انڈیا کے سابق کرکٹ کپتان بشن سنگھ بیدی کا کہنا ہے کہ
انڈیا اور پاکستان کے درمیان کرکٹ نہیں کھیلی جا رہی تو کیا اس سے دہشت
گردی کم ہوئی ہے۔
وہ کہتے ہیں ’سرحد کی رکھوالی کرنا کرکٹروں کا کام نہیں بلکہ حکومت کا کام
ہے۔ پھر کیوں کرکٹرز اور فلم انڈسٹری کو کہہ دیا جاتا ہے کہ پاکستان سے
کوئی تعلق نہ رکھیں، جو بلکل ٹھیک نہیں‘۔
|
|
بشن سنگھ بیدی نے یہ باتیں حال ہی میں دلی کے فیروز شاہ کوٹلہ سٹیڈیم میں
اپنے ہی نام کے سٹینڈ کے افتتاح کے موقع پر کیں۔
بشن سنگھ نے 1978 اور 79 میں بھارتی ٹیم کے ساتھ پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
اگلے سال نو ٹیسٹ ٹیمیں ٹیسٹ چیمپیئن شپ کھیلیں گی اور اس سے دونوں ممالک
کے آپس میں کھیلنے کی ایک امید پیدا ہوئی ہے۔
اب کرشن سنگھ بیدی جیسے کھلاڑیوں کے دل کی بات زبان پر آہی جاتی ہے کہ
انڈیا پاکستان کے درمیان میچ ہوں۔ آئی سی سی چیمپیئن شپ میں بھارت کے خلاف
چھ ٹیمیں کھیلیں گی اور اگر ان میں پاکستانی ٹیم نہیں ہوئی تو نہ تو بھارت
کے نمبر کم ہوں گے اور نہ کوئی جرمانہ لگے گا۔ لیکن ان دونوں کے درمیان
مقابلہ تب ہی ہوگا جب حکومت چاہے گی۔
|
|
اس بارے میں کرکٹ مبصر وجے لوک کا کہنا ہے کہ ’انڈو پاک کرکٹ کب دوبارہ
شروع ہوگی اس کا فیصلہ بی سی سی آئی یا پی سی بی نہیں کریں گے۔ اس کے لیے
حکومت کی منظوری کی ضرورت ہوگی۔ اس میں کھلاڑی بھی کچھ نہیں کر سکتے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ ایسا کھیل ہے جس کے بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہا
جا سکتا کہ اگر دونوں ٹیمیں فائنل میں آمنے سامنے ہوئیں تو کیا ہوگا۔
وجے لوک کا کہنا تھا کہ ’فائنل سٹیج پر آنے کے بعد اگر ٹیموں کو پتہ چلے کہ
وہ ایک دوسرے سے نہیں کھیل سکتے تو کیسا لگے گا۔ اصل میں یہ معاملہ تب ہی
حل ہوگا جب حکومتیں چاہیں گی‘۔
|