اسلام آباد بڑی تباہی سے بچ گیا، تین خطرناک دہشت گرد گرفتار۔
تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی فورس (سی ٹی ڈی ) نے راولپنڈی میں کارروائی کرتے ہوئے تین خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے، انسداد دہشت گردی فورس نے خفیہ اطلاعات ملنے پر کارروائی کی جس کے نتیجے میں دھماکوں میں ملوث دہشت گرد گرفتار ہوئے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق تینوں دہشت گرد راولپنڈی میں گزشتہ حملوں میں ہونے والے چار بم دھماکوں میں ملوث تھے جبکہ تینوں دہشت گرد پیر ودھائی بم دھماکے میں بھی ملوث تھے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گرد اسلام آباد اسٹاک ایکس چینج پر دھماکے کا منصوبہ بنا رہے تھے تاہم انہیں بروقت کارروائی کر کے گرفتار کر لیا گیا۔
اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج میں دھماکے کا منصوبہ بنانے والے دہشت گردوں نے افغانستان میں اپنے رابطوں کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ وہاں ایک کالعدم تنظیم نے انہیں مالی معاونت فراہم کی تھی، سی ٹی ڈی نے گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکا خیز مواد بھی برآمد کر لیا ہے۔