پیٹرول کے بعد اب بجلی کی باری، عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کی تیاری، وزیر اعظم نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دیدی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بالآخر گزشتہ 10ماہ سے تعطل کا شکار آئی ایم ایف پروگرام کا دوبارہ آغاز کرنے کے لئے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی، جس کے بعد 10ماہ سے تعطل کا شکار عالمی مالیاتی فنڈ کے 6 ارب ڈالر قرض پروگرام کو دوبارہ شروع کیا جائے گا، وزیر اعظم عمران خان کی بجلی کے نرخوں میں نئے اضافے کی منظوری کے بعد بجلی کے نرخوں میں 25 فیصد یعنی 3 روپے 34 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کیا جا چکا ہے تاہم حتمی فیصلہ صرف یہ کرنا باقی ہے کہ یہ اضافہ ایک ساتھ کیا جائے یا بتدریج دو سہ ماہی میں کیا جائے، اس حوالے سے وزارت مالیات کے ترجمان اور خصوصی سیکریٹری مالیات کامران افضل کا کہنا ہے کہ اس وقت اس فیصلے کو عملی شکل دینے کے لئے جائزہ لیا جا رہا ہے تاہم کوئی حتمی بات کے بارے میں نہیں کہا جاسکتا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی جانب سے منظوری دیے جانے کے بعد حکومتی معاشی ٹیم نے قیمتوں میں اضافے کے طریقہ کار اور ایک کھرب 200 ارب کے قرضوں کو ختم کرنے سے متعلق مشاورت کا آغاز بھی کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ اس وقت بجلی کا بنیادی ٹیرف 13 روپے 35 پیسے فی یونٹ ہے جو بڑھ کر 16 روپے 69 پیسے ہوجائے گا، جو کہ عوام کے کندھوں پر مزید بوجھ ثابت ہو گا۔