذی بافادہ شیخین و تصحیح اور ابن ماجہ و حاکم بحکم تصحیح ابی بن کعب رضی اﷲ عنہ سے راوی حضور شفیع المذنبیین ﷺ فرماتے ہیں :واذ کان یوم القیمۃ کنت امام النبین وخطیھم وصاحب شفاعتھم غیر فخر ۔ ترجمہ : قیامت کے دن میں انبیاء کا پیشوا اور ان کا خطیب اور ان کا شفاعت کرنے والا ہوں اور یہ کچھ فخر کی راہ سے نہیں فرماتا۔ اﷲ نے مجھے مقامِ محمود وشفاعت عطا فرمایاہے۔ حضرت زید بن ارقم وغیرہ چودہ صحابہ کرام رضی اﷲ عنہم سے راوی حضرت شفیع المذنبیین ﷺ فرماتے ہیں۔ شفاعتی یوم القیمۃ حق فمن لم یؤمن بہا لم یکن من اھلہا۔ ترجمہ: میری شفاعت روز قیامت حق ہے جواس پر ایمان نہ لائے گا اس کے قابل نہ ہوگا۔ سبحان اﷲ ،سبحان اﷲ! ان احادیث پاک کے منکرین شفاعت اپنی جان پر رحم کریں اور شفاعت مصطفی ﷺ پر ایمان لائیں۔ حضرت کعب بن مالک رضی اﷲ عنہ روایت کرتے ہیں ۔ قیامت کے دن اﷲ تعالیٰ تمام لوگوں کومیدان حشر میں جمع فرمائے گا ۔ میں اور میری امت ایک اونچے ٹیلے پر ہوں گے ۔ میرا پروردگار اس دن مجھے سبز پوشاک پہنائے گا پھر مجھے لب کشائی کی اجازت دی جائے گی اور جو اﷲ تعالیٰ چاہے گا میں وہ کہوں گا۔ یہ مقامِ محمودہے۔ حضرت ابن مسعود رضی اﷲ عنہ فرماتے ہیں کہ سرورِ دوجہاں ﷺ نے فرمایا کہ قیامت کے دن مجھے عرش کی دائیں جانب ایسے مقام پر کھڑا کیا جائے گا جہاں کسی اور کو قدم رکھنے کی مجال نہ ہوگی۔ اس وقت اولین و آخرین میرے ساتھ رشک کریں گے ۔یہ ہے مقامِ محمود ۔ عَسیٰ اَنْ یَّبْعَثَکَ ربُّکَ مَقَامَ مَّحْمُودًا۔ (القرآن: سورہ بنی اسرائیل آیت نمبر ۷۹) ترجمہ: قریب ہے کہ تیرا رب تجھے مقام محمود میں بھیجے۔صحیح بخاری میں ہے ۔ شفیع المذنبیین ﷺ سے عرض کی گئی۔ مقامِ محمود کیا چیز ہے؟ فرمایا:ھو اشفاععۃ ۔وہ شفاعت ہے۔ حضرت عبد اﷲ بن عباس رضی اﷲ تعالیٰ عنھما سے روایت ہے ۔ حضور شفیع المذنبیین ﷺ فرماتے ہیں۔ترجمہ: انبیاء کے لئے سونے کے ممبر بچھائے جائیں گے ۔ وہ ان پر بیٹھیں گے اور میرا ممبر باقی رہے گا کہ میں اس پر جلوس نہ فرماؤں گابلکہ اپنے رب کے حضور سروقد کھڑارہوں گا اس ڈر سے کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ مجھے جنت میں بھیج دے اور میری امت بعد میں رہ جائے۔ پھر عرض کروں گا ۔ اے رب میری امت میری امت۔ اور اﷲ تعالیٰ فرمائے گا ۔ اے محمد تیری کیا عرض ہے۔ میں تیری امت کے ساتھ کیا کروں؟ عرض کروں گا اے رب میرے ان کا حساب جلد فرمادے۔ پس میں شفاعت کرتا رہوں گا ۔ یہاں تک کہ مجھے ان کی رہائی کی چٹھیاں ملیں گی جنہیں دوزخ بھیج چکے تھے ۔ یہاں تک کہ مالکِ داروغہ عرض کرے گا۔ اے محمد ،آپ نے اپنی امت میں رب کا غضب نام کونہ چھوڑا۔(حاکم بافادہ صحیح، طبرانی وبیہقی شریف، طبرانی معجم وغیرہ وغیرہ) حضرت ابو ہریرہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ حضور شفیع المذنبیین ﷺ نے فرمایا: امتی جھنم فاضرب بابھا فیفتح لی فادخلھا فاحمد اﷲ محامد حمدہ احد قبلی مثلہ ولا یحمتو احد بعدی مثلہ ثم اخرج مجبا من قال لا الہ الا اﷲ مخلصاً۔ترجمہ: میں جہنم کا دروازہ کھلواکر تشریف لے جاؤں گا وہاں خداکی تعریفیں کروں گا ایسی کہ نہ مجھے سے پہلے کسی نے کیں نہ میرے بعد کوئی کرے ۔