بھارت کی جانب سے فالس فلیگ آپریشن کی تیاریاں جاری، بھارت کی امن کو تباہ کرنے کی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے پاک فوج کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی میڈیا اور اداروں کی تنقید سے تنگ آکر بھارت نے توجہ ہٹانے کے لئے نیا ہتھکنڈہ اپنا لیا، بھارت فالس فلیگ آپریشن کی تیاریوں میں مصروف ہو گیا، ذرائع کے مطابق مودی سرکار اندورنی اور بیرونی دباؤ کا شکار ہے جس کی وجہ سے بھارت خطے کے امن کو تباہ کرنے کے لئے ایک بار پھر سرگرم ہو گیا ہے۔
لداخ اور دو کلم میں ہزیمت اٹھانے کے بعد ہندوستان پر اندورنی و بیرونی دباؤ مزید بڑھ جانے کی وجہ سے بھارت پلوامہ ڈرامہ کی طرز پر لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر کسی عمل کو انجام دینے میں مصروف ہے، جس کی خبر ملتے ہی پاک افواج کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم، خالصتان تحریک کو روکنے اور بھارتی کسانوں کے ساتھ کئے جانے والے ناروا سلوک پر عالمی میڈیا اور اداروں کی تنقید سے بچنے کے لئے بھارت نے اقدامات کرنے شروع کردیئے ہیں جس کو خطے کا امن خراب کرنے کی سازش قرار دیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا بھی اب مودی سرکار کے مظالم کے خلاف آواز اُٹھانے لگا ہے، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہندوستانیوں سے حقائق مت چھپاؤ، بھارت نے کارگل سے حاصل سبق کو بھلا دیا ہے، ساتھ ہی بھارتی میڈیا یہ بھی انکشاف کر رہا ہے کہ بھارت نے کارگل میں حقائق چھپائے تھے۔