کراچی کے علاقے خیابان میں بدر میں قہوہ پلا کر ایک کروڑ روپے کی لوٹنے کی واردات میں ملوث 2 خواتین کی سی سی ٹی وی ویڈیو سے لی گئی تصاویر منظر عام پر آ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق کچھ روز قبل ڈیفنس کے علاقے خیابان بدر میں دو ماسیوں نے ایک فیملی کو نشہ آور قہوہ پلا کر گھر میں ایک کروڑ روپے سے زائد کی واردات کی تھی، تفتیشی پولیس نے سی سی ٹی وی کی مدد سے ان ماسیوں کی تلاش میں اپنی کارروائی تیز کردی ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج سے لی گئی تصاویر میں دونوں خواتین کو فرار ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، تفتیشی حکام کا کہنا تھا کہ ماسیوں نے اپنے چہرے چھپانے کے لیے چادروں کی مدد لی تھی تاکہ پہچان میں نہ آسکیں، اور دونوں خواتین نے انتہائی مہارت سے واردات کی تھی۔
ڈیفنس خیابان بدر میں رہائش پذیر فیملی کے ذرائع کا کہنا تھا کہ ملزمہ ثمینہ نے گھر میں موجود خواتین کو قہوے میں بے ہوشی کی دوا ملا کر دی تھی، اس کے بعد ملزمہ اپنی ساتھی ملزمہ سمیت کروڑ سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہوئی۔
ڈکیتی کی واردات میں ایک کلو سونا، 25 ہزار اماراتی درہم لوٹے گئے ، جبکہ چار لاکھ پاکستانی روپے اور دیگر قیمتی اشیاء بھی لوٹ کر فرار ہوگئیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ واردات کے بعد متاثرہ فیملی کو طبی امداد کے لیے اسپتال پہنچایا گیا، رپورٹ کے مطابق نشہ آور قہوہ پینے والے افراد کی طبیعت ٹھیک ہے۔