پھر دوزخ سے ہر اس شخص کو نکال لوں گا جس نے خالص دل سے لا الہ الا اﷲ کہا (طبرانی معجم)حضرت جابر بن عبد اﷲ رضی اﷲ عنھما کہتے ہیں کہ شفیع المذنبیین ﷺ نے فرمایا:جس شخص نے اذان سن کر یہ دعا پڑھی،اللھم رب ہذہ الدعوۃ التامۃ ․․ ․․ ․․الخ۔(ترجمہ: اے اﷲ ! اس مکمل پکار اور قائم ہونے والی نماز کے مالک،محمد ﷺ کو وسیلہ اور فضیلت عطافرما ،آپ کو اس مقام محمود تک پہنچا جس کا تو نے ان سے وعدہ کیا ہے ) تو اس کے لئے قیامت کے دن شفاعت حلال ہوگی۔ (سنن ابن ماجہ، جلد اول باب مؤذن کی اذان کے جواب میں کیا کہا جائے؟حدیث نمبر۷۲۲، سنن الترمذی ،۲۱۱، تحفۃ الاشراف ،۳۰۴۶، مسند احمد،۳۱۳۵۴ وغیرہ وغیرہ) حضرت ابو ہریرہ رضی اﷲ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا: ہر نبی کی (اپنی امت کے سلسلے میں ) ایک دعا ہوتی ہے ،تو ہر نبی نے جلدی سے دنیا ہی میں اپنی دعا پوری کرلی اور میں نے اپنی دعا کو چھپا کر اپنی امت کی شفاعت کے لئے رکھ چھوڑا ہے ،تو میری شفاعت ہر اس شخص کے لئے ہوگی جو اس حال میں مرا ہو کہ اﷲ تعالیٰ کے ساتھ کسی کو شریک نہ کرتا رہا ۔(سنن ابن ماجہ، جلد پنجم ، باب شفاعت کا بیان ، حدیث نمبر ۴۳۰۷، صحیح مسلم ،الایمان ۱۹۹/۸۶، سنن ترمذی ۳۶۰۲، صحیح البخاری ۶۳۰۴،تحفۃ الاشراف۱۲۵۱۲، مسند احمد۲/۲۷۵، سنن الدارمی ۲۸۴۷ وغیرہ وغیرہ) اسی مضمون کی اور حدیثیں سنن ابن ماجہ میں حدیث نمبر ۴۳۰۷، ۴۳۱۷ وغیرہ میں موجود ہیں۔
حضرت انس بن مالک رضی اﷲ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ شافع محشر ﷺ نے فرمایا: روز محشر تمام لوگوں سے پہلے میں مرقد انور سے باہر نکلوں گا جب لوگ اﷲ کی بارگاہ میں حاضر ہونے کے لئے جائیں گے تو اس خاص وقت میں ان سب کا قائد ہوں گا جب لوگ مہر بلب ہوں گے ۔ اس وقت میں ان کا خطیب ہوں گا۔جب انہیں روک دیا جائے گا اس وقت میں ان کی شفاعت کروں گا اورجب وہ مایوس ہوجائیں گے اس وقت میں ان کو مغفرت کی خوشخبری سناؤں گا ۔ اس دن ساری عزتیں اور سارے خزانوں کی کنجیاں میرے ہاتھ میں ہوں گی۔ حمد کا جھنڈا میرے ہاتھ میں ہوگا۔ روز محشر بارگاہِ الٰہی میں خدا کے دربار میں حضرت آدم علیہ السلام کی تمام اولاد میں ہی زیادہ محترم ومکرم اور شان والا ہوں گا ۔ اس دن ایک ہزار خادم میر ی خدمت کے لئے جنت میں دست بستہ حاضر ہوں گے ۔ وہ خادم اتنے زیادہ خوبصورت ہوں گے جسے چھپائے ہوئے انڈے ہوں یا چمکتے ہوئے بکھرے ہوئے موتی ہوں۔ برادر گرامی اعلیٰ حضرت ، حضرت مولانا حسن رضا خاں فرماتے ہیں: فقط اتنا سبب ہے انعقاد بزمِ محشر کا ٭ کہ ان کی شان محبوبی دکھائی جانے والی ہے
اور حضرت مولانا احمد رضا علیہ الرحمۃ فرماتے ہیں: جس کے ماتھے شفاعت کا سہرا رہا ٭ اس کی نافذ حکومت پر لاکھوں سلام
شفاعت و رحمت و مقام محمود کی بے شمار احادیث موجود ہیں ۔ خوش عقیدہ مسلمان کے لئے اتنا ہی کافی وشافی ہوگا جو منکرین شفاعت ہیں ۔ اﷲ انہیں ہدایت نصیب فرمائے۔ شہنشاہ زمن استاد زمن حسن بریلوی فرماتے ہیں۔ دشمنوں کے لیے ہدایت کی ۔ تجھ سے کرتا ہوں التجا یا رب ،اﷲ سے دعا ہے کہ ہمیں اور تمام خوش عقیدہ ایمان والوں کو حضور شفیع المذنبیین شافع الامم کی شفاعت نصیب فرمائے۔ آمین !
م
 

Mohammad Hashim Quadri Misbahi
About the Author: Mohammad Hashim Quadri Misbahi Read More Articles by Mohammad Hashim Quadri Misbahi: 167 Articles with 195757 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.