اسلام آباد(نیٹ نیوز) سابق
وزیر مملکت خزانہ عمرایوب خان نے کہا ہے کہ یونس مجاز شعری روایت کا امین
اور اپنے عصر کا نمائندہ ہے۔شاعر ی یا سائنسی ایجادات یہ سب کام جینئس لوگ
ہی انجام دیتے ہیں۔وہ دانش ور بھی ہیں اور ایک باکمال کالم نگار بھی ۔ان
خیالات کا اظہار انہوں نے ادبی تنظیم انحراف اور اکادمی ادبیات کے اشتراک
سے منعقدہ معروف شاعر اور کالم نگار یونس مجاز کے شعری مجموعہ’’جنگلوں میں
شام آئی‘‘ کی تقریب رونمائی میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے کیا جس کی صدارت
معروف شاعر حلیم قریشی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض نامور ادیبہ اور شاعرہ
ڈاکٹر فاخرہ نورین نے انجام دیے۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کے
مشیر ملک مہربان علی مہمان اعزاز تھے۔حلیم قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ن
کے مزاج کی سادگی اور تہذیب ان کی شاعری کا بھی خاصہ ہے۔روایت کے ساتھ
انہوں نے عصری معاملات کو اپنے شعر کا موضوع بنایا ہے۔ انہوں نے ذاتی اور
روحانی وارداتوں کو بھی شاعری کا حصہ بنایا ہے۔ڈاکٹر سفیان صفی نے کہا کہ
یونس مجاز کی شاعری توجہ چاہتی ہے،اسے پذیرائی ملنی چاہیے کہ انہوں نے عمدہ
شاعری کی ہے اور چراغ سے چراغ جلانے کا اہتمام خوش اسلوبی سے کیا۔اس موقع
پر ملک مہربان علی، حسن عباس رضا،اختر رضا سلیمی اور محبوب ظفر نے بھی
اظہار خیال کیا اور صاحب کتاب کی کاوش کو سراہا۔