اسد عمر بھی کورونا کا شکار، ٹیسٹ مثبت آگیا، مگر کورونا ٹیسٹ سے قبل اسد عمر کس کس سے ملے؟
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے چئیرمین اسد عمر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے تا کہ ان کی وجہ سے یہ وائرس دوسروں تک منتقل نہ ہو سکے۔
تاہم کورونا ٹیسٹ سے قبل اسد عمر نے گزشتہ روز عمران خان کی زیرِ صدارت ہونے والے معاشی ٹیم کے اجلاس میں شرکت کی تھی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء حماد اظہر، خسرو بختیار، ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، عبدلرزاق داؤد، عشرت حسین، گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر اور وقار مسعود بھی شریک تھے اور اجلاس میں ان تمام لوگوں سے اسد عمر کی گزشتہ روز ملاقات ہوئی تھی۔
اسد عمر نے گزشتہ دنوں اسد عمر سے ملاقات کرنے والے افراد کو احتیاط کرنے اور کورونا ایس او پیز پر عمل کرنے کی درخواست کی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر تیزی سے پھیل رہی ہے، ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 9 ہزار 250، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 54 ہزار 673 ہو گئی ہے۔