دبئی کے نرسنگ شعبے میں ملازمین کو بھرتی کرنے کا اعلان، خواہش مند افراد کے لیے ایک ای میل ایڈریس جاری۔
عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے محکمہ صحت نے نرسنگ کے شعبے میں ملازمین کوبھرتی کرنے کا اعلان کر دیا ہے، کامیاب امیدوار کو ماہانہ 8 ہزار درہم تنخواہ فراہم کی جائے گی۔
دبئی ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے ملازمت حاصل کرنے کے لئے چند شرائط بھی پیش کی گئی ہیں، تاہم اس حوالے سے ڈی ایچ اے کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی جانے والی پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ تین ماہ کے معاہدے پر ملازمت دی جائے گی جبکہ کارکردگی کی بنیاد پر معاہدے کو بڑھا بھی دیا جائے گا۔
دبئی ہیلتھ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کامیاب امیدوار کو دیگر مراعت سمیت ماہانہ 8 ہزار درہم تنخواہ دی جائے گی۔
واضح رہے کہ ملازمت کے خواہش مند افراد کے لیے ایک ای میل ایڈریس بھی جاری کیا گیا ہے جس پر وہ اپنی درخواستیں بھیج سکتے ہیں۔