ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور نے بھارت کو جنگ سے متعلق خبردار کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈیفنس رپورٹرز سے بات کرتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارتی حکومت اور عسکری قیادت غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہے ہیں، بھارتی قیادت کہتی ہے کہ پاکستان کو 7 سے 10 دن میں ختم کر دیں گے، ذمہ دار افراد ایسے بیانات نہیں دیتے۔ بات صرف 7 یا 10 دِن کی نہیں، اس سے پہلے اور بعد کی بھی ہے۔ جنگ میں کسی کی ہار جیت نہیں ہوتی، انسانیت ہارتی ہے۔ لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیں گے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ فروری 2019 میں پاک بھارت جنگ دستک دے چکی تھی لیکن افواج پاکستان کی تیاری اور مؤثر جواب نے امن کا راستہ ہموار کیا۔ تینوں سروسز نے اپنے آپ کو قابل فورس کے طور پر منوایا۔ پاکستانی قیادت نے اس خطرے کو احسن طریقے سے نمٹایا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کی سپیریر ملٹری اسٹریٹیجی نے جنوبی ایشیا کو بہت بڑی تباہی سے بچایا۔
آصف غفور نے مزید کہا کہ جو فوج 71 سال سے 8 ملین کشمیریوں کو شکست نہیں دے سکی وہ 207 ملین پاکستانیوں کو کیسے شکست دے سکتی ہے؟ افواج اسلحے کے زور پر نہیں بلکہ جذبہ ایمانی اور عوام کی حمایت سے لڑتی ہیں اور کوئی دنیاوی طاقت ایک متحد قوم کو شکست نہیں دے سکتی۔ پہلے بھی کہا تھا جنگ شروع آپ کریں گے ختم ہم کریں گے۔ افواجِ پاکستان ہمیشہ آپ کو سرپرائز کرتی رہے گی۔
واضح رہے کہ میجر جنرل آصف غفور 31 جنوری 2020 کو ترجمان پاک فوج کے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے جبکہ میجر جنرل بابر افتخار یکم فروری سے پاک فوج کے نئے ترجمان کی حیثیت سے یہ عہدہ سنبھال لیں گے