مدینہ طیبہ کی حاضری
نیت سفر مدینہ
جب مدینہ منورہ کا سفر شروع کریں تو اس طرح نیت کریں
اے اللہ میں سرکاردوعالم ﷺ کے مزار مبارک کی زیارت کے لیے مدینہ منورہ کا سفرکرتاہوں ، اے اللہ اسے قبول فرما لیجئے ۔
اہتمام سنت
سفر مدینہ میں سنتوں پر عمل کا خاص خیال رکھیں ۔
درود شریف
اس سفر میں درود شریف بکثرت پڑھیں
مدینہ میں
مدینہ طیبہ کی آبادی نظر آنے پر شوق دید زیادہ کریں او ردرود سلام خوب پڑھتے ہوئے عاجزی سے داخل ہوں
مسجد نبوی
قیام گاہ پر سامان رکھ کر غسل کریں ورنہ وضو کریں ، اچھا لباس پہنیں ، خوشبولگائیں اور ادب و احترام سے درودشریف پڑھتے ہوئے مسجد نبوی کی طرف چلیں
باب جبریل
باب جبریل یا باب السلام ورنہ کسی بھی دروازہ سے داخل ہوں اور پڑھیں
اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدِِ وَّعَلٰی اٰلِ مُحَمَّدِِ وَّصَحْبِہِ وَسَلِّمْ
اَللّٰھُمَّ اغْفِرْلِیْ ذُنُوْبِیْ وَافْتَحْ لَیْ اَبْوَابَ رَحْمَتِکَ
دایاں قدم
اد ب سے دایاں قدم رکھیں اور نفلی اعتکاف کی نیت کرلیں تو اچھا ہے
نفل نماز
اگر مکروہ وقت نہ ہوتو رِیَاضُ الجَنَّہ میں مِحرابُ النَّبی کے پاس ورنہ کسی بھی جگہ دورکعت تحیۃ المسجد پڑھیں اور پھر دل وجان سے اللہ تعالیٰ کی حمدوثنا کریں، دعا کریں اور توبہ کریں
روضہ مبارک پر حاضری
اب انتہائی خشوع و خضوع ، ادب واحترام کے ساتھ روضۂ اقدس کی طرف چلیں اور جالیوں کےسامنے پہلے سوراخ کے آگے تین چار ہاتھ فاصلہ سے کھڑے ہوجائیں اور نظریں جھکالیں
دُرود وسلام
اور درمیانی آواز سے اس طرح سلام عرض کریں
اَلسَّلَامُ عَلَیْکَ اَیُّھَاالنَّبِیُّ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہ
پھر اس طرح کہیں
اَلصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلَیْکَ یَارَسُوْلَ اللّٰہْ
اَلصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلَیْکَ یَانَبِیَّ اللّٰہْ
اَلصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلَیْکَ یَاحَبِیْبَ اللّٰہْ
دُعا
اس کے بعد حضور ﷺ سے شفاعت کی درخواست کریں اور تین بار کہیں
اَسْءَلُکَ الشَّفَاعَۃَ یَارَسُوْلَ اللّٰہْ
اور آپ کے وسیلہ سے دعا کریں جس میں حُسن خاتمہ، اللہ تعالی کی رضا اور مغفرت بطور خاص مانگیں
دوسروں کا سَلام
اس کے بعد جس عزیز یا دوست کا سلام کہنا ہو اس طرح عرض کریں
اَلسَّلَامُ عَلَیْکَ یَارَسُولَ اللّٰہِ مِنْ فُلَانِ بْنِ فُلَانِِ
فلان بن فلان کی جگہ اس عزیز کا نام مع ولدیت کے ادا کریں
صدیق اکبرؓپر سلام
اس کے بعد دائیں طرف جالیوں میں دوسرے سوراخ کے سامنے کھڑے ہوکر اس طرح سلام عرض کریں
اَلسَّلَامُ عَلَیْکَ یَاخَلِیْفَۃَ رَسُوْلِ اللّٰہْ
جَزَاکَ اللّٰہُ عَنْ اُمَّۃِ مُحَمَّدِِ خَیْراََ
عمر فاروقؓ پر سلام
اس کے بعد پھر ذرا دائیں طرف ہٹ کر تیسرے سوراخ کے سامنے کھڑے ہو کر اس طرح سلام عرض کریں
اَلسَّلَامُ عَلَیْکَ یَا اَمِیْرَ الْمُوْٗمِنِیْنَ عُمَرَ الْفَارُوْقِ جَزَاکَ اللّٰہُ عَنْ اُمَّۃِ مُحَمَّدِِ خَیْراََ
دونوں کی خدمت میں
اس کے بعد ذرا بائیں طرف بڑھ کر دونوں حضرات خلفاء کے بیچ میں کہیں
اَلسَّلَا مُ عَلَیْکُمَا یَا وَزَیْرَیْ رَسُوْلِ اللّٰہِ جَزَاکُمَا اللّٰہُ اَحْسَنَ الْجَزَاءِ
حضور کی خدمت
اس کے بعد پھر ذرا بائیں طرف بڑھ کر پہلے سوراخ کے سامنے آجائیں، اور ذوق وشوق سے حضور اکرم ﷺ کی خدمت میں درود وسلام پیش کریں جس کے الفاظ اوپر لکھے گئے ہیں اور پھر اپنے لیے ، اہل وعیال اور والدین وغیرہ کے لئے اللہ تعالیٰ سے دعا کریں
دُعا
اس کے بعد مسجد نبوی میں ایسی جگہ چلے جائیں کہ قبلہ روہونے میں روضۂ اقدس کی پیٹھ نہ ہو اور اللہ تعالی سے خوب رو رو کر دعا کریں ۔
سلام عرض کرنے کا یہی طریقہ ہے
چالیس نمازیں
مرد حضرات مسجد نبوی میں چالیس نمازیں (باجماعت) ادا کریں۔لیکن یہ چالیس نمازوں کی پابندی ضروری نہیں ہے محض مستحب ہے ۔
مسجد قباء
ہفتہ کے دن جب موقع ملے مسجد قباء میں دورکعت نفل ادا کرلیا کریں، بشرطیکہ مکروہ وقت نہ ہو۔
جنت البقیع
کبھی کبھی جنت البقیع جایا کریں، ایصال ثواب، دعاءِ مغفرت اور ان کے وسیلہ سے اپنے لیے دعا مانگ لیا کریں۔
مدینہ سے واپسی
جب مدینہ منورہ سے واپس ہوں تو طریقہ بالا کے مطابق روضۂ اقدس پر حاضر ہوکر سلام عرض کریں ، اس جدائی پر آنسو بہائیں اور دعا کریں اور دوبارہ حاضری کی حسرت کے ساتھ واپس ہوں
وَصَلَّی اللّٰہُ عَلَی النَّبِیِّ الْکَرِیْمِ مُحَمَّدِِ وَّاٰلِہ وَاَصْحَابِہ اَجْمَعِیْنَ