UMRAH INFO

عمرہ کی معلومات

عمرہ کا طریقہ

ان اشارات کو ذہن نشین کرلیں

سرخ رنگ

فرض کی علامت ہے جس کا انجام دینا ضروری ہے ورنہ حج اور عمرہ نہ ہوگا۔

زرد رنگ

واجب کی علامت ہے جس کا ادا کرنا لازم ہے ۔ ورنہ دَم واجب ہوگا۔

سبز رنگ

سنت اور مستحب ہونے کی علامت ہے جسے ادا کرنے کی کوشش کرنا چاہیئے اگر رہ جائے تو دَم وغیرہ واجب نہیں ۔

سفید رنگ

ایک عام علامت ہے جس میں عمل کا کوئی خاص درجہ بتانا مقصود نہیں ۔

عمرہ کا اَحرام
احرام کی تیاری

سر کے بال سنواریں ، خط بنوائیں ، مونچھیں کتریں ، زیر ناف اور بغل کے بال صاف کریں

غسل

اِحرام کی نیت سے غسل کریں ورنہ وضوکریں

اِحرام کی چادریں

اب مرد ایک سفید چادر باندھیں دوسری اوڑھیں (غنیہ) اور جوتے اتار کر ہوائی چپل پہنیں خواتین اپنے مخصوص طریقہ احرام پر کتاب کے مطابق عمل کریں ۔

نفل نماز

سر ڈھک کر دو رکعت نفل ادا کریں

مشورہ

ہوائی جہاز سے جانے کی صورت میں ہوائی جہاز میں احرام باندھنا زیادہ مناسب ہے ، لہذا نیت تَلْبیَہ کے سوا باقی کام گھر یا ائیر پورٹ پر کریں اور جب ہوائی جہاز فضا میں بلندہوجائے اس وقت نیت اور تلبیہ پڑھیں ۔

نیت

اب اپنا سر کھولیں اور نیت کریں

اے اللہ میں آپ کی رضا کیلئے عمرہ کا ارادہ کرتا ہوں آپ اس کو میرے لیے آسان کردیجیے اور قبول کر لیجئے ۔

تلبیہ

نیت کرتے ہی تین بار لبیک کہیں

لَبَّیْکَ اَللّٰھُمَّ لَبَّیْکَ لَبَّیْکَ لَا شَرِیْکَ لَکَ لَبَّیْکَ اِنَّ الْحَمْدَ وَالنِّعْمَۃَ لَکَ وَالْمُلْکَ۔ لَا شَرِیْکَ لَکَ۔

دُعا

اس کے بعد درود شریف پڑھ کر یہ دعا مانگیں

ا ےاللہ میں آپ کی رضا اور جنت مانگتا ہوں اور آپ کی ناراضگی اور دوزخ سے پناہ مانگتا ہوں، اور اس موقع پر سرکارِ دوعالم ﷺنے جو دعائیں مانگیں یا بتلائی ہیں وہ مانگتاہوں وہ سب میری طرف سے قبول کرلیجئے

اِحرام کی پابندیاں

نیت اور تلبیہ پڑھتے ہی احرام کی پابندیاں شروع ہوجائیں گی

مکہ معظمہ کا سفر
سُوئے حَرَمْ

جب حرم کی طرف یہ مبارک سفر شروع ہو جائے تو دوران سفر بکثرت تلبیہ پڑھتے رہیں ۔

مکہ معظمہ

ذوق و شوق سے تلبیہ پڑھتے ہوئے مکہ معظمہ میں داخل ہوں۔

حرف شریف میں حاضری

جب مسجد احرام میں داخل ہوں تو دل سے پورے ادب کے ساتھ پہلے دایاں قدم رکھیں اور یہ دعا کریں

بِسْمِ اللّٰہِ وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی رَسُوْلِ اللّٰہِ رَبِّ اغْفِرْلِیْ ذُنُوْبِیْ وَافْتَحْ لِیْ اَبْوَابَ رَحْمَتِکَ

