پی ڈی ایم جلسہ روکنے کے لئے حکومت اِن ایکشن، لاہور پولیس نے جلسے سے قبل ڈی جے بٹ کو گرفتار کر لیا، مقدمہ بھی درج۔
تفصیلات کے مطابق مینارِ پاکستان گراؤنڈ میں ساؤنڈ سسٹم فراہم کرنے والے ڈی جے بٹ کو لاہور پولیس نے گرفتار کر لیا ہے، پولیس نے ڈی جے کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا، مقدمہ ناجائز اسلحہ رکھنے اور ساتھ ہی پولیس سے اُلجھنے کے الزام میں درج کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ حکومت کے شر سے اب وہ لوگ بھی محفوظ نہیں رہے جنہوں نے کبھی حکومت پر احسانات بھی کئے ہیں، عظمیٰ بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کا مقابلہ بہت سے لوگوں سے ہے، مگر نیازی حکومت کا مقابلہ ٹینٹ سروس فراہم کرنے والوں اور ڈی جے بٹ سے ہے، مسلم لیگ ن کی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ایک چھوٹا آدمی اپنی چھوٹی ذہنیت ہی دکھائے گا۔
عظمیٰ بخاری نے یہ واضح کیا کہ حکومت چاہے جو کچھ بھی کر لے مسلم لیگ ن کے پاس متبادل انتظام موجود ہے، موٹر سائیکل ریلی بھی ضرور نکلے گی موسم ہمارے لئے رکاوٹ نہیں ہے۔
یاد رہے کہ ساؤنڈ سسٹم وینڈر ڈی جی بٹ کو جلسے سے قبل ماڈل ٹاؤن لاہور سے ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا۔