مرد اور خاتون کے قتل کی وائرل ویڈیو کے بعد حکومت نے ایکشن لیتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا ہے، وزیر اعلی بلوچستان نے سوشل میڈیا سائٹ پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ اب تک 11 ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں، آپریشن جاری ہے۔ تمام ملوث افراد کو کیفرِکردار تک پہنچایا جائے گا۔ ریاست مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے، انھوں نے مزید کہا کہ تمام ملوث افراد کو گرفتار کرنے کے بعد قانون اپنا راستہ لےگا۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل بلوچستان میں خاتون اور مرد کے بہیمانہ قتل کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔
ویڈیو میں مسلح افراد نامعلوم مقام پر ایک خاتون اور مرد پر اندھا دھند فائرنگ کرتے دکھائی دے رہے تھے۔
ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سوشل میڈیا پر ایک خاتون اور مرد کے بہیمانہ قتل کی ویڈیو وائرل ہونے کا نوٹس لیا تھا۔
شاہد رند نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق یہ عیدالاضحیٰ کے قریب کا واقعہ ہے، اب تک لاشیں برآمد نہیں ہوئیں، علاقے میں اس وقت سی ٹی ڈی اور پولیس موجود ہے۔