اعتکاف کی نیت کریں اور بغیر کسی کو تکلیف دیئے آگے بڑھیں

پہلی نظر

جب بیت اللہ پر پڑے تو راستہ سے ہٹ کر ایک طرف کھڑے ہوں اور یہ کام کریں

اللّٰہُ اَکْبَرُ تین مرتبہ کہیں ۔

لَا اِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ تین مرتبہ کہیں ۔

دونوں ہاتھ دعا کیلئے اُٹھائیں اور درودشریف پڑھ کر خوب دعا مانگیں ، یہ دُعا کی قبولیت کا خاص وقت ہے

طواف
طواف کی تیاری

چادر کو داہنی بغل سے نکال کر بائیں کندھے پر ڈالیں اور داہنا کندھا کھلا رہنے دیں ۔ اور طواف باوضو ضروری ہے ۔

طواف کی نیت

اب خانہ کعبہ کے سامنے جس طرف حَجَرِ اَسْود آپ کے داہنی طرف رہ جائے اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے فرش پر بنی ہوئی سیاہ پٹی سے بھی مدد لی جاسکتی ہے ۔ چنانچہ پوری پٹی اپنے دائیں جانب کردیں اور پھر بغیر ہاتھ اٹھائے طَوَاف کی نیت کریں۔

اے اللہ میں آپ کی رضا کیلئے عمرہ کا طواف کرتاہوں آپ اس کو میرے لیے آسان کردیجیے اور قبول کرلیجئے

پھر قبلہ رو ہی دائیں طرف کھسک کر بالکل حجر اسود کے سامنے آئیں اور دنوں ہاتھ اپنے کانوں تک اٹھائیں اور ہتھیلیوں کا رخ حجر اسود کی طرف کریں اور کہیں

بِسْمِ اللّٰہِ اَللّٰہُ اَکْبَرُ وَلِلّٰہِ الْحَمْدُ وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی رَسُوْلِ اللّٰہِ

اور دونوں ہاتھ چھوڑ دیں

اِسْتِلام

پھر اَسْتِلام کریں یا اِسْتِلام کا اشارہ کریں اور یہ پڑھیں ۔

بِسْمِ اللّٰہِ اَللّٰہُ اَکْبَرُ وَلِلّٰہِ الْحَمْدُ وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی رَسُوْلِ اللّٰہِ

اور دونوں ہتھیلیاں چوم لیں

طواف شروع

اِ سْتِلام کے بعد دائیں طرف مڑ کر طواف شروع کریں ۔

ہدایت

حجراسود رکن یمانی اور ملتزم پر اکثر خوشبولگی ہوتی ہے اس لیے حالتِ اِحرام میں ان کو ہاتھ نہ لگائیں ذرا دور ہی رہیں ورنہ دَمْ وغیرہ کا خطرہ ہے ۔

تاکید

حجراسود کے استلام یا اشارہ کے سوا دورانِ طواف خانہ کعبہ کی طرف سینہ یا پشت کرنا جائز نہیں ہے ، اس کا خصوصی خیال رکھیں ۔

رَمل

اور اکٹر کر شانے ہلاتے ہوئے قریب قریب قدم رکھ کر قدرے تیزی سے چلیں اور صرف پہلے تین چکروں میں اس طرح چلیں ، باقی چکروں میں حسب معمول چلیں گے

رُکن یَماَنی

چلتے ہوئے جب رُکنِ یَماَنی پر آئیں تو اس پر دونوں ہاتھ یا داہنا ہاتھ لگائیں اور دعا کرتے ہوئے حجر اسود کے سامنے پہنچ جائیں

اِستِلام یا اشارہ

اگر باآسانی ممکن ہو تو حجر اسود کا استلام کریں ورنہ اشارہ کریں

طواف ختم

سات چکر پورے ہونے پر آٹھویں بار حجراسود کا استلام یا اس کا اشارہ کرکے طواف ختم کریں

