رندھیر کپور نے ہمیشہ مجھے راجیو کی طبیعت ٹھیک بتائی اور اب۔۔۔ زیبا بختیار راجیو کپور کی اچانک موت پر افسردہ

image

فلم حنا سے بالی ووڈ میں انٹری دینے والی پاکستان کی معروف ترین اداکارہ زیبا بختیار نے اداکار رشی کپور کے چھوٹے بھائی راجیو کپور کی موت پر شدید دکھ کا اظہار کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں زیبا بختیار کا کہنا تھا کہ ''میں نے جب بھی رندھیر کپور سے راجیو کپور کی طبعیت کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے ہمیشہ مجھے ان کی طبعیت ٹھیک بتائی اور اب اچانک ان کی موت نے مجھے حیران کر دیا ہے''۔

اداکارہ نے کہا کہ ''راجیو کپور کی یوں اچانک موت کی خبر نے مجھے تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، میرے پاس اپنے جذبات بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں''۔

زیبا بختیار نے کہا کہ ''رندھیر کپور نے گزشتہ کچھ سالوں میں بہت غم برداشت کیے ہیں، پہلے اپنی ماں کو، پھر رشی کپور کو اور اب چھوٹے بھائی راجیو کپور کو کھو دیا''۔

ان کا کہنا تھا کہ ''ہم نے جو ایک ساتھ وقت گُزارا وہ تفریح اور ہنسی مذاق پر مبنی تھا، راجیو کے ساتھ میری تمام یادیں بےحد خوشگوار ہیں''۔

یاد رہے کہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رشی کپور کے چھوٹے بھائی راجیو کپور کی موت دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہوئی۔ راجیو کپور کی موت کی خبر اُن کی بھابھی اور رشی کپور کی اہلیہ نیتو کپور نے اپنے انسٹاگرام پیغام کے ذریعے دی۔

واضح رہے کہ راجیو کپور ایک اداکار ہونے کے ساتھ ہی پروڈیوسر اور ڈائریکٹر بھی تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US