پاک ایران اور ترکی تجارت کے لئے ''ٹرین سروس'' چلانے کا فیصلہ، سروس کی بحالی کیلئے ابتدائی کام کا آغاز ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ترکی اور ایران کے ساتھ مل کر تینوں ممالک کے درمیان تجارت کو مزید مستحکم بنانے کے لئے ٹرین سروس آپریشنل کرنے پر اتفاق کر لیا ہے، یہ پاکستان کا خطے میں تجارتی روابط بڑھانے کیلئے انتہائی اہم فیصلہ ہے جس کے تحت پاکستان، ترکی اور ایران نے اسلام آباد سے تہران اور پھر استنبول تک ریل سروس بحال کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
زرائع کے مطابق تینوں ممالک کے مابین یہ معاہدہ طے پایا ہے کہ یہ ریل سروس اگلے سال سے باقاعدگی سے چلائی جائے گی تاہم اس ٹرین کے زریعے 45 دن کا سفر صرف 13 دن میں طے ہو سکےگا۔
تجارتی معاہدے کے حوالے سے معاملات کو انجام دینے کے لئے استنبول میں اکنامک تعاون تنظیم کا اہم اجلاس ہوا جس میں پاکستان، ایران اور ترکی کے ریلوے حکام نے شرکت کی، اس اجلاس میں تینوں ممالک کے نمائندگان نے ٹرین سروس سے متعلق اپنی رپورٹس پیش کیں اور اس سے متعلق مسائل اور مشکلات پر تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس میں یہ معاہدہ طے پایا کہ پاکستان ترکی اور ایران تجارتی روابط بڑھانے کیلئے اسلام آباد، تہران، استنبول کارگو ٹرین سروس اگلے برس سے بحال کر دی جائے گی۔