کراچی میں سردی نے ڈیرے ڈال لئے، صبح سویرے درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ، اسلام آباد موٹر وے پر شدید دھند، بلوچستان میں بھی پارہ لہو جمانے لگا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں یخ بستہ ہواؤں نے سردی کی شدّت میں اضافہ کر دیا، محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں صبح 6 بجے درجۂ حرارت 7 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شہر کا موجودہ درجۂ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
پنجاب میں بھی دھند کا راج ہے، شدید دھند کے باعث اسلام آباد لاہور موٹر وے ایم ٹو سے ہر قسم کی ٹریفک کی روانی بند کر دی گئی ہے، ترجمان موٹر وے کے مطابق اسلام آباد قومی شاہراہ پر بھی شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ صفر ہے، جبکہ چھانگا مانگا، کنگن پور اور کھڈیاں میں بھی شدید دھند چھائی ہوئی ہے، لاہور سمیت مختلف مقامات پر دھند کے باعث حدِ نگاہ کم ہوجانے کی وجہ سے پیش آنے والے حادثات سے محفوظ رہنے کے لیے موٹر ویز بند کر دئے گئے ہیں، موٹر وے ایم تھری فیض پور انٹر چینج سے جڑانوالہ تک، موٹر وے ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے شیخو پورہ تک بند ہے۔
دوسری جانب بلوچستان میں بھی سردی کی شدت بڑھ گئی ہے، چقلات میں درجہ حرارت منفی 11 اور کوئٹہ میں منفی 10 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا ہے، کوئٹہ میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی مختلف علاقوں میں گیس کا پریشر غائب ہو گیا جس کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
پاکستان کے بالائی علاقے بھی برف کی سفید چادر اوڑھے خوبصورت منظر پیش کر رہے ہیں، بالائی علاقوں میں برف باری کے باعث کئی رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں، زمینی اور ٹیلی فونک رابطے بھی منقطع ہو گئے جبکہ نانگا پربت ٹاپ پر 15 فٹ سے زیادہ برف پڑچکی ہے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد میں درجہ حرارت 1 ڈگری، لاہور میں 4، کراچی میں 12 اور پشاور میں 3 ڈگری جبکہ کوئٹہ میں منفی 10 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