کراچی والوں کا کوئی پُرسانِ حال نہیں، نارتھ کراچی سیکٹر 3 میں کچرا، گندگی اور بدبو علاقہ مکینوں کا مقدر، نمازِ جنازہ ادا کرنا بھی محال ہو گیا

image

سندھ حکومت اور وفاقی حکومت غفلت کی نیند سوئی ہوئی ہے، شہرِ قائد کے دیگر علاقوں کی طرح نارتھ کراچی بھی بدحالی کا شکار۔

تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی سیکٹر 3 کی گلیاں گٹر کے پانی سے تالاب کا منظر پیش کرنی لگیں ہیں، مسجد ہو یا پارک گلی گلی گندگی کا ڈھیر لگا ہے، کچرے اور گندگی سے اُٹھنے والے تعفن سے شہری پریشان ہوگئے ہیں، نارتھ کراچی سیکٹر 3 میں مسجد خضراء اور بزرگان سیکٹر 3 پارک میں گزشتہ بارشوں کے دوران بارش کے پانی کے ساتھ آیا کچرا تاحال موجود ہے، کچرے اور گندگی سے پھیلنے والی بدبو کے باعث بچے اور بوڑھے بھی اب اس پارک کا رُخ نہیں کر سکتے تاہم انتظامیہ اب تک علاقے کو صاف نہ کروا سکی۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ نارتھ کراچی سیکٹر 3 میں مسجد خضراء کے سامنے نمازِ جنازہ ادا کی جاتی ہے مگر اس گلی میں اُبلتے گٹر کا پانی بھرا رہنے کے باعث علاقہ مکین اب یہاں نمازِ جنازہ بھی ادا نہیں کر پا رہے ہیں۔

سالوں سے سندھ کا اقتدار سنبھالتی سندھ حکومت ملک گیر جلسے جلوسوں میں اس قدر مصروف ہے کہ کراچی کا نظام سنبھالنے سے قاصر ہوگئی ہے، سندھ حکومت تو غفلت کی نیند سے بیدار نہیں ہو سکی البتہ وفاقی حکومت بھی کراچی پر سے اپنی توجہ ہٹائے ہوئے ہے، پی ٹی آئی حکومت نے پاکستان کی تقدیر بدلنے کے وعدے تو کئے مگر اب تک پاکستان کے تجارتی حب کی صورتحال نہ بدل سکی ہے۔

نارتھ کراچی سیکٹر 3 کے علاوہ دیگر علاقوں کے علاقہ مکینوں کی بار بار یاد دہانی کے بعد بھی ضلعی انتظامیہ حرکت میں نہیں آئی، اختیارات کا رونا روتی کے ایم سی انتظامیہ نے کراچی کو اُس کے حال ہر چھوڑ دیا ہے۔

واضح رہے کہ صرف نارتھ کراچی ہی نہیں بلکہ کراچی کے متعدد علاقے کچرا کنڈی اور گندگی کا ڈھیر بنے ہوئے ہیں، سندھ حکومت سمیت پی ٹی آئی بھی روشنیوں کے شہر کی خوبصورتی کو تاحال بحال نہیں کر سکی، کراچی کی بگڑتی صورتحال کو دیکھ کر لگتا ہے کہ اس کا کوئی سر پرست نہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US