اگر موبائل پانی میں گرجائے تو کیا کرنا چاہئے؟ درحقیقت حادثات ہر کسی کے ساتھ پیش آتے ہیں اور اگر اسمارٹ فون پانی میں گر جائے تو یہ تباہ کن ثابت ہوتا ہے۔
بیشتر اوقات کام کرنے کے دوران یا بات کرتے ہوئے ہل جُل میں موبائل سنبھل نہیں پاتا اور بے دیہانی کے عالم میں موبائل فون نیچے گر جاتا ہے یا بارش کے موسم میں اگر آپ باہر جاتے ہیں تو اس سے بھی آپ کا موبائل بھیگ جاتا ہے۔
لیکن اگر فون کسی وجہ سے ہاتھ سے چھوٹ کر پانی میں چلا گیا ہے تو ہوسکتا ہے کہ آپ لفظ بدحواسی کے درست معنی بھی جان لیں۔
کیونکہ پانی سے فون خراب ہونے سے مالی نقصان تو ہوتا ہی ہے اس کے ساتھ ساتھ ڈیٹا جیسے قیمتی تصاویر، ضروری فون کانٹیکٹس اور دیگر چیزیں بھی ضائع ہوسکتی ہیں (اگر ان کا بیک اپ نہ ہو تو)۔
ویسے تو اس کا بہترین آپشن وارنٹی ہونے پر ٹھیک کروانا ہے تاہم جب یہ آپشن نہ ہو تو کیا کرنا چاہئے؟
یہاں ایسی ٹپس اور ٹرکس کے بارے میں بتاتے ہیں جو فون کو کسی حد تک دوبارہ کام کرنے میں مدد فراہم کرسکتی ہیں۔
1- فوری طور پر بیٹری نکال دیں (اگر ریموو ایبل بیٹری والا فون ہے تو)
فوری طور پر ایسا کریں، ہوسکتا ہے کہ آپ کے اندر فون کو آن کرکے دیکھنے کی خواہش ہو تاکہ دیکھ سکیں کہ وہ کام کررہا ہے یا نہیں، مگر ایسا کرنے سے سرکٹس خراب ہوسکتے ہیں۔
بیٹری کے ساتھ ساتھ سم کارڈ کو بھی نکال دیں جس میں کانٹیکٹس کا ڈیٹا ہوسکتا ہے۔
2- چارج پر ہو تو ہاتھ نہ لگائیں
اگر فون میں پانی اس وقت گیا ہو جب وہ چارجنگ پر موجود ہو تودھیان رکھیں کہ چارجنگ کیبل نکالنے سے گریز کریں کیونکہ اس سے کرنٹ لگنے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
بہتر یہ ہے کہ گھر یا جس جگہ بھی ہو وہاں کا مین سوئچ بند کرنے کے بعد موبائل کو چارجر سے ہٹالیں۔
3- خشک کرنے کی کوشش
جب فون میں پانی چلا جائے تو اکثر لوگوں کا مقصد فون کو جلد خشک کرنا ہوتا ہے، تاہم اس کے لیے ہیئر ڈرائر کی مدد مت لیں کیونکہ وہ فون کی گہرائی میں پہنچا سکتا ہے، جبکہ اس ڈیوائس کی کولر سیٹنگ بھی ڈیوائس کے لئے کافی گرم ہوتی ہے۔
اس کی جگہ کمپریسڈ ہوا کے کسی کین کو استعمال کریں جو مارکیٹ میں آسانی سے مل جاتا ہے، اگر اس کا حصول ممکن نہ ہو تو چھوٹے ویکیوم کلینر سے بھی نمی کو فون سے کھینچنا ممکن ہوسکتا ہے۔
تاہم اس کو استعمال کرتے ہوئے یہ احتیاط کریں کہ وہ فون کے بہت قریب نہ ہو۔
4- سورج میں خشک کریں
اگر فون پانی میں زیادہ دیر نہیں رہا تو سورج کی روشنی بھی اس کا علاج ثابت ہوسکتی ہے۔
فون کی بیٹری نکال کر ایک خشک برتن میں اسے رکھ کر سورج کی روشنی میں رکھ دیں، تاہم 20 منٹ سے زیادہ وقت تک نہ چھوڑیں، کیونکہ ڈیوائس اوور ہیٹ بھی ہوسکتی ہے۔
5- کچن میں موجود اس چیز سے مدد لیں
موبائل اچانک پانی میں گر جائے اور کمپریسڈ ہوا یا ویکیوم موقع پر دستیاب نہ ہوں تو فون میں سے نمی کو نکالنے کے لئے اسے اور بیٹری کو الگ الگ کچے سفید چاولوں سے بھرے کسی برتن میں ڈبو دیں۔
سلیکا جیل بھی اس میں مدد دے سکتا ہے اگر وہ آپ کے پاس مناسب مقدار یں موجود ہو تو۔
چاول ہو یا سلیکا جیل دونوں میں ڈیوائس کو رات بھر کے لئے چھوڑ دیں یا زیادہ سے زیادہ وقت دیں تاکہ وہ جادو جیسا اثر دکھا سکیں۔