بلوچستان کے ضلع دکی میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک تعمیراتی کمپنی کی مشینری کو نشانہ بناتے ہوئے دو روڈ رولرز کو آگ لگا دی، جس سے دونوں مشینیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ یارو شہر کراس کے قریب گرڈ اسٹیشن کے نزدیک پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے تعمیراتی کمپنی کی مشینری پر حملہ کیا اور کارروائی کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ دکی شہر سے تقریباً 15 کلومیٹر جنوب میں کوہلو روڈ پر پیش آیا، جبکہ جائے وقوعہ غڑواس پولیس اسٹیشن سے تقریباً تین کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور تحقیقات کا آغاز کردیا، جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ تعمیراتی کمپنی دکی سے چمالنگ تک 105 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