سندھ حکومت نے آئی جی تبدیل کرنے کا فیصلہ لیتے ہوئے وفاق کو نئے آئی جی کے لئے پانچ نام ارسال کر دیئے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی کراچی کے مقامی ہوٹل میں کمیشن برائے خواتین حکومت سندھ کی جانب سے منعقدہ تقریب سے گفتگو۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سندھ حکومت نے آئی جی سندھ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، تاہم اس سلسلے میں وفاق کو درخواست دی گئی جس پر وفاق نے آئی جی کے لئے ناموں کی فہرست طلب کی، سندھ حکومت نے وفاق کو 5 نئے نام ارسال کر دیئے ہیں۔
وزیراعلیِ سندھ نے امید ظاہر کی ہے کہ انہیں پانچ میں سے کوئی ایک انسپکٹر جنرل مقرر کر کے سندھ میں تعینات کیا جائے گا، تاہم مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں نام ظاہر نہیں کئے۔
واضح رہے کہ اس وقت سندھ میں تعینات آئی جی مشتاق احمد مہر کو مارچ 2020 میں ہی سابق آئی جی کلیم امام کی جگہ تبدیل کر کے آئی جی کے عہدے پر فائز کیا گیا تھا، البتہ دیگر آئی جیز کی طرح آئی جی سندھ مشتاق مہر بھی تنازعات سے دو چار ہوتے رہے جس کے بعد آخر کار انہیں بھی عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