سابق صدر آصف علی زرداری کی دختر بختاور بھٹو زرداری نے منگنی کے موقع پر ندا ازویر کی جانب سے تیار کردہ خصوصی لباس زیب تن کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق منگنی کے موقع پر بختاور بھٹو نے جو چادر اوڑھ رکھی تھی وہ بھی ندا ازویر کی جانب سے ڈیزائن کی گئی تھی، مذکورہ چادر پر ہاتھ کی کڑھائی سے مغلیہ طرز کی نقش و نگاری کی گئی تھی۔
تیار کئے گئے خصوصی جوڑے کے ایک پلّو پر بختاور بھٹو کا ماضی نقش کیا گیا تھا، جس میں ان کے والدین کی شادی کا دن، بختاور کا بہن و بھائیوں کے ساتھ ہنسنا کھیلنا اور ان کی نانی کی تصویر سمیت بختاور کا بچپن نقش کیا گیا تھا۔
جبکہ چادر کے دوسرے پلّو پر بختاور بھٹو کی موجودہ زندگی اور ان کے مستقبل کی کہانی نقش و نگار کے ذریعے بیان کی گئی تھی کہ ان کی اپنے منگیتر سے کس طر ملاقات ہوئی، انہوں نے بختاور بھٹو کو کیسے منگنی کے لئے راضی کیا، ان کا گھر، ان کا باغ اور ان کے پالتو کتے بھی دوسرے حصے میں نقش کیے گئے تھے۔
بختاور کی شال کے درمیانی حصے میں سورج اور آسمان بنے ہوئے تھے۔