اضطباع موقوف

اب دونوں کاندھے ڈھک لیں

مُلتزم پر جانا

ملتزم پر آجائیں اور اس سے چمٹ کر اور خوب گڑ گڑا کر دعاکریں۔بشرطیکہ اس پر خوشبو نہ لگی ہو۔

مقام ابراہیم

اب مقام ابراہیم کے پیچھے بغیر سر ڈھکے دورکعت واجب طواف ادا کریں اور دعاکریں

زَمزم پینا

زمزم پئیں اور دعا کریں

اے اللہ! میں آپ سے نفع دینے والا علم ، کشادہ روزی اور ہر بیماری سے شفاء مانگتا ہوں (معلم الححاج)۔

سَعِیْ
نواں استلام

اب سَعِی کرنے کے لیے حجر اسود کا استلام یا اشارہ کریں اور صفا کی طرف روانہ ہوجائیں اور سعی باوضو سنت ہے

صَفا سے سَعِی کا آغاز

صَفَا پر سَعِی کی نیت کریں

اے اللہ میں آپ کی رضا کیلئے صَفاو مروہ کی درمیان سَعِی کرتاہوں اس کو میرے واسطے آسان کردیجئے اور قبول فرمالیجئےاور حمد و ثناء کے بعد دعا کریں

مروہ کی طرف روانگی

صَفا سے اتر کر مروہ کی طرف چلیں ، جب سبز ستونوں کے قریب پہنچیں تو مرد حضرات دوڑیں اور خواتین نہ دوڑیں اور یہ دعا کریں

رَبِّ اغْفِرْ وَارْحَمْ اَنْتَ الْاَعَزُّ الْاَکْرَمُ

مروہ پر پہنچ کر

پھر مروہ پر پہنچ کر قبلہ رخ ہو کر دعا کریں ۔ یہ ایک چکر ہوا

دوسرا صَفَا پر اور تیسرا چکر مروہ پر مکمل ہوگا۔

سَعی کا اختتام

اس طرح ساتواں چکر مروہ پر ختم ہوگا، ہر چکر میں مرد حضرات سبز ستونوں کے درمیان دوڑیں گے لیکن خواتین نہیں دوڑیں گی

نفل شکرانہ

اگر مکروہ وقت نہ ہوتو شکرانہ کے دو نفل حرم میں ادا کریں۔

حَلْقْ یا قَصْر

سعی کے بعد مرد سارے سر کے بال منڈائیں اور خواتین سارے سر کے بال انگلی کے ایک پورے کی لمبائی سے کچھ زیادہ کتریں (غنیّہ)اور یہ یقین حاصل کریں کہ کم از کم چوتھائی سر کے بال کتر چکے ہیں ۔

مروہ پر جولوگ قینچی لیے کھڑے رہتے ہیں ان سے سر کے چند بال کتروانا حنفی مُحرِم کے لئے کافی نہیں ، لہذا اس سے پر ہیز کریں ورنہ دم واجب ہونے کا قوی خطرہ ہے ۔

عُمرہ مکمل

حلق یا قَصر کے بعد عُمرہ مکمل ہوگیا ، اِحْرام کی پابندیاں ختم ہوگئیں ۔ اب کپڑے پہنیں اور گھر بار کی طرح رہیں ۔ دل و جان سے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں کہ اس نے عمرہ کی سعادت بخشی اور باقی لمحات زندگی کی قدرکریں اور ان کو اپنے رب مَر ضیّات کے مطابق بسر کرنے کی کوشش کریں

وَصَلَّی اللّٰہُ تَعاَلٰی عَلٰی سَیِّدِنَا مُحَمَّدِِوَّعَلٰی اٰلِ سَیِّدِنَا مُحَمَّدِِ وَبَارِکْ وَسَلِّمْ تَسْلِیْماََ کَثِیرا